کرناٹک میں جمعہ کی رات سے پیر کی صبح تک ہفتہ واری کرفیو کا اعلان
جمعرات 6 جنوری سے ریاست میں تمام تعلیمی ادارے بند،مختلف پابندیاں
بنگلورو: 04۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
کورونا وائرس اور اومی کرون کے بڑھتے معاملات اور خدشات کے پیش نظر حکومت کرناٹک نے ریاست میں ہفتہ واری کرفیو کے نفاذ کا آج اعلان کیا ہے۔
اب ہر جمعہ کی رات 10بجے سے پیر کی صبح 5 بجے تک ریاست میں کرفیو نافذ رہے گا۔
بشمول دسویں جماعت، 11 ویں اور 12 جماعت ریاست کے تمام اسکولوں اور کالجوں کے لیے جمعرات 6 جنوری سے تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جبکہ میڈیکل اور پیرا میڈا کالجس میں حسب معمول تعلیم جاری رہے گی۔ وہیں تمام دفاتر میں پیر تا جمعہ کام کاج ہوگا۔
ریاست کرناٹک میں 28 دسمبر سے رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذالعمل ہے جس میں مزید دو ہفتوں کی توسیع کی گئی ہے۔
وہیں کئی سخت پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔ہوٹلوں،بارس،سینما تھیٹرس،سیلونس،اسپا اور جمس میں 50 فیصدی کا لزوم عائد کیا گیا ہے شادیوں میں 100 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔احتجاج، ریلیوں اور تمام اجتماعات پر پابندی عائد رہے گی۔
ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ اس ہفتہ واری کرفیو کے دوران تمام ضروری خدمات بشمول پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم اور ہوٹل بغیر کسی رکاوٹ کے کام کریں گے۔
وزیر مال کرناٹک مسٹر آر۔اشوک نے میڈیا کو بتایا کہ بتایا کہ ریاست میں اومیکرون پانچ گنا رفتار سے بڑھ رہا ہے۔مختلف قسم کے 147 نئے کیسز آج رپورٹ ہوئے ہیں اور ریاست میں کورونا وائرس کے معاملات پہلے کے مقابلے میں دو گنا تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ریاست میں ان معاملات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے شند رہنمایانہ اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ریاست کے نئے کورونا کیسوں میں سے 85 فیصد متاثرین کا تعلق بنگلورو سے ہے۔انہوں نے کہا کہ دوہفتوں تک اسکولس بند رہیں گے۔

