سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز،مذہبی منافرت والے پوسٹ اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف ہوگی سخت کارروائی:ایس پی ضلع وقارآباد

سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز،مذہبی منافرت والے پوسٹ،ویڈیوز
اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف ہوگی سخت کارروائی
 سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل کا قیام،کوویڈ قواعد پرعمل لازمی
ایس پی ضلع وقارآباد این۔کوٹی ریڈی کی ویڈیو کانفرنس

وقارآباد/تانڈور : 05۔جنوری
(سحرنیوزڈاٹ کام)

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے انتباہ دیا ہے کہ سوشل میڈیا کے واٹس ایپ،فیس بک اور دیگر پلیٹ فارمز پر اشتعال انگیز، مذہبی منافرت پرمشتمل مواد پوسٹ، شیئر یا فارورڈ کرنے اور عوام کو مختلف طریقوں سے ہراساں کرنے والوں کے خلاف فوری طور پرسخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

آج ضلع ایس پی نے دفتر ایس پی وقارآباد سے سوشل میڈیا کے استعمال اور کوویڈ قواعد کے متعلق ضلع کے پولیس عہدیداروں سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کیا اور انہیں مختلف ہدایات دیں۔

ایس پی ضلع وقارآبادمسٹر این۔کوٹی ریڈی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کی غرض سے ضلع میں” سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل” کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

انہوں نے عوام سے بھی خواہش کی کہ وہ سوشل میڈیا پر نفرت اور جھوٹ پھیلانے والوں پر نظر رکھیں اور امن و امان کی برقراری کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔

ضلع ایس پی وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے عوام سے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں اوران سے متعلق مقامی پولیس سے تصدیق کریں اور ایسی افواہوں سے پولیس کو واقف بھی کروائیں۔

مسٹراین۔کوٹی ریڈی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ امن و امان کو نقصان پہنچانے والے ویڈیوز،فوٹوز اور پیغامات پوسٹس،فارورڈ اور ان پر اہانت آمیز کمنٹس کرنے والوں کو کسی بھی طور پر بخشا نہیں جائے گا۔اور کسی بھی مذہب کی اہانت والے سوشل میڈیا پوسٹس پر فوری کارروائی کی جائے گی۔

ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے کہا کہ کسی کی بھی تصاویر بالخصوص خواتین اور لڑکیوں کی تصاویر کو مورف(جوڑ توڑ) کرکے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر توہین آمیز، اشتعال اور نفرت انگیز تبصروں،پوسٹنگ اور فارورڈنگ کے ساتھ ساتھ افواہوں کو پھیلاکر عوام کو خوفزدہ و ہراساں کرنے اور دیگر لوگوں کے جذبات کو مجروح کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔

ضلع ایس پی نے اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ضلع کے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سوشل میڈیا پر گہری نظر رکھی جائے اور ایسے غیر ذمہ دار اور سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہی سے پولیس کی ایسے افراد پر گہری نظر ہے۔

ضلع ایس پی مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے اس ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ کوویڈ اور اومیکرون کے بڑھتے معاملات پر انتباہ دیا کہ کوویڈ قواعد پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کوویڈ اور اومیکرون کے پھیلاؤ پر ہرگز خوفزدہ یا پریشان نہ ہوں بلکہ اس کا مقابلہ کریں اور اس سے تحفظ کے لیے لازمی طور پر تمام کوویڈ قواعد پرسختی کے ساتھ عمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کے پولیس اسٹیشنوں کے عملہ کو اور خود ملازمین پولیس کو چوکس اور محفوظ رہنے کی شدید ضرورت ہے۔پولیس اسٹیشنوں کو کوویڈ فری پولیس اسٹیشن بنائے رکھیں اور ساتھ ہی خدمات کی انجام دہی کے موقع پر ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال لازمی طور پر کریں اور انسانی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں۔

ضلع ایس پی وقارآباد نے ہدایت دی کہ پولیس اسٹیشنوں کو صاف ستھرا رکھا جائے،پولیس عہدیدار اور ان کے افراد خاندان کوویڈ ویکسین لیں اور ساتھ ہی پولیس اسٹیشنوں میں شکایت درج کروانے کی غرض سے پہنچنے والوں کے لیے سینی ٹائزر کا نظم کیا جائے اور انسانی فاصلہ قائم رکھا جائے۔

ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے ضلع کے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ فرینڈلی پولیسنگ اور کمیونٹی پولیسنگ کے دؤران بھی ماسک پہنیں اور انسانی فاصلہ کا خیال رکھیں۔