وقار آباد ضلع کے مرپلی میں ایک گھنٹہ تک شدیدترین ژالہ باری اور بارش، پورا علاقہ کشمیر کا منظر پیش کررہا تھا، فصلیں تباہ

وقار آباد ضلع کے مرپلی منڈل میں ایک گھنٹہ تک شدیدترین ژالہ باری اور بارش
پورا علاقہ کشمیر کا منظر پیش کر رہا تھا،فصلیں تباہ،درخت اکھڑگئے،برقی سربراہی بند

وقارآباد/تانڈور: 16۔مارچ
(سحرنیوزڈاٹ کام)

آج بعد دوپہر وقارآبادضلع کے مرپلی منڈل میں ہونےوالی شدید ترین ژالہ باری نے پورے علاقے کی سڑکوں،گلیوں،مکانات کی چھتوں،کھیتوں اور درختوں کو کشمیر جیسے سیاحتی مقام میں تبدیل کرکے رکھ دیا تھا۔

تیز ہواؤں کے ساتھ اچانک ہونے والی اس ژالہ باری کےساتھ ہوئی بارش نے مرپلی کےعوام کو حیرت زدہ کرکے رکھ دیا۔عوام جب بارش کے بعد اپنے اپنے مکانات سے باہر آئے تو ہر طرف بچھی ہوئی برف (اولوں) کی سفیدی دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے۔مقامی عوام کا کہنا ہے کہ اس طرح شدید ژالہ باری( برفباری) کا نظارہ انہوں نے اس سے قبل کبھی کبھی نہیں دیکھاتھا۔اس ژالہ باری کےباعث کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔اور چند افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

مرپلی منڈل کے مختلف مواضعات میں آج  زائد از ایک گھنٹے تک ہونے والی شدید ژالہ باری، بارش اور تیز ہواؤں کے دؤران کئی مقامات پر درخت اکھڑ گئے اور ان درختوں کے برقی تاروں پر گرنے کے باعث ضلع وقارآباد کے کئی مقامات پر ہنوز برقی سربراہی بند ہے۔محکمہ برقی کا عملہ ان کی درستگی میں مصروف ہے۔

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/219057214014672

شدید ترین ژالہ باری اور بارش کےباعث مرپلی منڈل کےکئی مقامات پر مختلف فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔وہیں آم کی کھڑی فصل بھی تباہ ہوئی ہے۔اس شدید ژالہ باری،تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔

جس کے بعد وقارآبادضلع کے کئی مقامات پر درجہ حرارت میں شدید کمی واقع ہوئی۔بعدازاں وقارآباد، تانڈور، مومن پیٹ اور دیگر مقامات پر بھی گرج و چمک کے ساتھ بادل چھا گئے اور سرد ہوائیں چلنےلگیں۔کئی مقامات پر ہلکی بارش کی بھی اطلاع ہے۔بعد سہء پہر مرپلی منڈل میں دوبارہ بارش کا آغاز ہوا۔مرپلی منڈل کے مختلف مقامات پر ہونے والی اس شدید ژالہ باری سے جہاں بچے لطف اندوز ہوئے وہیں کئی لوگوں نے بڑی مقدار میں ان اولوں کو جمع کرلیا۔

یاد رہے کہ محکمہ موسمیات ،حیدرآباد نے تین دن قبل ہی15مارچ تا 17مارچ تین دنوں تک ریاست کے جن اضلاع میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی تھی ان میں وقارآباد ضلع بھی شامل ہے۔

 

” ریاست تلنگانہ اور وقارآباد ضلع کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مرپلی منڈل میں ہونے والی شدید ژالہ باری کا مکمل ویڈیو اور تفصیلات اس ویڈیو میں "

https://www.facebook.com/khanyahiya276/videos/914931302892803