سابق چیف منسٹر کرنا ٹک ایدی یورپا کی 30 سالہ نواسی ڈاکٹر سؤندریا
اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئیں،خودکشی کا شبہ! پولیس تحقیقات جاری
بنگلورو: 28۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)
سابق چیف منسٹر کرناٹک و سینئر بی جے پی قائد بی ایس ایدی یورپا کی 30 سالہ نواسی ڈاکٹر سؤندریا کی نعش آج پولیس کو بنگلورو میں اپارٹمنٹ میں موجود ان کے فلیٹ سے دستیاب ہوئی ہے۔ڈاکٹر سؤندریا کی موت خودکشی کی وجہ سے ہونے کا شبہ ہے!!۔
سؤندریا سابق چیف منسٹر کرناٹک و سینئر بی جے پی قائد بی ایس اید یورپا کی دوسری دختر پدماوتی کی دختر تھیں۔ہائی گراؤنڈس پولیس اسٹیشن حدود میں یہ واقعہ پیش آیاہے جہاں موجود ان کے فلیٹ میں ڈاکٹر سؤندریا کی نعش لٹکی ہوئی پائی گئی۔

سؤندریا بنگلورسنٹرل کے وسنت نگر میں مقیم تھیں اور بنگلورو کے ایم ایس رامیا ہسپتال میں ڈاکٹر کی خدمات انجام دے رہی تھیں۔ جن کی شادی 2018 میں ڈاکٹر نیرج سے ہوئی تھی۔اس جوڑے کو ایک چار ماہ کی لڑکی بھی ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈاکٹرسؤندریہ نے آج صبح 10 بجے جب یہ انتہائی اقدام کیا اس وقت مکان میں کوئی موجود نہیں تھے۔گھریلو ملازمہ نے جب مکان کی ڈوربیل بجائی تو اندر سے کافی دیر تک دروازہ نہیں کھولا گیا تو ملازمہ نے ڈاکٹر سؤندریا کے شوہر ڈاکٹر نیرج کو فون پر اطلاع دی۔
اس واقعہ کی اطلاع کے فوری بعد پولیس مذکورہ فلیٹ پر پہنچ گئی۔بعد پنچنامہ سؤندریا کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم لیڈی کرزن ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
دستیاب اطلاع کے مطابق ڈاکٹر سؤندریا کی مشتبہ موت کے اس واقعہ کی اطلاع کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے سابق چیف منسٹر کرناٹک و سینئر بی جے پی قائد بی ایس ایدی یورپا کو فون کرکے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان سے تعزیت کی۔
اس سلسلہ میں ہائی گراؤنڈس پولیس مشتبہ موت کے تحت ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے اس واقعہ کی تحقیقات میں مصروف ہے۔

