مدھیہ پردیش میں بیٹے کی گرفتاری کو روکنے کے لیے ماں نے
پولیس کی کار کے بونٹ پر چھلانگ لگا دی، 500 میٹر تک گھسیٹا گیا
ویڈیو وائرل، تین پولیس عہدیدار معطل : وزیر داخلہ نروتم مشرا کا بیان
بھوپال: 05۔جولائی
(سحر نیوز ڈاٹ کام/ایجنسیز)
ریاست مدھیہ پردیش کے نرسنگ پور میں ایک خاتون اپنے بیٹے کی گرفتاری کو روکنے کےلیے پولیس کی گاڑی کےبونٹ سےچمٹ گئی۔تاہم پولیس والوں نے اسی حالت میں خاتون کو گھسیٹتے ہوئے گاڑی چلائی اور نصف کلومیٹر کے فاصلہ پرموجود پولیس اسٹیشن پہنچنے کے بعد ہی کار کو روکا۔
یہ واقعہ پیر کو نرسنگ پور کے گوٹے گاؤں علاقے میں پیش آیاہے۔ پولیس خاتون کے بیٹے کو جو کہ ایک مبینہ منشیات فروش بتایا گیا ہےکوتحویل میں لے کر پولیس اسٹیشن لے جا رہی تھی تو ماں نے مداخلت کرتے ہوئے اس طرح پولیس کو روکنے کی کوشش کی۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ گاؤں کے ایک خاص حصے میں منشیات فروش کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے جال بچھا کر خاتون کے بیٹے سمیت دو لوگوں کو پکڑ لیا۔علاقے میں پھول بیچنے والی خاتون نے یہ دیکھ کر کہ اس کے بیٹے کولے جایاجا رہا ہے، پولیس کی گاڑی کے بونٹ پر چھلانگ لگا دی اور اس کے بیٹے کو لے جانے سے اور خود کے ہٹ جانے سے انکار کر دیا۔
پولیس نے اپنی کار روکنے اور خاتون کو ہٹانے کے بجائے 500 میٹر کے فاصلہ پر موجود پولیس اسٹیشن تک اپنی کار دؤڑاتی رہی اور اس دوران خاتون کار کے بونٹ سے چمٹی ہوئی تھی۔
اس واقعہ کےعینی شاہد مقامی لوگوں نے اس واقعہ کا ویڈیو بنالیا اور اسے سوشل میڈیا پرشیئر کر دیا۔جو کہ وائرل ہو گیا۔ایک خاتون کے ساتھ پولیس کی بے رحمی کے اس غیر انسانی واقعہ پر عوامی غم و غصہ کو دیکھتے ہوئے اس واقعہ کی محکمہ جاتی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا تھا۔
مدھیہ پردیش کےوزیر داخلہ نروتم مشرا نے آج بھوپال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملہ میں تین پولیس عہدیداروں کو خدمات سے معطل کر دیا گیا ہے۔
اس واقعہ کےمتعلق نرسنگ پورکےسپرنٹنڈنٹ پولیس امیت کمار نے کہاکہ پولیس کی ایک ٹیم پیر کو گوٹی گاؤں ٹاون گئی تھی تاکہ ایک خفیہ اطلاع ملنے پر منشیات فروشوں کو پکڑ سکے۔جب پولیس عہدیدار گاڑی میں دو ملزمان کو پولیس اسٹیشن لا رہے تھے تو ایک خاتون نے گاڑی کے بونٹ کو پکڑ لیا۔ایس پی نے کہا کہ ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ کار بہت آہستہ چل رہی ہے اور ایک تھانے کے گیٹ میں داخل ہوتی ہے۔


