بھوپیندرا پٹیل نے چیف منسٹر گجرات کی حیثیت سے اپنے عہدہ کا حلف لیا
احمدآباد:13۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
بھوپیندرا پٹیل نے آج چیف منسٹر گجرات کی حیثیت سے اپنے عہدہ کا حلف لے لیا۔
ریاست گجرات کے 17؍ویں چیف منسٹر کی حیثیت سے بھوپیندراپٹیل کو ریاستی راج بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں ریاستی گورنر آچاریہ دیوورت نے عہدہ رازداری کا حلف دلوایا۔
حلف برداری کی اس تقریب میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ، مرکزی وزراء نریندرسنگھ تومر ،پرہلاد جوشی ،من سکھ مانڈوی ،پرشوتم روپالا کے علاوہ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان ، چیف منسٹر گوا پرمود ساونت کے علاوہ دیگر اہم شخصیتیں شریک تھیں۔
وزیراعظم نریندر مودی اور صدر قومی بی جے پی جے پی لڈا نے نومنتخب چیف منسٹر گجرات بھوپیندرا پٹیل کو مبارکباد دی ہے۔
یاد رہے کہ ہفتہ کو چیف منسٹر گجرات کی حیثیت وجئے روپانی کے ریاستی کابینہ سمیت اچانک استعفیٰ کے بعد کل اتوار کو گاندھی نگر کے بی جے پی پارٹی دفتر میں ارکان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں بھوپیندرا پٹیل کا بحیثیت لیڈر آف بی جے پی لیجسلیٹیو انتخاب کیا گیا۔جو کہ گجرات اسمبلی میں حلقہ گھٹ لودیا کی نمائندگی کرتے ہیں۔
چیف منسٹر گجرات کی حیثیت سے آج اپنے عہدہ کا حلف لینے والے بھوپیندرا پٹیل 59 سالہ پیشہ سے سول انجئیر ہیں اور بلڈر ہیں ، وہ بی جے پی اور راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آرایس ایس) کے رکن بھی ہیں۔
بھوپیندرا پٹیل کی سیاسی زندگی کا آغاز 1995 میں اس وقت ہوا جب وہ میم نگر نگرپالیکا (بلدیہ) کے رکن منتخب ہوئے وہ لگاتار 1995-96، 1999-2000، اور 2004-2006 تک نگرپالیکا کے رکن منتخب ہوتے رہے۔
بھوپیندرا پٹیل 1999-2000 میں میم نگر نگرپالیکا کے صدر بھی منتخب ہوئے۔بھوپیندرا پٹیل 2008 تا 2010 اسکول بورڈ احمدآباد میونسپل کارپوریشن کے نائب صدر بھی رہے۔
نومنتخب چیف منسٹر گجرات بھوپیندرا پٹیل 2015 تا 2017 احمد آباد اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے صدر نشین بھی رہ چکے ہیں۔بھوپیندرا پٹیل پہلی مرتبہ 2017 کے اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی گھٹلودیا سے منتخب ہوکر گجرات اسمبلی میں داخل ہوئے ان انتخابات میں انہوں نے اپنے مخالف کانگریسی امیدوار ششی کانت پٹیل کو ایک لاکھ 17 ہزار ووٹوں کی اکثریت سے شکست دی تھی اور اس وقت سے وہ اسی نشست سے لگاتار اپنی کامیابی درج کروارہے ہیں۔

