تبلیغی جماعت کے سہء روزہ اجتماع کا کل 6 جنوری کو فجر سے وقارآباد ضلع کے پرگی میں آغاز

تبلیغی جماعت کے سہء روزہ اجتماع کا کل 6 جنوری کو فجر سے وقارآباد ضلع کے پرگی میں آغاز
تمام انتظامات مکمل، ملک کے کئی مقامات سے جماعتوں اور فرزندان توحید کی آمد کا سلسلہ جاری

حیدرآباد/وقارآباد : 05۔جنوری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کے ضلع وقار آباد کےحلقہ اسمبلی پرگی کے نعمت نگر میں کل 6 جنوری سے فجر کی نماز کی ادائیگی کے ساتھ صوبائی سطح کے سہء روزہ اجتماع کا آغاز ہوجائے گا۔اس سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔پرگی میں منعقد ہونے والے اس اجتماع میں دہلی کے مرکز نظام الدین سے اکابرین و ذمہ داران شرکت کریں گے۔

پرگی میں منعقدہ تبلیغی جماعت کے اس تین روزہ دینی اجتماع میں دارالحکومت حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے مختلف اضلاع کے بشمول ریاست کرناٹک اور مہاراشٹرا کے علاوہ ملک کے مختلف مقامات سے زائد از چار لاکھ افراد کی شرکت کا امکان ہے۔ ملک کے مختلف مقامات سے اجتماع گاہ میں تبلیغی جماعتوں اور فرزندان توحید کی کثیر تعداد میں آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

حیدرآباد سے پرگی کا فاصلہ 80 کلومیٹر ہے جو حیدرآباد۔بیجاپور نیشنل ہائی وے پر موجود ہے۔جبکہ وقارآباد سے پرگی کا فاصلہ 20 کلومیٹر ہے۔وقار آباد کے مسلم نوجوانوں نےوقارآباد ریلوے اسٹیشن سے اجتماع گاہ تک شرکا کو پہنچانے کےلیے لاریوں،ڈی سی ایم ویان اور آٹو رکشاؤں کا مفت بندوبست کیا ہے۔جبکہ منتظمین نے بھی شاندار انتظامات کیے ہیں تاکہ اجتماع میں شریک ہونے والوں کو مشکلات پیش نہ آئیں۔

حیدرآباد سے اس اجتماع میں شرکت کرنے والے فرزندان اسلام کو براہ مہدی پٹنم،لنگر حوض، پولیس اکیڈیمی،معین آباد،چیوڑلہ سے منے گوڑہ تک پہنچ کر وہاں سے پرگی کی سمت سفر کرنا ہوگا جس کا فاصلہ 20 کلومیٹر ہے جبکہ اجتماع گاہ پرگی سے دو کلومیٹر قبل ہی موجود ہے۔نیشنل ہائی وے سے اجتماع گاہ تک پہنچنے کے لیے ایک کلومیٹر تک علحدہ سڑک بچھائی گئی ہے۔

اس دینی اجتماع کی تیاریاں گزشتہ 6 ماہ قبل سے جاری تھیں۔نعمت نگر میں اجتماع گاہ کی تعمیر کےلیے 6 ماہ قبل ہی کسانوں اور زمینداروں سے 130 ایکڑ زرعی اراضیات حاصل کی گئیں اور گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے علحدہ 50 ایکڑ اراضی حاصل کی گئی تھی۔

منتظمین کے مطابق اس اجتماع کا آغاز 6 جنوری کو نماز فجر کے ساتھ ہوگا اور 8 جنوری کو بعد نماز ظہر دعاء کے ساتھ اختتام ہوگا۔ اجتماع گاہ میں دو عارضی تالاب قائم کیےگئے ہیں جن میں فی کس ایک کروڑ لیٹر پانی کا ذخیرہ ہوگا اور روزآنہ اس اجتماع کےدؤران ان دونوں تالابوں سے دیڑھ کروڑ لیٹر پانی کا صرفہ ہوگا جبکہ اجتماع کے شرکا کے لیے صاف و شفاف پینے کے پانی کا علحدہ نظم ہوگا۔

اجتماع گاہ میں خصوصی اسٹیج کےعلاوہ 26 طعام خانے قائم کیےگئے ہیں ایک طعام خانہ میں ایک ساتھ 5 ہزار شرکاء کے طعام کا نظم ہوگا اسی طرح 26 وضو خانے تعمیر کیے گئے ہیں۔

” یہ بھی پڑھیں ” 

تلنگانہ میں مزید 26 آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے، سمیتا سبھروال بھی شامل، عائشہ مسرت خانم سیکریٹری ٹمریز، احمد ندیم پرنسپل سیکریٹری

تلنگانہ میں تعلیمی اداروں کو سنکرانتی کی تعطیلات کا اعلان

tablighijamaat#
ijtema#
pargi#
vikarabaddistrict#
telangana#