وقار آباد ضلع : تانڈور کی جپسم فیکٹری میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ، فیکٹری راکھ کے ڈھیر میں تبدیل

جرائم و حادثات ریاستی خبریں ضلعی خبریں

وقار آباد ضلع: تانڈور کی جپسم فیکٹری میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ،فیکٹری راکھ کے ڈھیر میں تبدیل
تانڈور اور کرناٹک کے فائر عملہ نے تین گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا

وقار آباد/تانڈور: 24۔فروری (سحرنیوزڈاٹ کام)

وقار آباد ضلع کے تانڈور منڈل کے موضع گنتہ باسپلی کے قریب موجودجپسم فیکٹری میں اچانک شعلے بھڑک اٹھے اور یہ آگ اتنی تیزی کے ساتھ پھیل گئی کہ تانڈور اور پڑوسی ریاست کرناٹک سےطلب کیے گئے فائر انجنوں کی مدد سے آگ کو بجھانے کی کوشش کے باوجود یہ فیکٹری جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی۔جس کے باعث ریاست تلنگانہ،ضلع وقارآباد اور تانڈور میں سنسنی کی لہر دؤڑ گئی ہے۔

تانڈور اور پڑوسی ریاست کرناٹک کی سرحد سےصرف چند کلومیٹر قبل موجود موضع گنتہ باسپلی کے قریب جپسم تیار کرنے والی انڈس کیمیکل ہزارڈز میں آج جمعہ کی سہء پہر اچانک آگ کے شعلے بھڑک اٹھے اور اس فیکٹری سے بڑی مقدار کے دھواں نکلنا شروع ہوا اور ساتھ ہی اس علاقہ میں بدبو بھی پھیل گئی پڑوسی مواضعات کے عوام پریشان ہوگئے۔

فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع کے فوری بعد محکمہ فائر سرویس تانڈور کے عہدیدار ناگ ارجن فائر انجنوں اور عملہ کے ساتھ فوری جائے مقام پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کوشش کی۔تاہم آگ اور سیاہ دھوئیں کی شدت بڑھتی ہی جارہی تھی۔جس کےباعث آگ پر قابو پانا مشکل ہوگیا تھا۔اس کےبعد پڑوسی ریاست کرناٹک کے پانی کے ٹینکرس فوری طلب کرلیےگئے۔بالآخر تین گھنٹوں کی سخت جدوجہد کے بعد تانڈور اور کرناٹک کے فائر سرویس کے عملہ کو آگ کو بجھانے میں کامیابی حاصل ہوئی۔عہدیداروں نے بتایا کہ اس آتشزدگی کے واقعہ کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

ابتدائی تحقیقات میں عہدیدار اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ فیکٹری کے باہر موجودسلفر ایسیڈ کے سیلنڈرس پھٹنے کے باعث ہی آگ کی شدت اتنی بڑھ گئی تھی۔اس آتشزدگی میں فیکٹری کی تباہی کے باعث کتنا نقصان ہوا ہے فیکٹری انتظامیہ کی جانب سے ابھی اس کا انکشاف نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب اس جپسم فیکٹری کی وجہ سے تانڈور منڈل کے اطراف میں موجود گنتہ باسپلی،ملکاپور،کرنکوٹ اور کوٹاباسپلی کےعلاوہ دیگر مواضعات کےعوام کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔ان دیہاتوں کے عوام نے میڈیا سے کہا کہ اس فیکٹری کی تباہی ماحولیات کی بربادی کی ایک سزا ہے۔ مواضعات کےعوام اور کسانوں کی بڑی تعداد اس جپسم فیکٹری سےنکلنے والے دھویں اورکیمیکل کی وجہ سے پریشان عوام کئی دنوں سے مختلف طریقوں سے احتجاج میں مصروف ہیں۔

عوام اور کسانوں کا کہناہے اس جپسم فیکٹری کی وجہ سے فضائی آلودگی سےمختلف امراض پھیل رہے ہیں،ان کی فصلوں کونقصان ہورہا ہے،آبی ذخائر اور زیر زمین آبی سطح زہر آلود ہورہے ہیں۔فصلوں کو سیرآب کرنے اور پینے کا پانی ان مواضعات میں زہر آلود ہوگیا ہے۔ان مواضعات کے عوام اور کسانوں نے بتایا کہ وہ اس جپسم فیکٹری کے باعث اس علاقہ کی تباہی و بربادی کے خلاف پولیوشن کنٹرول بورڈ، ضلع کلکٹر کے علاوہ تمام متعلقہ محکمہ جات سے بارہا شکایت کرچکے ہیں لیکن کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے