کرناٹک میں نائٹ کرفیو برخاست
تمام تعلیمی ادارے کھول دینے کا فیصلہ
بنگلورو: 29۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
حکومت کرناٹک نے 31 جنوری بروز پیر سے ریاست میں نافذ نائٹ کرفیو برخاست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اور ساتھ ہی اسی دن سے ریاست میں تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھول دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ریاست میں کوویڈ وبا کے قابو میں آنے اور متاثرین کے شرح تناسب 2 فیصد اور صحتیابی کی شرح بہتر ہونے کے بعد حکومت کرناٹک نے یہ فیصلہ کیا ہے۔

چیف منسٹر بسواراج بومائی کی صدارت میں ریاست میں کوویڈ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے بعد وزیرتعلیم کرناٹک سی۔ناگیش نے میڈیا کو بتایا کہ تمام کوویڈ پروٹوکال پرسختی کے ساتھ عمل آوری کرتے ہوئے ریاست میں تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی ادارے کھول دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ساتھ ہی نظرثانی شدہ رہنمایانہ خطوط کے ایک حصہ کے طور پر سرکاری دفاتر میں 50 فیصد کے بجائے پیر سے صد فیصد حاضری کے ساتھ دفاتر کام کریں گے۔
وہیں ہوٹلوں،ریستوراں،کلبوں،پبوں اور باروں کو بھی صد فیصد گاہکوں کے ساتھ خدمات کی اجازت دی گئی ہے جو کہ اب تک 50 فیصد کے ساتھ کام کر رہے تھے۔تاہم 50 فیصد کے لزوم کے ساتھ سینما تھیٹرس،آڈیٹوریم اور ملٹی پلیکس پر پابندی جاری رہے گی۔جم اور سوئمنگ پولس بھی 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔
میٹرو ریل اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ مسافرین کے بیٹھنے کی گنجائش کے مطابق چلیں گی۔اندرونی تقاریب میں 200 افراد اور بیرونی تقاریب میں 300 افراد کو شرکت اجازت ہوگی۔وہیں مذہبی مقامات 50 فیصد کی گنجائش تک کھولے جاسکتے ہیں۔تاہم سماجی،مذہبی اور سیاسی ریلیوں،دھرنوں،کنونشنوں اور احتجاج کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
کوویڈ کے رہنمایانہ خطوط میں کہا گیا ہے کہ خانگی ہسپتالوں میں 25 فیصد بستر کوویڈ کے مریضوں کے لیے مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ غیر کووییڈ مریضوں کے لیے مناسب علاج کو یقینی بنایا جائے۔اس دؤران کرناٹک سے ملحق مہاراشٹرا،گوا اور کیرالہ کی سرحدوں پر سخت نگرانی جاری رہے گی۔
ریاست کرناٹک میں کل جمعہ کو 31,198 نئے کوویڈ کیس ریکارڈ ہوئے ہیں جو کہ جمعرات کے مقابلے میں تقریباً 7000 کم ہیں۔ان میں بنگلورو میں ریکارڈ شدہ 15,199 کوویڈ پازیٹیو کیس بھی شامل ہیں۔


