تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں زلزلہ کا جھٹکا محسوس، وقارآبادضلع میں بھی زلزلہ کا ہلکا جھٹکا ریکارڈ

تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں زلزلہ کا جھٹکا محسوس، وقارآباد ضلع میں بھی زلزلہ کا ہلکا جھٹکا ریکارڈ
سنگاریڈی ضلع کے نیالکل منڈل میں اندرون دس یوم دوسری مرتبہ زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا

حیدرآباد : 06۔فروری
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کےضلع سنگاریڈی میں آج 6 فروری کی رات 8 بجے زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق سنگاریڈی ضلع کے نیالکل منڈل میں 27 جنوری کو بھی زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا گیا تھا۔آج رات دوبارہ نیالکل منڈل مستقر اور موضع مونگی کےمختلف مقامات کےعوام نے زلزلہ کا جھٹکا محسوس کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ زلزلہ کا یہ جھٹکا 5 سیکنڈ کا تھا۔ تاہم اس سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

اطلاعات کےمطابق یہ زلزلہ کا یہ جھٹکا زوردار آواز کےساتھ محسوس کیا گیا۔جس سے خوفزدہ عوام اپنے مکانات سے باہر بھاگ کھڑے ہوئے۔ دس دنوں کے دوران دوسری مرتبہ اس علاقہ میں زلزلہ کے جھٹکے سے دیہی عوام خوفزدہ ہیں۔رات دس بجے اس خبر کے لکھے جانے تک نیشنل سنٹر فار سیسمالوجی کے بھوکمپ ایپ پر سنگاریڈی ضلع کے نیالکل منڈل میں محسوس کیے گئے زلزلہ کے جھٹکے کی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔

دوسری جانب تلنگانہ کے ہی ضلع وقارآباد میں کل بروز پیر 5 فروری کی دوپہر زلزلہ کا ہلکا جھٹکا ریکارڈ کیاگیاہے۔آج جب نیشنل میڈیا کے ذریعہ یہ اطلاع عام ہوئی تو وقارآباد ضلع کے عوام حیرت زدہ تھے کہ انہوں نے کل ایسا کوئی زلزلہ کا جھٹکا محسوس نہیں کیا۔

زلزلے کےجھٹکوں کی پیمائش ریکارڈ کرنےوالا ادارہ نیشنل سنٹر فار سیسمالوجی National Center for Seismology@نے انکشاف کیاہے کہ کل 5 فروری کو دوپہر ایک بج کر 34 منٹ پر ریاست تلنگانہ کے وقارآبادضلع میں زلزلہ کا 2.5 شدت کا ہلکا جھٹکا ریکارڈ کیاگیاہے۔اس زلزلہ کی گہرائی 5 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق 4 سے کم شدت کے زلزلوں کومعمولی سمجھا جاتا ہے اور کل وقارآباد ضلع میں ریکارڈ شدہ زلزلے کی شدت 2.5 تھی اس لیے اس پر کسی کا دھیان نہیں گیا۔

نیشنل سنٹر فار سیسمالوجی کے مطابق کل 5 فروری کو تلنگانہ کے وقارآباد ضلع کے علاوہ اروناچل پردیش،میزورم،ہماچل پردیش، انڈومان اور نکوبار میں زلزلہ کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔نیشنل سنٹر فار سیسمالوجی کے مطابق جزائر انڈومان اور نکوبار میں محسوس کیے گئے ایک زلزلہ کے جھٹکے کو چھوڑ کر باقی تمام زلزلے معمولی تھے۔

نیشنل سنٹر فارسیسمالوجی کےمطابق انڈومان اور نکوبار جزائر میں زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی اور یہ ہندوستانی معیار وقت کےمطابق شام 4 بج کر 13 منٹ پر محسوس کیا گیا جس کی گہرائی 67 کلومیٹر تھی۔

نیشنل سنٹر فار سیسمالوجی کے بھوکمپ ایپ BhooKamp App# پر کل وقارآباد ضلع میں ریکارڈ کیےگئے زلزلہ کے ہلکے جھٹکے کے نقشہ میں وقار آباد اور پڑوسی ریاست کرناٹک کے سیڑم کے درمیان نقطہ ظاہر کیا گیاہے۔یاد رہےکہ وقارآباد ضلع تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے 70 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود ہے۔

یہاں یہ تذکرہ غیرضروری نہ ہوگاکہ 5 جنوری 2022ء کی دوپہر 30-12 بجے اضلاع سنگاریڈی اور وقارآباد کے چند دیہاتوں میں زلزلہ کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

ضلع سنگاریڈی کے کوہیر منڈل کے منیار پلی،بلال پور،گوٹی گار پلی اور وقارآبادضلع کے مرپلی منڈل کے دماستا پور اور بچن پلی میں چند سیکنڈ کے لیے زلزلہ کے خفیف جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔اس وقت ان مقامات کےعوام نے بتایاتھاکہ زمین سے آواز کےساتھ زلزلہ کےجھٹکےمحسوس کیے گئے۔یہ تمام مقامات اضلاع سنگاریڈی اور وقارآباد کے سرحدی دیہات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ” 

کشمیر میں برفباری کے دؤران دو کمسن لڑکیوں کا دلنشین ویڈیو وائرل، برف سے کھیلتے ہوئے شاعرانہ انداز میں رپورٹنگ، زبردست ستائش

 

جمہوریت کا قتل نہیں ہونے دیں گے، جمہوریت کو مذاق بنا دیا گیا : سپریم کورٹ آف انڈیا