تانڈور ریلوے اسٹیشن کی 25 کروڑ کے صرفہ سے تزئین کاری کے کام اندرون دس ماہ مکمل کرلیے جائیں گے
ڈویژنل ریلوے مینیجئر ساوتھ سنٹرل ریلوے بھرتیش کمار جین کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا مشاہدہ
وقارآباد/تانڈور: 17۔مئی
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
مرکزی حکومت کی جانب سے امرت بھارت ریلوے اسٹیشن اسکیم کےتحت ملک کی تمام ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کےاہم ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین کاری کی جارہی ہے۔اس سلسلہ میں مرکزی وزارت ریلوے نے گزشتہ سال ریاست تلنگانہ میں موجود ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے 39 ریلوے اسٹیشنوں کا انتخاب کیا تھا۔جن میں حیدرآباد اور سکندرآبادجیسے اہم ریلوے اسٹیشنوں کےعلاوہ وقارآبادضلع کے وقارآباد جنکشن اور تانڈور ریلوے اسٹیشن بھی شامل ہیں۔تزئین کاری کے کاموں کے لیے تانڈور ریلوے اسٹیشن کو 25 کروڑ روپئے منظور کیے گئے تھے۔جس کے کاموں کا آغاز بھی ہوچکا ہے۔
اس سلسلہ میں آج ڈویژنل ریلوے مینیجئر ساوتھ سنٹرل ریلوے(ڈی آر ایم)DRM# بھرتیش کمار جین نے تانڈور ریلوے اسٹیشن کا دؤرہ کرتے ہوئے امرت بھارت ریلوے اسٹیشن کے تحت جاری تزئین کاری کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی آر ایم نے ریلوے اسٹیشن کے باہری علاقہ میں اور پلیٹ فارمس پر جاری تعمیراتی کاموں کا مشاہدہ کرتےہوئے ان کے متعلق مقامی ریلوے عہدیداروں اور کنٹراکٹرس سے تفصیلات حاصل کیں۔ساتھ ہی انہوں نے تانڈور ریلوے اسٹیشن کے باہر گاڑیوں کی پارکنگ اور اندرونی علاقہ میں مسافرین کی سہولت کے لیے تعمیر کیے جا رہے اسکلیٹرز Escalator# کی تعمیر اور مسافرین کے لیے، ویٹنگ رومس،بیت الخلاوں کی تعمیر کےعلاوہ جاریہ دیگرتعمیراتی کاموں کا بھی مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر ڈویژنل ریلوے مینیجئر ساوتھ سنٹرل ریلو ے بھرتیش کمار جین نے کہاکہ امرت بھارت اسکیم کے تحت تانڈور ریلوے اسٹیشن کی عصری طرز پر تزئین کاری کے لیے قبل ازیں مرکزی حکومت کی جانب سے 25 کروڑ روپئے منظور کیے گئے تھے۔انہوں نے کہاکہ اس رقم سے تانڈور ریلوے اسٹیشن میں مسافروں کو کئی سہولتیں فراہم کی جائیں گی اور ساتھ ہی ریلوے اسٹیشن کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا۔
ڈویژنل ریلوے مینیجئر ساوتھ سنٹرل ریلو ے بھرتیش کمار جین نے کہاکہ مسافرین کو مزید بہتر سہولتیں فراہم کرنے کی غرض سے تانڈور ریلوے اسٹیشن میں اسکلیٹرز، ویٹنگ روم، بیت الخلاوں کے علاوہ اسٹیشن کے باہر گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے عصری انتظامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ یہ تمام تعمیراتی کام سرعت کےساتھ جاری ہیں اور اندرون دس ماہ تانڈور ریلوے اسٹیشن میں جاری تزئین نوکےتعمیراتی کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا۔ڈویژنل ریلوے مینیجئرساوتھ سنٹرل ریلوے(ڈی آر ایم) بھرتیش کمار جین نے کہاکہ ریلوے اسٹیشن میں جاری کاموں کی وجہ سے ہونے والی تکالیف کے دوران مسافرین تعاون کریں۔اس موقع پر ریلوے عہدیدار اور عملہ موجود تھا۔

