چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی کا حیرت انگیز اقدام ،عہدہ اور ریاستی کابینہ سےمستعفی

چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی کا حیرت انگیز اقدام
عہدہ اور ریاستی کابینہ سےمستعفی،ریاستی گورنر کو استعفیٰ حوالے

نئی دہلی :10۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام) 

چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی نے آج ہفتہ کی شام غیر متوقع طور پر اپنے عہدہ اور کابینہ سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ریاستی گورنر آچاریہ دیوا ورت کو اپنا مکتوب استعفیٰ حوالے کرنے کے بعد میڈیا کانفرنس کے دؤران انہوں نے یہ اعلان کیا ہے۔تاہم انہوں نے اچانک اس استعفیٰ کی وجوہات نہیں بتائی ہیں۔

جبکہ وزیراعظم نریندرمودی اور مرکزی وزیر داخلہ کی جنم بھومی ریاست گجرات میں آئندہ سال ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہونے ہیں ایسے

میں ایک سال قبل ہی اچانک چیف منسٹر گجرات وجئے روپانی کے استعفیٰ سے مختلف اندازے لگائے جارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق من سکھ مانڈیا جنہوں نے ماہ جولائی میں وزیراعظم نریندر مودی کی مرکزی کابینہ میں ردو بدل کے دؤران مرکزی وزات صحت کا عہدہ حاصل کیاہے وہ ریاست گجرات کے نئے چیف منسٹر کا عہدہ سنبھال سکتے ہیں! یا پھر ڈپٹی چیف منسٹر نتین پٹیل کو یہ ذمہ داری تفویض کی جاسکتی ہے!!

وجئے روپانی نے 7 اگست 2016 کو چیف منسٹر گجرات کی حیثیت سے اس عہدہ کا حلف لیا تھا اس طرح انہوں نے پانچ سال ایک ماہ تک بحیثیت چیف منسٹر گجرات اپنی ذمہ داری نبھائی ہے۔

ایسا مانا جارہا ہے کہ گجرات کے گاندھی نگر میں منعقدہ بی جے پی کے ایک اہم اجلاس کے بعد انہوں نے اپنے استعفیٰ کااعلان کیا ہے! میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وجئے روپانی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں پانچ سال تک گجرات کے چیف منسٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا گیا۔

ان کے اس طرح اچانک گجرات کے چیف منسٹر کی حیثیت سے استعفیٰ کے اعلان  سوالات کو انہوں نے ٹال دیا۔وجئے روپانی نے کہا کہ پانچ سال تک چیف منسٹر کی ذمہ داری نبھانا ان کے لیے ایک اعزاز ہے اور اس طرح کی تبدیلیاں بی جے پی میں عام بات ہیں۔

یاد رہے کہ اندرون ہفتہ اچانک چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفی دینے والے وجئے روپانی بی جے پی کے تیسرے چیف منسٹر ہیں اس سے قبل اترکھنڈ کے چیف منسٹر تیرتھ سنگھ راوت اور کرناٹک کے چیف منسٹر بی ایس ایڈی یورپا بھی اسی طرح اپنے عہدوں سے مستعفی ہوچکے ہیں۔

اب جبکہ ریاست گجرات میں اسمبلی انتخابات کے لیے ایک سال کا عرصہ ہے تو اندازہ لگایا جارہا ہے کہ بی جے پی قیادت نئے چہروں کے ساتھ ان انتخابات کا سامنا کرنا چاہتی ہے!!

وہیں بی جے پی اور سیاسی حلقوں میں کہا جارہا ہے کہ چونکہ چیف منسٹر وجئے روپانی کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور وہ اس سے ایک جلسہ میں بیہوش ہوکر گرپڑے تھے تو بی جے پی ان کی صحت کی بناء پر ان کے مقام پر کسی اور کو چیف منسٹر کی حیثیت سے پیش کرتے ہوئے آئندہ اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے!

دوسری جانب یہ بھی اندازہ لگایا جارہا ہے کہ بی جے پی گجرات میں ایک نئے چیف منسٹر کے چہرہ کے ساتھ طئے شدہ مدت سے قبل ہی انتخابات کے انعقاد پر غور کررہی ہے!!