تانڈور میں موجود جپسم فیکٹری میں مہیب آتشزدگی، دو کروڑ روپئے مالیتی املاک آگ کی نذر

تانڈور میں موجود جپسم فیکٹری میں مہیب آتشزدگی، دو کروڑ روپئے مالیتی املاک آگ کی نذر
تین جے سی بی مشین، بھاری موٹریں اور دیگر اشیاء راکھ کے ڈھیر میں تبدیل،15 ماہ میں دوسرا واقعہ

وقارآباد/تانڈور: 17۔مئی
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

وقارآباد ضلع کے تانڈورمنڈل کے گنتہ باسپلی موضع اور کرناٹک کی سرحد کے قریب موجود انڈس چیم جپسم فیکٹری میں گزشتہ نصف شب کے بعد مہیب آتشزدگی کے باعث بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے۔یاد رہےکہ اسی فیکٹری میں گزشتہ سال 24 فروری کو بھی بھیانک ٓآگ لگنے سے یہ فیکٹری راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی تھی۔

اب 15 ماہ بعد آج دوبارہ اسی فیکٹری میں مہیب آتشزدگی کےباعث اطراف میں موجود دیہاتوں کے عوام میں خوف اور سنسنی پیدا ہوگئی ہے۔ آگ لگنے کی وجہ سےمختلف دیہاتوں میں اس کےدھویں کے اثرات سے عوام متاثر ہوئے۔ان دیہاتوں کےعوام اس جپسم فیکٹری کے خلاف کئی مرتبہ احتجاج کرچکےہیں کہ اس فیکٹری سے اٹھنے والے دھویں، پاوڈر اور خارج کیے جانے والے فضلا کے باعث ان کی فصلوں کو نقصان ہورہا ہے۔ اور اس فیکٹری سے نکلنے والے دھویں سے وہ مختلف امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔ اس اس فیکٹری میں دوبارہ اسی طرز کی آتشزدگی پر کئی سوال اٹھائے جا رہے ہیں؟

اس فیکٹری میں سمنٹ میں ملایا جانے والا جپسم تیار کیا جاتا ہے۔گزشتہ رات فیکٹری میں کام جاری تھاکہ شارٹ سرکٹ کےباعث اچانک اس فیکٹری میں بھیانک آگ کے شعلے بھڑک اٹھے کام میں مصروف مزدور اور عملہ آگ کو دیکھ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔اطلاع پر تانڈور فائر سرویس کا عملہ جائے مقام پر پہنچ گیا اور آگ کو بجھانے کی کوشش کی تاہم آگ کی شدت میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کوڑنگل اور وقار آباد سے مزید فائر انجن طلب کرلیے گئے تھے اس طرح کافی جدوجہد کے بعد صبح کی اولین ساعتوں تک چار فائر انجنوں نے آگ پر قابو پالیا۔

اس آتشزدگی کے باعث فیکٹری میں موجود تین جے سی بی مشین، موٹرس، پیانل بورڈ، کیبل اور دیگر اشیاء جل کر خاکستر ہوگئے۔اس اطلاع کے بعد سرکل انسپکٹر پولیس کرنکوٹ وٹھل ریڈی اپنے ماتحت عملہ کے ساتھ جائے مقام پر پہنچ گئے۔فیکٹری انتظامیہ اور وہاں موجود قریبی دیہاتوں کے عوام سے تفصیلات حاصل کیں۔

اس فیکٹری کے عہدیدار امریندر نے فیکٹری میں آگ لگنے کی شکایت کرنکوٹ پولیس میں درج کروائی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ شارٹ سرکٹ کےباعث یہ آگ لگی ہے۔تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے۔شکایت میں پولیس کو بتایا گیاہے کہ فیکٹری میں آگ لگنے کے باعث زائد 2 کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔

یہاں یہ تذکرہ غیرضروری نہ ہوگا کہ ا س جپسم فیکٹری کی وجہ سے تانڈور منڈل کے اطراف میں موجود گنتہ باسپلی، ملکاپور، کرنکوٹ اور کوٹاباسپلی کے علاوہ دیگر مواضعات کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اس فیکٹری کے قیام کے بعد سے ہی ان مواضعات کے عوام اور کسانوں کی بڑی تعداد اس جپسم فیکٹری سے نکلنے والے دھویں اور کیمیکل کی وجہ سے پریشان مختلف طریقوں سے احتجاج میں مصروف ہیں۔

عوام اور کسانوں کا کہنا ہے اس جپسم فیکٹری کی وجہ سے فضائی آلودگی سے ان مواضعات میں مختلف امراض پھیل رہے ہیں، ان کی فصلوں کو نقصان ہورہا ہے، آبی ذخائر اور زیر زمین آبی سطح زہر آلود ہو رہے ہیں۔فصلوں کو سیرآب کرنے اور پینے کا پانی ان مواضعات میں زہر آلود ہو رہا ہے۔!!

ان مواضعات کے عوام اور کسانوں نے بتایا کہ وہ اس جپسم فیکٹری کے باعث اس علاقہ کی تباہی و بربادی کے خلاف پولیوشن کنٹرول بورڈ، ضلع کلکٹر کے علاوہ تمام متعلقہ محکمہ جات سے بارہا مرتبہ شکایت کرچکے ہیں لیکن سرکاری سطح پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

" یہ بھی پڑھیں ” 

تانڈور ریلوے اسٹیشن کی 25 کروڑ کے صرفہ سے تزئین کاری کے کام اندرون دس ماہ مکمل کرلیے جائیں گے : ڈی آر ایم بھرتیش کمار جین کا دورہ

 

وقار آباد ضلع : تانڈور کی جپسم فیکٹری میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ، فیکٹری راکھ کے ڈھیر میں تبدیل