قدیم بریج کو منہدم کرنے کے دؤران بلڈوزر بھی ندی میں گرگیا
مظفر نگر: 26۔ستمبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
غیرقانونی تعمیرات کے نام پر یا پھر ملزمین کےمکانات پرسماعت،گواہوں،جرح اور عدالتوں کےفیصلوں سے قبل ہی بلڈوزرس کے ذریعہ عمارتوں کو آن واحد میں زمین بوس کردینے میں ریاست اترپردیش اپنا ایک ریکارڈ رکھتی ہے۔چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کوسوشل میڈیا پران کے مداحوں اور میڈیا کے مخصوص گروپ نے بلڈوزر بابا کا لقب دیا ہے۔اور ان کی اس معاملہ میں خوب ستائش بھی کی جاتی ہے۔یہی چلن اب بی جے پی اقتدار والی چند ریاستوں میں بھی شروع ہوگیا ہے!!۔
ایسے میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہواہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جدید بریج کے قریب موجود ایک انتہائی قدیم بریج کو بلڈوزر کے ذریعہ منہدم کیے جانے کے دؤران بلڈوزر بھی اس پانی میں گرگیا۔تاہم خوش قسمتی سے اس بلڈوزر کا ڈرائیور کسی طرح تیر کر اپنی جان بچانے میں کامیاب رہا۔
بتایاجارہا ہے کہ گنگاندی پر منہدم کیا گیا یہ بریج پانی پت۔ختیمہ ہائی وے کی توسیع کے کاموں کے دؤران منہدم کیاگیاجو کہ 100سال قدیم تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل یہ ویڈیو اترپردیش کے مظفر نگر کا بتایا جاتا ہے۔جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بلڈوزر جدید بریج کے قریب ہی موجود ایک قدیم بریج کے ایک حصہ پر کھڑا ہوکر درمیان سے اس قدیم بریج کے دوسری جانب کے حصہ کو منہدم کررہا ہے۔جونہی اس قدیم بریج کا دوسرا حصہ مشین کی مار سے ٹوٹ کر گرجاتا ہے۔اس کے فوری بعد اس قدیم بریج کا وہ حصہ بھی منہدم ہوجاتا ہے جس پر بلڈوزر کھڑا ہے۔
اس طرح وہ بلڈوزر بھی ڈرائیورسمیت بریج کے ساتھ بہتے ہوئے پانی میں گرجاتا ہے۔جس کے فوری بعد اسی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ڈرائیور خود کو بچاکر اس پانی میں سے نکل کر پیچھے جو بریج کا چھوٹا سا حصہ باقی رہ گیا ہے اس پربھاگنے میں مصروف ہے۔بعدازاں مقامی افراد نے پولیس کی مدد سے ڈرائیور کو بحفاظت وہاں سے نکال لیا۔


