تلنگانہ:اضلاع وقارآباد اور سنگاریڈی کے چند دیہاتوں میں زلزلہ کے ہلکے جھٹکے
حیدرآباد:05۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ کے اضلاع سنگاریڈی اور وقارآباد کے چند دیہاتوں میں آج دوپہر زلزلہ کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ضلع سنگاریڈی کے کوہیر منڈل کے منیارپلی،بلال پور،گوٹی گار پلی اور وقارآباد ضلع کے مرپلی منڈل کے دماستا پور اور بچن پلی میں چند سیکنڈ کے لیے زلزلہ کے خفیف جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔مقامی عوام کے مطابق آج دوپہر ساڑھے بارہ بجے زمین سے آواز کے ساتھ زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے
یہ تمام سنگاریڈی اور وقارآباد ضلع کے سرحدی دیہات ہیں۔
ان زلزلہ کے جھٹکوں کے ساتھ ہی خوف و ہراس کا شکار عوام اپنے مکانات سے باہر نکل آئے۔کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ان زلزلہ کے جھٹکوں کے بعد سے عوام خوف اور اندیشات میں مبتلا ہیں۔
تاہم ان زلزلوں کے جھٹکوں کی سرکاری طور پر اور نیشنل سنٹر فار سیسمالوجی کی جانب سے تصدیق اور زلزلہ کی شدت کا انکشاف نہیں کیا گیا ہے!

