حیدرآباد میں حادثہ کا شکار گاڑی سے ڈھائی کروڑ روپئے مالیتی
300 کلو گانجہ ضبط، حادثہ میں زخمی دو گرفتار،دیگر دو فرار
اِنووا گاڑی پر گورنمنٹ آف انڈیا کا اسٹیکر لگایا گیا تھا
حیدرآباد:13۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
حیدرآباد میں آج رچہ کونڈا پولیس کمشنریٹ کےتحت کیسرا پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک تیز رفتار انووا گاڑی نے سامنے جارہی لاری کو ٹکر دے دی۔جس کے باعث اس گاڑی کے اگلے حصہ کے پرخچے اڑگئے۔اس حادثہ کے فوری بعد گاڑی میں سوار دو افراد جو کہ زخمی ہوگئے تھے فوری گاڑی سے اترکر وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔جس پر وہاں موجود عینی شاہدین کو شک ہوا اور انہوں نے حادثہ کا شکار گاڑی میں دیکھا تو مشتبہ اشیا نظر آئیں جس کے فوری بعد انہوں نے پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔
جب پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر گاڑی کی تلاشی لی تو اس میں بڑی مقدار میں گانجہ کے پیاکٹ موجود تھے۔اس گاڑی میں موجود مزید دو افراد زخمی تھے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اس سلسلہ میں رچہ کونڈا پولیس کمشنریٹ کی جانب سےجاری کردہ پریس نوٹ کےمطابق حادثہ کا شکاراس انووا گاڑی نمبر DL-7-G-2770 سے پولیس نے مسٹر مہیش ایم بھاگوت آئی پی ایس کمشنرآف پولیس رچہ کونڈا،ایڈیشنل کمشنر آف پولیس مسٹر جی۔سدھیر بابو آئی پی ایس کی نگرانی میں محترمہ کماری رکشیتاکے مورتی آئی پی ایس،ڈی سی پی ملکاجگیری زون،کے شیوا کمار کی براہ راست رہنمائی میں،ایڈیشنل ڈی سی پی،آئی/سی اے سی پی کشائی گوڑا ڈویژن اور پی۔رگھویر ریڈی انسپکٹر آف پولیس کیسرا پولیس اسٹیشن اور ان کے ماتحت عملے کی جانب سے 300 کلو گانجہ ضبط کرلیا گیا۔جس کی قیمت ڈھائی کروڑ روپئے ہے۔
رچہ کونڈا پولیس کمشنریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کےمطابق اس واقعہ کے اہم ملزم شیوم دوبے اور درگیش پانڈے کوتحویل میں لے لیا گیا جو کہ حادثہ کے بعد زخمی ہوگئے تھے۔بعدازاں انہیں علاج کی غرض سے یشودھا ہسپتال،سکندرآباد منتقل کردیا گیا۔
جبکہ ان کا ایک اور ساتھی سونو پانڈے مفرور ہے۔ان تینوں کا تعلق اتر پردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ سے ہے اور ان کےعلاوہ ان کے ساتھ حادثہ کاشکار گاڑی میں موجود چوتھاشخص جس کی شناخت نہیں ہوپائی ہے وہ بھی مفرور ہے۔جس کاتعلق آندھراپردیش کےایجنسی علاقہ اراکو سے بتایا گیا ہے!
رچہ کونڈا پولیس کمشنریٹ کےمطابق یہ آج صبح 6 بجے یہ حادثہ نہرو آؤٹر رنگ روڈ پرموضع یادگار پلی،کیسرا منڈل تا شاہ میر پیٹ کےدرمیان اس وقت پیش آیا جب انووا گاڑی نے اپنے سامنے جاری لاری MH-10-BR-6689 کو ٹکر دے دی۔اس حادثہ میں گاڑی میں سواربشمول ڈرائیور چارافراد میں سے دو شدید زخمی ہوگئے۔جن میں سے دو افراد حادثہ کے فوری بعد گاڑی سے اتر کر فرار ہوگئے۔حادثہ کی شکار اس انوو اگاڑی کے ذریعہ آندھرا پردیش سے اتر پردیش یہ 300 کلو گانجہ اسمگل کیا جارہاتھا۔

رچہ کونڈا پولیس کے مطابق حادثہ کا شکار اس انووا گاڑی کے نمبر پلیٹ کے اوپر”گورنمنٹ آف انڈیا” کو اسٹیکر لگایا گیاتھا۔تاکہ کسی کوبھی شبہ نہ ہو اور حکومت ہند کے عہدیداروں کی گاڑی سمجھ کر اس گاڑی کو روکا نہ جائے۔پولیس نے بتایا کہ دیگر دومفرورملزمین کوتحویل میں لیے جانے کے بعد مزید حقائق واضح ہوسکتے ہیں۔
رچہ کونڈا پولیس کمشنریٹ کے مطابق ان تمام چاروں افراد کے خلاف Cr.No.417/2022 U/s 20 (B) (II) (C) NDPS Act کےتحت کیسرا پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج رجسٹر کرلیا گیا ہے۔اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

