مہنگائی کے خلاف احتجاج ،سابق چیف منسٹر اور صدر کرناٹک پردیش کانگریس بیل بنڈی پر اسمبلی پہنچے

مہنگائی کے خلاف احتجاج
سابق چیف منسٹر اور صدر کرناٹک پردیش کانگریس بیل بنڈی پر اسمبلی  پہنچے

بنگلورو:13۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

پٹرول ، ڈیزل ، پکوان گیس اور تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف بطور احتجاج سابق چیف منسٹر کرناٹک اپوزیشن لیڈر کرناٹک اسمبلی سدرامیا،اپوزیشن لیڈر کرناٹک قانون ساز کونسل ایس آر پاٹل،صدر کرناٹک پردیش کانگریس ڈی کے شیوا کمار آج بیل بنڈی پر سوار ہوکر کرناٹک ودھان سودھا (کرناٹک اسمبلی) پہنچے۔

Photo Courtesy : S R Patil, Twitter

آج سے کرناٹک اسمبلی کا دس روزہ مانسون اجلاس کا آغاز ہوا ہے جو کہ 24 ستمبر تک جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ چیف منسٹر کرناٹک کی حیثیت سے بی ایس ایڈی یورپاکے مستعفی ہوجانے اور بسواراج بومائی کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد کرناٹک ودھان سودھا کا یہ پہلا اجلاس ہے جن کی قیادت میں گزشتہ دنوں کرناٹک میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں برسراقتدار بی جے پی نے اپنی سیاسی پکڑ قائم رکھتے ہوئے میسور اور بیلگام کے کارپوریشن پر پہلی مرتبہ قبضہ کیا ہے۔

صدر کرناٹک پردیش کانگریس ڈی کے شیواکمار نے کانگریس کے دیگر ارکان اسمبلی،پارٹی کارکنوں اور اپنے حامیوں کو پیغام دیا تھا کہ صبح کے اؤقات چونکہ ٹریفک کا مسئلہ پیدا ہوگا اس لیے بیل بنڈی کے ذریعہ وہ اور سابق چیف منسٹر و اپوزیشن لیڈر سدرامیا ہی ودھان سدھا پہنچیں گے بعدازاں اسمبلی اور اس کے احاطہ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف کانگریس احتجاج کرے گی۔