جواہر لال نہرو نے 15 اگست 1947ء کو لال قلعہ سے جو خطاب کیا تھا اس کی وجہ سے آج مہنگائی بڑھی اور معیشت بگڑی ہے

جواہر لال نہرو نے 15 اگست 1947ء کو لال قلعہ سے جو خطاب کیا تھا اس کی وجہ سے مہنگائی بڑھی ہے

ملک میں مہنگائی کے بڑھنے اور معیشت کے بگڑنے کا ذمہ دار نہرو خاندان 

مدھیہ پردیش کے بی جے پی وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن وشواس سارنگ نے کیا انکشاف!! 

بھوپال:یکم۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

ملک میں گزشتہ سات سال کے دؤران تمام اشیائے ضروریہ ،پٹرول،ڈیزل ، پکوان گیس کی قیمتوں نے 70 سالہ ریکارڈ توڑ کر رکھ دیا ہے۔

ماہرین معاشیات اس کو موجودہ این ڈی اے حکومت کے سربراہ وزیراعظم نریندر مودی کی غلط معاشی پالیسیوں ، 2016ء میں اچانک نصف شب سے نوٹ بندی ،نصف شب سے ملک میں جی ایس ٹی کا نفاذ اور کئی دیگر فیصلوں کو بڑھتی قیمتوں کی وجہ بتارہے ہیں۔

Cartoon Credit (English) : Commodity Trade Mantra

پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتیں ایک سال کے اندر آسمان چھونے لگی ہیں ،چاول ، دالیں ،خوردنی تیل کی قیمتیں گزشتہ سال کی بہ نسبت اب دوگنی سے بھی زیادہ ہوگئی ہیں، بلیک مارکٹرس اور کمپنیوں پر کوئی لگام نہیں کسی جارہی ہے۔

دوسری جانب گودی میڈیا کے اینکر روز رات 9 بجتے ہی ٹی وی اسکرین پر مخصوص چہروں کی 8 تا 10 کھڑکیاں کھول کر اور محفلیں سجاکر پرائم ٹائم میں اپنے گلے پھاڑ پھاڑ کر پوچھ رہے ہوتے ہیں کہ پاکستان میں چکن ، انڈہ اور آٹے کی قیمت اتنی زیادہ کیوں ہوگئی ہے؟

شاید اسی کو چراغ تلے اندھیرا کہا جاتا ہے کہ اپنے ملک کے عوام مہنگائی کی چکّی میں پِس رہے ہیں اورانہیں پڑوسی ملک کے عوام کی فکر لاحق ہے!

فلم اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کی جانب سے بلیو فلموں کی تیاری میں کون کون شامل ہے؟

کیرالا میں بقرعید کے موقع پر لاک ڈاؤن میں نرمی کیوں کی گئی؟جس کی وجہ سے کیرالا میں کوویڈ کے کیس بڑھ رہے ہیں!!

اب اگر یہ دوسری ریاستوں میں پھیل گئے تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟

آسان سی بات ہے نشانہ پھر ایک بار مسلمانوں کی طرف ہے! کیونکہ دنیا سمیت یہ خود جانتے ہیں کہ نہرو اور مسلمان ان کی روٹی روزی کمانے اور پرتعیش زندگی گزارنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں! اس لیے ہر معاملہ کے ذمہ دار نہرو اور مسلمان!

مدھیہ پردیش کے وزیر میڈیکل ایجوکیشن وشواس سارنگ ملک میں بڑھتی مہنگائی اور گھٹتی معیشت کے متعلق انکشاف کرتے ہوئے۔
(ویڈیو : بشکریہ:انسٹاگرام Video Credit: Instagram ) (ویڈیو : 29 سیکنڈ)

اس معاملہ میں مدھیہ پردیش کے وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن وشواس سارنگ نے تو پریس کانفرنس میں ان تمام گودی میڈیا کو چت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی اور ملک کی کمزور معیشت کے اصل ذمہ دار اس ملک کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہروہیں۔

مدھیہ پردیش کے وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن وشواس سارنگ نے دو قدم آگے بڑھتے ہوئے کہا کہ جواہر لال نہرو نے 15 اگست 1947ء کو لال قلعہ کی فصیل سے جوخطاب کیا تھا اس خطاب کی غلطی کی وجہ سے ملک کی معیشت بگڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی ایک دو دن میں نہیں بڑھتی اور ملک میں آزادی کے بعد سے بڑھتی مہنگائی اور معیشت کی تباہی کے ذمہ داری اگر کسی پر عائد ہوتی ہے تو وہ نہرو خاندان پر عائد ہوتی ہے۔ وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن مدھیہ پردیش +وشواس سارنگ نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی گزشتہ سات سال سے ملک کی معیشت کو سدھارنے اور مہنگائی کو کم کرنے میں مصروف ہیں۔

وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن مدھیہ پردیش وشواس سارنگ

وزیر موصوف نے یہ حیرت انگیز انکشاف بھی کیا کہ جہاں مہنگائی بڑھ رہی ہے وہیں عوام کی آمدنی میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

اس سلسلہ میں مدھیہ پردیش کانگریس کے ترجمان کے کے مشرا نے کہا کہ وشواس سارنگ مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی سرکس کے ایک اہل وزیر ہیں جو کہ موجودہ مہنگائی کو جواہر لال نہرو کی 1947ء کی تقریر سے جوڑ رہے ہیں۔جبکہ وہ اس وقت پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔

کانگریس کے ترجمان کے کے شرما نے سوال کیا کہ کیا میڈیکل منسٹر کی حیثیت سے وشواس سارنگ یہ کہیں گے کہ حالیہ کوویڈ وباء کے دؤران بستروں کی کمی، آکسیجن اور ریمیڈیسیور کی قلت سے مرنے والے ہزاروں افراد کی اموات کے ذمہ دار بھی جواہر لال نہرو ہی ہیں؟

مدھیہ پردیش کانگریس کے ایک اور ترجمان نریندرا سلوجہ نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کی وزارت عجیب لوگوں سے بھری ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ریاستی وزیر بجلی کی مرمت کے لیے برقی کھمبے پر چڑھ جاتے ہیں،ایک وزیر کا کہنا ہوتا ہے کہ ایک جوڑے کو کتنے بچے ہونے چاہئے؟ جبکہ ایک وزیر اپنے ساتھ سیلفی لینے والوں کے لیے فیس طئے کرتی ہیں! اور اب ایک وزیر بڑھتی مہنگائی کو جواہر لال نہرو کی 1947ء میں کی گئی تقریر کی وجہ قرار دیتے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ پھر کیوں بی جے پی اپنی انتخابی مہم میں وعدہ کیا تھا کہ مہنگائی کم کی جائے گی؟

بہرحال جو بھی ہو مدھیہ پردیش کے وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن وشواس سارنگ کی جانب سے پریس کانفرنس میں کہی گئیں یہ باتیں ، جواہر لال نہرو اور نہرو خاندان کے خلاف عائد کردہ الزامات پر مشتمل ویڈیو سوشل میڈیا کے ٹوئٹر ، فیس بک ، انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمس پر خوب وائرل ہوا ہے۔جس پر الگ الگ قسم کی بحث چل پڑی ہے اور اس ویڈیو پر مزاحیہ انداز میں کمنٹس بھی کیے جارہے ہیں!