وقارآباد ضلع شدید گرماء کی لپیٹ میں، عوام احتیاطی اقدمات اختیار کریں، دوپہر 12بجے سے شام 4 بجے تک گھروں سے باہر نہ نکلیں: ضلع کلکٹر

وقارآباد ضلع شدید گرماء کی لپیٹ میں، عوام لازمی طور پر احتیاطی اقدمات اختیار کریں
دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک گھروں سے باہر نہ نکلیں، ضلع کلکٹر نارائن ریڈی کاعوام کو مشورہ

وقارآباد: 03۔اپریل
(سحر نیوز ڈاٹ کام)

تلنگانہ ریاست ان دنوں شدید گرماء کی لپیٹ میں ہے۔مرکزی محکمہ موسمیات نے 31 مارچ کو آئندہ دو دنوں تک تلنگانہ میں شدید گرمی کی لہر کا انتباہ دیتے ہوئے ایلو الرٹ جاری کیا تھا۔آج 3 اپریل کو بھی دوبارہ محکمہ موسمیات نے انتباہ دیاہےکہ ریاست تلنگانہ میں مزید دو دنوں تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔

تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی، پلاننگ ڈپارٹمنٹ TSDPS# گورنمنٹ آف تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے متعلق آج 3 اپریل،بروز چہارشنبہ ریاست تلنگانہ کے ضلع نرمل میں سب سے زیادہ 43.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ساتھ ہی مرکزی محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔

وقارآباد ضلع کے تانڈور میں آج 3 اپریل کو سب سے زیادہ یعنی 42.1 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسی دؤران کلکٹر ضلع وقارآباد مسٹر نارائن ریڈی نے آج ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے ضلع کے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ ریاست میں دن بہ دن گرماء کی شدت میں اضافہ ہورہاہے تو ضروری ہےکہ وقارآبادضلع کےعوام اس سلسلہ میں لازمی طور پر احتیاطی اقدامات اختیارکریں۔

کلکٹر ضلع وقارآباد مسٹر نارائن ریڈی نے عوام کو مشورہ دیا ہے دوپہر 12؍بجے سے شام 4؍بجے تک عوام صرف انتہائی ضروری کام کی انجام دہی کے لیے اپنے مکانات سے باہر نکلیں ورنہ اپنے گھروں تک ہی محدود رہیں۔غیر ضروری دھوپ میں نہ گھومیں۔ضلع کلکٹر نے کہاہے کہ گرماء کی شدت کے پیش نظر ضعیف، بیمار افراد اور بچوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہیں بھی بلاء وجہ دھوپ میں نہ جانے دیں اور گھروں میں بھی درجہ حرارت کو متوازن رکھنے کی کوشش کریں۔

ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہےکہ اس سلسلہ میں متعلقہ عہدیدار عوام کو گرمی کی شدت اورمختلف امراض سے محفوظ رکھنے کے لیے
ضروری صلاح و مشورے جاری کریں اور اس کے لیے فوری اقدامات کریں۔

کلکٹر ضلع وقارآباد مسٹر نارائن ریڈی نے عوام کو مشورہ دیاہےکہ دھوپ میں کام یا مزدوری نہ کریں،دھوپ میں کھیل کود سے دور رہیں اور ساتھ ہی بناء سر کو ڈھانپے اوربناء چپلوں کے باہر دھوپ میں نہ گھومیں۔اسی طرح دھوپ کےوقت پارک کی گئیں گاڑیوں میں بچوں اور اپنے پالتو جانوروں کو نہ بٹھائیں۔

ضلع کلکٹر وقارآباد مسٹر نارائن ریڈی نے کہا ہے کہ دوپہر 12؍بجے سے شام 4؍بجے تک خواتین اپنے کچن سے بھی دور رہیں تو بہتر ہوگا۔ کلکٹر ضلع وقارآباد نےمشورہ دیا ہے کہ گرماء کی شدت کے دوران شراب، چائے، کافی، مٹھائی اور کول ڈرنکس کا استعمال نہ کرنا بھی بہتر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی شخص کا جسمانی درجہ حرارت 40.5 سنٹی گریڈ سے زیادہ ہو، زیادہ پسینہ کا اخراج، زیادہ پیاس لگنا، جسمانی نقاہت اور کمزوری، چکر آنا اور سردرد جیسی علامات نظر آئیں تو فوری ڈاکٹر سے رجوع ہوں۔

” یہ بھی پڑھیں "

تلنگانہ میں مزید دو دن تک شدید گرمی کی لہر، درجہ حرارت 44 سنٹی گریڈ تک پہنچنے کا ا نتباہ

دبئی کے حکمراں کے نام سے انعامی مقابلہ کی لنک وائرل، واٹس ایپ پر ہیکرز کا نیا جال، لنک کو کلک اور فارورڈ نہ کریں

 

ملک میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے، اپنے ساتھ 50 ہزار روپئے سے زائد رقم اور زیورات نہ لے جائیں

 

تلنگانہ کے سابق چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست کو مقروض بنا دیا، سب کی نظر کانگریس پر، تانڈور میں پارٹی کارکنوں کا اجلاس