ویمن پولیس اسٹیشن وقارآباد کی سرکل انسپکٹر اور سب انسپکٹر پولیس اے سی بی کے جال میں
تانڈور کے رکن بلدیہ کی شکایت پر کارروائی ،جہیز ہراسانی کیس میں 20ہزار کی رشوت
حیدرآباد/وقارآباد: 21۔اپریل (سحرنیوزڈاٹ کام)
ویمن پولیس اسٹیشن وقارآباد کی سرکل انسپکٹر سروجا اور سب انسپکٹر پولیس رانی آج محکمہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی ) کے جال میں اس وقت پھنس گئیں جب وہ ایک جہیز ہراسانی کے کیس میں تانڈور کے ساکن 6؍افراد خاندان کو پولیس اسٹیشن ضمانت دینے کے لئے 60 ہزار روپئے کی رشوت طلب اور 20 ہزارروپئے کی رقم قبول کررہی تھیں۔
ڈی ایس پی محکمہ اے سی بی رنگا ریڈی ضلع آنند کمارنے میڈیا کو بتایا کہ تانڈور کے ساکن ایک شخص کی جانب سے اس شکایت کے بعد کے ان کے خلاف جہیز ہراسانی کے کیس میں درج مقدمہ(498 A) میں اسٹیشن ضمانت دینے کے لیے سرکل انسپکٹر سروجا اور سب انسپکٹر رانی نے اس شخص اور ان کی والدہ اور بہنوں سمیت 6افرادکو ضمانت کے لیے 60ہزار روپئے کی رشوت طلب کی تھی تاہم یہ معاملہ 40ہزار روپئے میں طئے ہوا۔

آج اسی سلسلہ میں 20ہزار روپئے کی ادائیگی کے دوران اے سی بی کی ٹیم نے دھاوہ منظم کیا اورویمن پولیس اسٹیشن وقارآباد کی سرکل انسپکٹر سروجا اور سب انسپکٹر پولیس رانی کوضبط شدہ رشوت کی رقم کیساتھ تحویل میں لے لیا۔ڈی ایس پی محکمہ اے سی بی رنگا ریڈی ضلع آنند کمار نے بتایا کہ اس معاملہ میں ویمن پولیس اسٹیشن وقارآباد کی سرکل انسپکٹر سروجا اور سب انسپکٹر پولیس رانی پر کیس درج رجسٹر کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جارہی ہیں۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیدار سرکل انسپکٹر ویمن پولیس اسٹیشن وقارآباد کے اثاثوں کی بھی جانچ میں مصروف ہے۔!
دوسری جانب تانڈور کے بلدی حلقہ 7سے منتخب بی آرایس پارٹی کے رکن بلدیہ محمد ارشاد نے آج شام یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 20 فروری کو ان کی اہلیہ کیساتھ گھریلو جھگڑے کے دوران چند افراد نے ان کے خلاف ا ن کی اہلیہ کے ذریعہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی تاہم بناء کسی کونسلنگ کے اس کیس کو ویمن پولیس اسٹیشن وقارآباد منتقل کرتے ہوئے ان کے ، ان کے والدین،بھائی اور بہن کے خلاف جہیز ہراسانی کا کیس درج کرلیا گیا تھا۔
اس سلسلہ میں ویمن پولیس اسٹیشن وقارآباد میں پولیس اسٹیشن ضمانت دینے کے لیے سرکل انسپکٹر سروجا ور سب انسپکٹر رانی نے فی کس دس ہزار روپئے کی رشوت طلب کی تھی ۔رکن بلدیہ محمد ارشاد نے بتایا کہ انہوں نے محکمہ اینٹی کرپشن بیورو سے اس کی شکایت کی تھی ۔

محمد ارشاد نے الزام عائد کیا کہ ویمن پولیس اسٹیشن وقارآباد ضلع کا واحد پولیس اسٹیشن ہے جہاں اسمبلی حلقہ جات تانڈور، کوڑنگل، پرگی اور وقارآباد سے خواتین سے تعلق رکھنے والی شکایات کی جاتی ہیں تاہم اس پولیس اسٹیشن میں ڈرا دھمکاکر لاکھوں روپئے کی رشوت عام حاصل کرنا عام بات بن گئی تھی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکل انسپکٹر سروجا اور سب انسپکٹر رانی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئےرکن بلدیہ محمد ارشاد نے دعویٰ کیا کہ وہ رشوت کے سخت خلاف ہیں اور اسی کے تحت انہوں نے اس سے قبل 5سرکاری عہدیداروں کی بھی اے سی بی سے شکایت کرتے ہوئے انہیں رنگے ہاتھوں گرفتار کروایا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان عہدیداروں سے ان کی کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے وہ سرکاری محکمہ جات میں رشوت کے خاتمہ اور عوام کو اس رشوت سے محفوظ رکھنے کی غرض سے ہی ایسا کئے ہیں۔
محکمہ اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی)کی جانب عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کسی بھی ملازم سرکار کی جانب سےسرکاری امور کی انجام دہی کے لیے رشوت طلب کیے جانے پر محکمہ اے سی بی کے ٹول فری نمبر 1064 پر اطلاع دیں یا پھر محکمہ کے واٹس یپ نمبر 9440446106 کیساتھ ساتھ فیس بک اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر محکمہ کے ہینڈل Telangana ACB کے ذریعہ شکایت درج کروائیں تو ان بدعنوان عہدیداروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔اور ساتھ ہی اطلاع دینے یا شکایت کرنے والوں کی شناخت پوشیدہ رکھی جائے گی۔
محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کا فیس بک لنک https://www.facebook.com/TelanganaACB
ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل لنک https://x.com/TelanganaACB

