پالتو چیتا اور تیندوے کے بچوں کو چھوڑ کر یوکرین سے وطن واپس ہونے سے آندھراپردیش کے ڈاکٹر کا انکار

اپنے پالتو چیتا اور تیندوے کے بچوں کو چھوڑ کر
یوکرین سے وطن واپس ہونے سے آندھراپردیش کے ڈاکٹر کاانکار

نئی دہلی:07۔مارچ(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)

ایک ہندوستانی ڈاکٹر نے اپنے پالتو چیتا اور تیندوے کو چھوڑکر جنگ زدہ یوکرین سے ہندوستان واپس لوٹنے سے انکار کردیا ہے۔یوکرین پر 24 فروری کو روس کے حملہ کے بعد سے یہ ڈاکٹر اپنے ان دونوں پالتو خونخوار جانوروں کے ساتھ تہہ خانے میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ 

40 سالہ ڈاکٹر گری کمار پاٹل جن کاتعلق آندھراپردیش کے تنوکو،ضلع مشرقی گوداوری سے ہے۔2007 میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے پاٹل یوکرین روانہ ہوئے تھے۔تاہم اپنی تعلیم کی تکمیل کے بعد وہ یوکرین کے ڈون باس میں ہی مستقل رہائش اختیار کرلی۔وہ آرتھوپیڈک ڈاکٹر ہیں۔

ڈاکٹر گری کمار پاٹل روس کے حملہ کے بعد سے ڈونباس کے علاقے میں سیویروڈونٹسک میں موجود اپنے مکان کے نیچے ایک بنکر میں رہ رہے ہیں۔اس علاقے پر علیحدگی پسندوں کا کنٹرول ہے اور حالات تیزی سے بگڑ رہے ہیں۔لیکن ڈاکٹر پاٹل جانوروں کو وہاں چھوڑ کر اپنے وطن واپس لؤٹنے تیار نہیں ہیں۔

دی نیو انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر گری کمار پاٹل نے بتایا کہ میں اپنی جان بچانے کے لیے اپنے پالتو جانوروں کوکبھی بھی نہیں چھوڑوں گا۔بلاشبہ میرا خاندان مجھے واپس آنے کی تاکید کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے پالتو جانور میرے بچے ہیں۔میں ان کے ساتھ رہوں گا اور اپنی آخری سانس تک ان کی حفاظت کروں گا۔”

بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ جنگ شروع ہونے کے بعد ڈاکٹر پاٹل اپنے تہہ خانے سے صرف اپنے ان پالتو جانوروں کے لیے غذا خریدنے کے لیے ہی باہر نکل رہے ہیں۔بی بی سی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نر تنیدوہ کی عمر 20 ماہ ہے اور مادہ چیتا 6 ماہ کا بچہ ہے۔ڈاکٹر پاٹل کے پاس تین کتے بھی ہیں۔

ڈاکٹر گری کمار پاٹل نے بی بی سی کو بتایا کہ میرے دونوں پالتو جانور میرے ساتھ تہہ خانے میں راتیں گزار رہے ہیں۔ہمارے اردگرد بڑے پیمانے پر ہورہی ہے۔جن کی آوازوں سے میرے جانور خوفزدہ ہیں۔وہ کم کھانے لگے ہیں۔انہوں نے پرعزم لہجہ میں کہا کہ میں انہیں کبھی نہیں چھوڑ سکتا۔”

ساتھ ہی ڈاکٹر پاٹل کو امید ہے کہ ہندوستانی حکومت انہیں اپنے تمام پالتو جانوروں کے ساتھ یوکرین سے ہندوستان اور پھر اپنے مکان واقع مشرقی گوداوری ضلع کے تنوکو،آندھراپردیش لانے کی اجازت دے گی۔ڈاکٹر پاٹل کا تعلق آندھرا پردیش کے مغربی گوداوری ضلع کے تنکو سے ہے۔ انہیں امید ہے کہ ہندوستانی حکومت انہیں اپنے تمام پالتو جانوروں کو گھر لے جانے کی اجازت دے گی۔

یاد رہے کہ حیدرآباد ، کیرالا اور دہرادون سے تعلق رکھنے والے ہندوستانی طلبہ مرکزی حکومت کے آپریشن گنگا کے تحت یوکرین کے پڑوسی ممالک سے طلبہ کی ہندوستان منتقلی کے دؤران اپنے پالتو بلیوں اور کتوں کو بھی اپنے ساتھ ہندوستان واپس لائے تھے۔تاہم ڈاکٹر پاٹل کا معاملہ الگ ہے کیونکہ ان کے پاس پالتو چیتا اور تیندوے جیسے خونخوار جانوروں کے ساتھ تین کتے بھی ہیں!!

ڈاکٹر گری کمار پاٹل اپنا ایک یوٹیوب چینل JAGUAR KUMAR TELUGU بھی چلاتے ہیں جس کے 84,800 سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں۔وہ اس یوٹیوب چینل کے ذریعہ ان کے لیے فنڈ اکٹھا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔جنگ کے آغاز کے بعد سے بھی ڈاکٹر گری کمار پاٹل ہنوز اپنے جانوروں کے ساتھ یوٹیوب پر ویڈیوز اپ لوڈ کررہے ہیں۔