کانگریس 6 گیارنٹی اسکیمات کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے میں مصروف، چند دھوکہ با زافراد کی وجہ سے ہی شکست : سابق رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی

کانگریس 6 گیارنٹی اسکیمات کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے میں مصروف
انتخابات کے دؤران ریونت ریڈی سے خفیہ ملاقات کس نے کی تھی؟
جلد ہی انکشاف، سابق رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کا بیان

وقارآباد/تانڈور: 07؍جنوری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

اسمبلی حلقہ تانڈور کے حالیہ سابق رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے آج جاری کردہ اپنے سنسنی خیز صحافتی بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ بی آر ایس پارٹی کے چند دھوکہ باز افراد کی وجہ سے ہی وقار آباد ضلع کے اسمبلی حلقہ جات تانڈور، وقارآباد اور کوڑنگل سے پارٹی امیدواروں کو حالیہ اسمبلی انتخابات میں شکست سے دو چار ہونا پڑا ہے اورسب اس بات سے واقف ہیں۔

اپنے پریس نوٹ میں سابق رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد اس بات کا انکشاف کریں گے کہ انتخابات کے موقع پر حیدرآباد میں ریونت ریڈی سے کس نےخفیہ ملاقات کرتےہوئے ان سےوعدہ کیاتھا کہ تانڈور اور وقارآباد کےبی آر ایس پارٹی امیدواروں کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے دونوں اسمبلی حلقہ جات بطور تحفہ انہیں دیں گے؟ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ان تمام باتوں سے پارٹی ہائی کمان بھی واقف ہے اور وقت آنے پر وہ بھی اس مسئلہ پر بات کریں گے۔

آج جاری کردہ اپنے صحافتی بیان میں سابق رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے کانگریس کی 6 گیارنٹی اسکیمات کو ایک دھوکہ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیاکہ ان اسکیمات کے نام پر اقتدار حاصل کرنےوالی کانگریس عوام کے ساتھ دھوکہ دہی اور انہیں مختلف طریقوں سے تذبذب میں مبتلاء کرنے میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے 6 گیارنٹی اسکیمات میں جملہ 13 وعدے کیے گئے تھے جن میں سے مہالکشمی کے تحت خواتین کو مفت بس سفر اور آروگیہ شری اسکیم کی سہولت ہی فراہم کرتے ہوئے اسے اپنا کارنامہ قرار دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب عوام افسوس کا اظہار کر رہے ہیں کہ انہوں نے کیوں کانگریس کو ووٹ دیا۔؟

سابق رکن اسمبلی نے استفسار کیا کہ خریف سیزن میں دھان کی خریدی کے دوران کسانوں کو بونس کیوں نہیں دیا جارہا ہے۔؟اسی طرح دلت بندھو کے تحت 10 لاکھ روپئے سے بڑھا کر 12 لاکھ روپئے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا اس پر کیوں عمل نہیں کیا جارہاہے۔؟

سابق رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت بی آر ایس پارٹی کے دؤر ا قتدارمیں آغاز کردہ تمام اسکیمات کے نام تبدیل کرنے میں مصروف ہے جس سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے پرجا پالنا کے نام پر لاکھوں درخواستیں حاصل کرکے ان کی ڈاٹا انٹری کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے میں مصروف ہے۔انہوں نے استفسار کیاکہ جب سفید راشن کارڈ جاری ہی نہیں کیے گئے تو کس طرح ان اسکیمات کے مستحقین کا انتخاب کیا جائے گا۔؟

پائلٹ روہت ریڈی نے کہا کہ تانڈور میں بی آر ایس دؤر میں ان کی جانب سے منظورکروائےگئے فنڈس اور ترقیاتی کاموں کو منسوخ کروانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تانڈور میں سیلابی صورتحال کو روکنے اور چلکاواگوں کو کارکرد بنانے کی غرض سے ٹی ایف آئی ڈی سی کےتحت منظورہ 16 کروڑ روپئے منسوخ کردئیے گئے ہیں۔اسی طرح قبرستانوں کےلیے منظورہ ایک کروڑ 35 لاکھ روپئے بھی روک دئیے گئے ہیں اور آدرش نگر میں 6 کروڑ کے صرفہ سے قائم کیا جانے والا تھیم پارک بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

پائلٹ روہت ریڈی نے الزام عائد کیاکہ جب وہ رکن اسمبلی تھے تو انہوں نے مستحق افراد کے علاج کےلیے چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے رقم کی اجرائی کے لیے درخواستیں داخل کی تھیں،جنہیں اب بازو رکھ دیا گیا ہے جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ ایسے اقدامات سے ریاست میں کانگریس کو عوام کی شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وقار آباد ضلع کے پرگی میں جاری سہء روزہ تبلیغی اجتماع ، لاکھوں فرزندان توحید کی شرکت ” ⬇️

تبلیغی جماعت کے سہء روزہ اجتماع کا کل 6 جنوری کو فجر سے وقارآباد ضلع کے پرگی میں آغاز