تلنگانہ میں یکم فروری سے تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دئیے جائیں گے، حکومت کے احکام جاری

تلنگانہ میں یکم فروری سے تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دئیے جائیں گے
حکومت کے احکام جاری،کوویڈ قواعد پرسختی کے ساتھ عمل لازمی

حیدرآباد: 29۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

حکومت تلنگانہ نے ریاست میں یکم فروری بروز منگل سے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھول دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے آج اعلان کیا ہے کہ حکومت نے ریاست میں تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں اور کالجوں کو دوبارہ کھول دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سلسلہ میں سیکریٹری حکومت تلنگانہ مسٹر سندیپ کمار سلطانیہ نے آج 29 جنوری کو Memo No.5536 جاری کردیا ہے جس کے تحت ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کا یکم فروری سے آغاز عمل میں لایا جائے گا۔


یاد رہے کہ ریاست میں بڑھتے کورونا وبا کے معاملات کے پیش نظر چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے 3 جنوری کو محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں کو ہدایت جاری کی تھی کہ 8 جنوری تا 16 جنوری ریاست کے تمام تعلیمی اداروں کے لیے تعطیلات کا اعلان کیا جائے جبکہ  ریاست میں 11 جنوری تا 16 جنوری تلسنکرانتی کی تعطیلات کا تعلیمی کیلنڈر میں پہلے ہی اعلان کیا گیا تھا۔

اس طرح بروز پیر 17 جنوری سے ریاست میں تعلیمی اداروں کا دوبارہ آغاز ہونا تھا لیکن ریاست میں کوروناوائرس اور اومیکرون متاثرین کی تعداد میں اضافہ اور کوروناوائرس کی تیسری لہر کے امکانات کے دؤران ریاستی محکمہ صحت کے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد حکومت نے 16 جنوری کو اعلان کیا تھا کہ ریاست میں تعلیمی ادارے 30 جنوری تک بند ہی رکھے جائیں گے۔

اب یکم فروری سے تمام کوویڈ قواعد پر لازمی طور پر عمل کرتے ہوئے ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کی دوبارہ کشادگی کا حکومت نے فیصلہ کرتے ہوئے احکام جاری کردئیے ہیں۔

ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتااندراریڈی نے ہدایت دی ہے کہ تعلیمی اداروں کے آغاز کے ساتھ ہی اسکولوں اور کالجوں کے انتظامیہ اور ٹیچرس کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ کوویڈ قواعد پر سختی کے ساتھ عمل کو لازمی بنائیں اور اہل طلبہ کو کوویڈ ویکسین کے عمل میں تیزی لائی جائے۔ساتھ ہی وزیرتعلیم نے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ کوویڈ قواعد پر لازمی طور پرعمل کریں۔