ریاست کرناٹک ایک اور لاک ڈاؤن کی طرف؟
چیف منسٹر بسواراج بومائی نے ماہرین کا اجلاس طلب کیا
دھارواڑ اور بنگلورو میں میڈیکل کالج کے جملہ 281 طلبہ کوویڈ سے متاثر
بنگلور: 27۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
ریاست کرناٹک میں بڑھتی ہوئی کوروناوائرس متاثرین کی تعداد کے پیش نظر چیف منسٹر کرناٹک مسٹر بسواراج بومائی نے آج ہفتہ کے دن ریاستی محکمہ صحت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ماہرین کاایک اجلاس طلب کیا ہے تاکہ ریاست میں کوویڈکے کیسوں میں اضافے اور کورونا کے نئے ویرینٹ کے خدشے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
چیف منسٹر کرناٹک مسٹر بسواراج بومائی نے کہا ہے کہ” میں نے کیرالہ میں کوویڈ 19 کے معاملات میں اضافہ اور ساتھ ہی کرناٹک کے دھارواڑ اور بنگلورو کے چند کالجوں میں بڑھتے واقعات کے پیش نظر آج محکمہ صحت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکموں کے ماہرین کا اجلاس طلب کیا ہے۔
چیف منسٹر مسٹر بسواراج بومائی کی جانب سے اس اجلاس کے بعد ہی ماہرین صحت اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مشورہ پر ریاست میں مختلف پابندیاں عائد کیے جانے اور ریاست کے چند اضلاع میں چند دنوں کے لاک ڈاؤن کے نفاذ کے امکانات ہیں!!

دوسری جانب ضلع کلکٹر دھارواڑ نتیش پاٹل نے انکشاف کیا کہ کرناٹک کے دھارواڑ ضلع میں میڈیکل کالج کے 99 طلباء اور فیکلٹی ممبران کا کوویڈ 19 مثبت پایا گیا ہے۔جس سے متاثرہ میڈیکل طلباء کی جملہ تعداد ہفتہ کو 281 ہو گئی ہے۔
ریاست کرناٹک میں آج ہفتہ کو 402 نئے کوویڈ 19 کے کیس اور 6 متاثرین کی اموات کی اطلاع ہے۔ریاست کے محکمہ صحت کے مطابق ریاست کرناٹک میں کوویڈ کے 6,611 فعال کیس ہیں۔کرناٹک میں پچھلے سال وبائی مرض کے آغاز سے اب تک 29,94,963 کوویڈکیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
وہیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دؤران 277 متاثرین صحت یاب ہوئے ہیں اس طرح مجموعی طور پر اب جملہ 29,50,130 کوویڈ متاثرین صحت یاب ہوئے ہیں۔ جبکہ کوویڈ مہلوکین کی تعداد 38,193 تک پہنچ گئی ہے۔
کل جمعہ دن کرناٹک میں 6 کوویڈ مریضوں کی موت ہوئی تھی جن میں سے ایک ایک کا تعلق بنگلورو اربن،جنوبی کرناٹک،دھارواڑ،ہاسن،کوڈاگو اور رائچور سے ہے۔

دریں اثنا، کرناٹک کے وزیرصحت ڈاکٹر کے سدھاکر نے ہفتہ کے روز کہا ہے کہ کوویڈ 19 سے متاثرہ نئے مختلف ممالک سے آنے والے مسافرین کو بنگلورو ایرپورٹ پر اترنے کے بعد تشخیص کے RT-PCR سنٹر لے جایا جائے گا۔وزیر صحت ڈاکٹر کے سدھاکر نے کہا کہ ہم مسلسل مرکزی وزارت صحت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ہمارے پاس معلومات ہیں کہ جنوبی افریقہ،ہانگ کانگ،اسرائیل اور بوتسوانا میں یہ نیا ڈیلٹا ویرئنٹ بہت متعدی ہے اور اس نے ڈیلٹا کے مختلف قسم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
دوسری جانب کرناٹک کے ایس ڈی ایم کالج آف میڈیکل سائنسیس میں ہفتہ کے روز جملہ 281 طلباء اور پروفیسرس کا کورونا وائرس ٹسٹ کیا گیا۔ضلع کلکٹر وضلع مجسٹریٹ دھارواڑنتیش پاٹل کے مطابق جملہ 281 کیسوں میں سے 6 افراد کوویڈ سے متاثر پائے گئے ہیں۔ضلع کلکٹر پاٹل کے مطابق تقریباً ایک ہفتہ قبل ایک طالب علم کے ذریعہ یہ انفیکشن پھیل گیا تھا۔دریں اثناء کالج کے قریب 500 میٹر کے دائرے میں واقع تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدام کے طور پر اتوار تک تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

