کانگریس پر بھروسہ کرکے دھوکہ نہ کھائیں، میری پانچ سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے : رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی

کانگریس پر بھروسہ کرکے دھوکہ نہ کھائیں، میری پانچ سالہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے
رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کی بلدی حلقوں میں انتخابی مہم، روڈ شوز سے خطاب

وقارآباد/تانڈور: 24؍نومبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

رکن اسمبلی و بی آر ایس پارٹی امیدوار حلقہ اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہاہے کہ عوام کانگریس کےجھوٹے وعدوں اور ناقابل اعتبار گیارنٹی اسکیمات کے جھانسے میں نہ آئیں اور اس پر بھروسہ کرکے دھوکہ نہ کھائیں۔رکن اسمبلی نے اپنی انتخابی مہم کے دؤران تانڈورکے بلدی حلقہ جات 9،10،11،12،13،14،15،16،19،20،21،22،3،اور 4 میں کل روڈ شوزمنعقدکیے،عوام سےملاقات کی اورخواتین سے آشیرواد حاصل کیا۔

 

اس مہم کے دوران روڈ شوز سے خطاب کرتے ہوئے پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے دؤر حکومت میں حلقہ اسمبلی تانڈور انتہائی پسماندہ بنا دیا گیا تھا۔اس وقت کے کانگریسی وزراء، ارکان اسمبلی اور کانگریسی قائدین نے تانڈور کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا تھا۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی تشکیل کےبعد ہی بی آر ایس نے ترقی کے ساتھ ساتھ مشن بھاگیرتا،آسراء پنشن اسکیم، شادی مبارک، کلیانہ لکشمی کے علاوہ دیگر اسکیمات کے ذریعہ عوام بالخصوص غریب طبقات کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا۔

رکن اسمبلی تانڈور و بی آر ایس پارٹی امیدوار پائلٹ روہت ریڈی نے مذکورہ بلدی حلقہ جات میں اپنے روڈشوز میں شریک عوام کے اژدہام سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ تانڈور کی ترقی کے لیے میری پانچ سالہ خدمات روز رؤشن کی طرح عیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2018ء میں ان کی کامیابی کے بعد پارلیمانی انتخابات کا ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا تھا، پھر دو سال تک پوری دنیا کورونا وائرس سے متاثر رہی اس طرح تین سال تک تانڈور کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوئی تھی لیکن اس کے بعد حلقہ اسمبلی تانڈور کی ترقی کے لیے انہوں نے 1,600 کروڑ روپیوں کےفنڈس حاصل کرتے ہوئے تانڈور کا نقشہ بدل دیا۔

پائلٹ روہت ریڈی نے انہیں دوبارہ کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے اعلان کیاکہ وہ منتخب ہونےکے بعد تانڈورکی مزید مثالی ترقی کے لیے تمام اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کانگریس پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تانڈور اور یہاں کے عوامی مسائل سے ناواقف کانگریسی امیدوار عین انتخابات سے قبل تانڈور آئے ہیں جن پر بھروسہ کیا گیا تو تانڈور کی ترقی ٹھپ ہوجائےگی اور بی آر ایس حکومت کی تمام اسکیمات
سے محروم ہونا پڑے گا۔انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ 30 نومبر کو کار کے نشان پر مہر لگاکر کانگریس کو سبق سکھائیں اور انہیں دوبارہ کامیاب بناتے ہوئے تانڈور کی ترقی کو یقینی بنائیں۔

ان روڈ شوز اور انتخابی مہم میں صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،صدر تانڈور ٹاؤن بی آرایس ایم اے نعیم افو، کارگزار صدرسید زبیر لالہ، ارکان بلدیہ محمد مختار ناز،محمد آصف،وجیہ دیوی،شوبھارانی، پی اے بومبینا،سیدہ سلمیٰ فاطمہ،محمد اسلم، سرینواس ریڈی،صدر اردو گھر و شادی خانہ عبدالرزاق،سابق نائب صدرنشین بلدیہ ایم اے علیم، پارٹی قائدین نعیم خان،سید بشارت علی،ابرار لالہ،ایم اےسلیم کےعلاوہ دیگر شریک تھے۔