رائچور کی طالبہ بشریٰ متین کو بی ای سِول میں 16 گولڈمیڈلس، وشویشوریا ٹیکنیکل یونیورسٹی بیلگام کے ماضی کے سارے ریکارڈ توڑ دئیے

ہم بھی دریا ہیں ہمیں اپنا ہنر معلوم ہے
جس طرف بھی چل پڑیں گے راستہ ہو جائے گا

رائچور کی طالبہ بشریٰ متین کو بی ای سِول میں 16 گولڈ میڈلس
وشویشوریا ٹیکنیکل یونیورسٹی بیلگام کے ماضی کے سارے ریکارڈ توڑ دئیے

حیدرآباد/رائچور : 07۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)

گزشتہ سال ماہِ ڈسمبر کے اختتام سے جنوبی کرناٹک کے چند اضلاع میں سرکاری اور خانگی کالجوں و اسکولوں میں شرپسندوں کی جانب سے حجاب کے خلاف چلائی جارہی مہم سے سب واقف ہیں۔کرناٹک ہائی کورٹ کی معزز سہء رکنی بنچ نے طویل سماعت کے بعد اس معاملہ کا فیصلہ محفوظ رکھا ہے۔

ایسے میں کرناٹک کے رائچور کی ساکن حجاب پوش طالبہ بشریٰ متین کا نام میڈیا اور سوشل میڈیا میں زیر گشت ہے۔جنہوں نے بیلگام کی وشویشوریا ٹیکنیکل یونیورسٹی (VTU#) سے 16 گولڈ میڈلس حاصل کرتے ہوئے یہ پیغام دیا ہے کہ حجاب ایک مذہبی تشخص ہے اور یہ تعلیم کے حصول اور اپنی قابلیت و صلاحیتوں کو منوانے میں کبھی بھی حائل نہیں ہوتا۔

بشریٰ متین جو کہ کرناٹک کے رائچور سے تعلق رکھتی ہیں ایس ایل این کالج آف انجینئرنگ،رائچور کی” بی ای سول” کی طالبہ ہیں جو کہ وشویشوریا ٹیکنیکل یونیورسٹی بیلگام سے ملحق ہے۔

شیخ ظہیرالدین اور محترمہ شبانہ پروین کی ہونہار دختر بشریٰ متین نے اپنی بے پناہ تعلیمی صلاحیتوں اور بہترین قابلیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایس ایل این کالج آف انجینئرنگ،رائچور سے بی ای سول میں 9.47 گریڈ کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کی اور 16 گولڈ میڈلس اپنے نام کیے ہیں۔

بشریٰ متین اپنی سند اور 16 گولڈ میڈلس 10 مارچ کو منعقد ہونے والے وشویشوریا ٹیکنیکل یونیورسٹی بیلگام کے کانوکیشن میں حاصل کریں گی جس میں اسپیکر لوک سبھا مسٹراوم برلا،گورنرکرناٹک مسٹر تھاور چند گہلوٹ اور کرناٹک کے وزیراعلیٰ تعلیم ڈاکٹر سی این اشوتھ نارائن شرکت کریں گے۔

چانسلر وشویشوریا ٹیکنیکل یونیورسٹی (وی ٹی یو) بیلگام پروفیسر کری سدپا نے کل پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ ایس ایل این کالج آف انجینئرنگ،رائچور کی بی ای سول کی طالبہ بشریٰ متین نے 16 گولڈ میڈل حاصل کرتے ہوئے یونیورسٹی کے ماضی کے سارے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔اس سے قبل یونیورسٹی سے 13 گولڈ میڈل حاصل کیے جانے کا ریکارڈ تھا۔

اس سلسلہ میں بشریٰ متین کے بڑے بھائی شیخ تنویر نے نمائندہ سحر نیوز ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بشریٰ متین کے اس کارنامہ پر ان کا پورا خاندان خوش ہے۔انہوں نے بتایا کہ شروع ہی سے ان والدین اور دیگر تمام قریبی رشتہ داروں نے بشریٰ متین کی حوصلہ افزائی کی ہے۔اور ساتھ ہی بشریٰ متین کی اپنی محنت بھی بہت ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ بشریٰ متین کا تعلیمی مظاہرہ شروع سے ہی بہترین اور قابل ستائش رہا ہے۔شیخ تنویر نے بتایا کہ پی یو سی کے نتائج میں بشریٰ متین نے حیدرآباد۔کرناٹک ریجن میں ٹاپ۔5 میں مقام حاصل کیا تھا۔

بشریٰ متین کے بھائی شیخ تنویر جو کہ خود سِول میں ڈپلومہ مکمل کرچکے ہیں نے بتایا کہ وہ ایک بھائی اور دو بہنیں ہیں۔بشریٰ متین کی چھوٹی بہن قوی قیصر ایس ایل این کالج آف انجینئرنگ،رائچور میں کمپیوٹر سائنس میں دوسرے سال کی طالبہ ہیں۔

بشریٰ متین کے والد شیخ ظہیر الدین رائچور میں سرکاری عہدیدار ہیں۔جو کہ پرائم منسٹر گرامین سڑک یوجنا میں بحیثیت جونیئر انجینئر خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ ان کی والدہ محترمہ شبانہ پروین خانہ دار خاتون ہیں۔

بشریٰ متین بی ای سول میں کامیابی کے بعد اب یو پی ایس سی کے امتحان میں شرکت کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔اور اس سلسلہ میں وہ کوچنگ لے رہی ہیں اور بہت جلد حیدرآباد کے ایک کوچنگ سنٹر میں داخلہ لینے والی ہیں!!۔

رائچور کی ساکن بشریٰ متین کا یہ کارنامہ یقیناً لائق ستائش ہے۔اور ساتھ ہی قوم کے ان نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے ساتھ ساتھ قوم کے قائدین،رہنماؤں،دانشوران اور مفکران کے لیے بھی ایک پیغام ہےجو ہر محاذ پر اپنے ساتھ سوتیلانہ سلوک اور ناانصافی کا رونا روتے رہتے ہیں!جبکہ کسی بھی شعبہ میں صلاحیت اور قابلیت کے ساتھ عزم کسی ایک صنف یا کسی ایک قوم کی جاگیر نہیں ہوتی بلکہ یہ حوصلہ مندوں کی میراث ہوتی ہے!!

بشریٰ متین کے بڑے بھائی شیخ تنویر نے بتایا کہ کل ایس ایل این کالج آف انجینئرنگ،رائچور میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کالج انتظامیہ نے کانوکیشن سے قبل گولڈ میڈلس کے ساتھ بشریٰ متین کو میڈیا نمائندوں کے سامنے پیش کیا۔