دوسری بیوی نے شوہر کا قتل کرکے نعش کو گھر میں ہی دفن کردیا
حیدرآباد :10۔مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)
ایک خاتون نے اپنے شوہر کو قتل کرکے اپنے ہی مکان میں دفنادیا ۔یہ افسوسناک واقعہ حیدرآباد کے ونستھلی پورم میں آج ایک ماہ بعد منظر عام پر آیا ہے۔
پولیس کے بموجب گگن اگروال نے دو سال قبل اپنی بیوی کو طلاق دینے کے بعد گزشتہ سال نوشین نامی 38 سالہ خاتون سے شادی کرلی تھی۔ کئی دنوں سے اپنے سابق شوہر کے نظر نہ آنے اور لاپتہ ہونے پر اس شخص کی پہلی بیوی نے پولیس میں نوشین پر شک و شبہ ظاہر کرتے ہوئے شکایت کی تھی۔
جس کے بعد پولیس نے نوشین کو اپنی تحویل میں لیکر تفتیش کی تو اس نے اعتراف کرلیا کہ 8 فروری کو اپنے شوہر کیساتھ جھگڑا اور بحث و تکرار کے بعد اس نے اپنے شوہر کا قتل کردیا اور خوف کی وجہ سے اپنے مردہ شوہر کی نعش کو اپنے ہی گھر میں گڑھا کھودکر دفن کردیا۔
دوسری جانب شوہر کے قتل کے بعد اس خاتون نے خود 8 فروری کو ہی ایل بی نگر پولیس اسٹیشن میں اپنے شوہر کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی!۔ بیوی کی جانب سے شوہر کے قتل کے اعتراف کے بعد پولیس نے آج اسکے مکان سے دفن شدہ شوہر کی نعش کی باقیات برآمد کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کی غرض سے ہسپتال روانہ کیا اور اس خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔اس سلسلہ میں پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مزید تحقیقات میں مصروف ہے۔

