نفرت انگیز پوسٹ کرنے والے”این آر آئیز”کے پاسپورٹ منسوخ کرتے ہوئے
مقدمات درج اور لُک آؤٹ نوٹس جاری کیے جائیں گے
سزاؤں کو یقینی بنانے سائبر کرائم کی تفتیش تیز کی جائے گی،کوویڈقواعد کا سختی سے نفاذ
کمشنرسٹی پولیس حیدرآباد سی وی آنند کی ویڈیو کانفرنس،عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد: 04۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
کمشنرسٹی پولیس حیدرآباد مسٹر سی وی آنند آئی پی ایس نے گزشتہ ہفتہ اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد آج اپنی پہلی ویڈیو کانفرنس میں پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پوسٹ کرنے اور عوام کو مختلف طریقوں سے ہراساں کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کریں۔
کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر سی وی آنند آئی پی ایس نے ہدایت دی کہ کسی کی بھی تصاویر کو مورف(جوڑ توڑ) کرکے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر توہین آمیز،اشتعال اور نفرت انگیز تبصروں،پوسٹنگ،فارورڈنگ کے ساتھ ساتھ افواہوں کو پھیلاکر خوفزدہ و ہراساں کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔
کمشنر سٹی پولیس حیدرآباد مسٹر سی وی آنند نے (این آر آئیز ) غیرمقیم ہندوستانیوں کی جانب سے سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر نفرت انگیز اور تضحیک آمیز پوسٹس کیے جانے کی مثالیں دیتے ہوئے انہیں انتباہ دیا ہے کہ ان کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کرنے کے علاوہ مقدمات درج کیے جائیں گے۔کمشنر پولیس نے متنبہ کیا کہ ایسے این آر آئیز کے پاسپورٹ ضبط کر لیے جائیں گے اور قانونی دفعات کے مطابق ان کے ویزا بھی منسوخ کر دئیے جائیں گے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جعلی Fake News# پھیلانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کے علاوہ ان مقدمات کی فوری یکسوئی اور سزاؤں کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔
اپنی اس ویڈیو کانفرنس جس میں پولیس کے تمام شعبہ جات میں خدمات انجام دینے والے پولیس عہدیداروں،اسٹیشن ہاؤز آفیسرز(ایس ایچ اوز)،اے سی پیز، ڈی سی پیز،جوائنٹ سی پیز، ڈی ایس چوہان آئی پی ایس ایڈیشنل کمشر(لا اینڈ آرڈر) اور دیگر شریک تھے کو کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر سی وی آنند نے ہدایت دی کہ سائبر کرائم کے معاملے میں احتیاطی تدابیر اور چوکسی اختیار کی جائے۔
کمشنر پولیس نے مختلف ہدایات دیتے ہوئے سائبر کرائم کی تیز رفتار تحقیقات کے لیے تجاویز بھی دیں۔کمشنر پولیس نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ انہیں مختلف شعبہ جات کی جانب سے بلا ناغہ مجرموں اور ان کی مجرمانہ سرگرمیوں سے متعلق رپورٹ فراہم کی جاتی رہے۔انہوں نے ہدایت دی کہ پولیس عہدیدار ایسے مجرموں کی نشاندہی کریں جو بار بار ایک ہی جرم کا ارتکاب کر رہے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کریں اور انہیں جرائم میں ملوث ہونے سے روکیں۔اس سے دوسروں کو روکنے میں مدد ملے گی جو جرم کرنے کی طرف مائل ہورہےہیں۔
اگر کسی کیس میں کوئی شکوک و شبہات ہوں تو قانونی مشیر فوری طور پر تجاویز دیں اور مقدمات کو تیزی سے حل کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹرائل میں تیزی لائی جائے اور مجرموں کو سزا دلوائی جائے۔
کمشنر پولیس نے اپنے ماتحت پولیس عہدیداروں سے اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر پولیس عہدیدار کو اپنے طور پر ضروری اقدامات کرنے کی عادت ڈال لینے چاہئے، کمشنرپولیس نے ان سے کہا کہ وہ ہنگامی حالات اور انتہائی اہم واقعات کے دؤران اعلیٰ عہدیداروں کے احکامات کا انتظار نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ثبوت اکٹھا کرنے کے لیے ضروری تکنیکی مدد لیں۔
کمشنر سٹی پولیس حیدرآباد مسٹر سی وی آنند آئی پی ایس نے ان پولیس عہدیداروں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے پولیس اسٹیشن کے حدود میں رہنے والے عوام کے ساتھ مکمل انصاف کرنے کے لیے کام کریں اور کسی کے ساتھ ناانصافی سے کام نہ لیں اور پولیس عہدیدار عوام کی توقعات پر اسی پر کھرے اتریں جیسے کہ عوام ان سے توقع کرتے ہیں۔
کورونا وائرس پر کمشنر پولیس حیدرآباد نے ہدایت دی کہ کوویڈ-19 کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر یہ لازمی اور اہم ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او اور احکامات کو حیدرآباد میں سختی کے ساتھ نافذ کریں،عوامی جلسوں،کانفرنسوں یا ریلیوں پر پابندی عائد کریں۔کمشنر پولیس نے کہا کہ بالخصوص مذہبی مقامات پر اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ وہاں عوام کا ہجوم نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پولیس کو مزید چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ہدایت دی کہ متعلقہ پولیس اسٹیشنوں میں مذہبی شخصیتوں اور ذمہ داران سے بھی بات کرتے ہوئے انہیں حکومت کی جانب سے کوویڈ قواعد و ضوابط کے متعلق جاری کردہ جی او کی تفصیلات سے واقف کروائیں۔
۔۔۔٭٭ ۔۔۔۔
انتباہ : بناء اجازت ویب سائٹ سے خبریں اُڑانے والوں کو مشورہ ہے کہ کاپی پیسٹ سے باز رہیں۔ کاپی پیسٹ کرکے اپنی نا اہلی کا ثبوت نہ دیں۔ورنہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنے تیار رہیں۔ اردو اور اردو صحافت کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ کام کرنے والے یوٹیوبرس اور اخبارات اس ویب سائٹ سے خبریں اور مضامین لے سکتے ہیں۔
