وقارآباد ضلع : راہول گاندھی اور ریونت ریڈی کا کل 2 مارچ کو دورہ اننت گیری ہلز

وقارآباد ضلع : راہول گاندھی اور ریونت ریڈی کا کل 2مارچ کو دورہ اننت گیری ہلز
ہریتا  ریسارٹ میں جاری تربیتی پروگرام کے اختتامی اجلاس میں شرکت
تانڈور۔وقارآباددونوں جانب ٹریفک کا راستہ تبدیل : ضلع ایس پی سنیہا مہرا 

حیدرآباد/وقارآباد: 01۔مارچ
(سحر نیوز ڈاٹ کام )
لوک سبھا میں اپوزیشن قائد راہول گاندھی اور چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کل 2 مارچ،بروز پیر وقارآباد ضلع کا دورہ کریں گے، جہاں وہ وقارآباد ٹاون سے 6 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود سیاحتی مقام اننت گیری ہلز کے ہریتا ویلی ریسارٹ میں جاری آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے صدور ضلع کانگریس (ڈی سی سی)کے لیے 21 فروری سے 2 مارچ تک ” سنگٹھن سریجن ابھیان” کے تحت دس روزہ تربیتی پروگرام میں شرکت اور اس سے اختتامی خطاب کریں گے۔
یاد رہے کہ اس تربیتی پروگرام کا افتتاح چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 21 فروری کو کیا تھا۔جس میں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے کانگریس کے 70 ضلع صدور شریک ہیں۔ کانگریس اس تربیتی پروگرام کے آخری دن کل 2 مارچ کو راہول گاندھی،ریونت ریڈی اور دیگر کانگریسی قائدین کا خطاب ہوگا۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق راہول گاندھی خصوصی طیارہ کے ذریعہ کل 2 مارچ کو صبح 20-9 بجے دہلی سے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (شمس آباد ایئر پورٹ) حیدرآباد پہنچیں گے۔ 20-10بجے صبح شمس آباد ایئر پورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ وقارآباد کے لیے روانہ ہونگے۔
10-30 بجے صبح وقارآباد پہنچ کر وہ ہریتا ویلی ریسارٹ، اننت گیری ہلز پہنچیں گےجہاں شام 30-4 بجے تک راہول گاندھی تلنگانہ اور آندھرا پرد یش کے زیر تربیت ضلعی صدور کے علاوہ کانگریس کے اہم قائدین کے ساتھ مختلف معاملات پر گفتگو کریں گے۔
امکان ہے کہ راہول گاندھی تلنگانہ سے راجیہ سبھا کی دو نشستوں کے لیے انتخاب کے مسئلہ پر بھی قطعی فیصلہ کریںگے۔!! بعدازاں شام 5 بجے وقارآباد سے روانہ ہوکر شمس آباد ایئر پورٹ پہنچیں گے اور وہاں سےدہلی روانہ ہوجائیں گے۔
راہول گاندھی کے دورہ کے دوران حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں ایس پی وقارآباد ضلع محترمہ سنیہا مہرا آئی پی ایس نے کل دفتر ایس پی وقارآباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضلع کے پولیس عہدیداروں کے ساتھ بندوبست، حفاظتی انتظامات اور ٹریفک پابندیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اعلیٰ سطح کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں تاکہ اہم شخصیتوں کے دورہ کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
اس اجلاس میں ضلع ایس پی سنیہا مہرا نے پاورپوائنٹ کے ذریعہ مکمل بندوبست کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے ہیلی پیڈ پر سیکورٹی، قافلے کے روٹ میاپ اور جلسہ گاہ میں کی جانےوالی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے عہدیداروں کو واضح ہدایات دیں۔

انہوں نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ دورہ کےراستوں کی پہلے ہی چیکنگ کی جائے اور متبادل راستے تیار کیے جائیں تاکہ کہیں بھی ٹریفک کا کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ڈیوٹی انجام دینے والے ہر پولیس عہدیدار کو چوکنا رہناہوگا اور آپسی تال میل کےذریعہ خدمات انجام دی جائیں۔
ساتھ ہی ضلع ایس پی سنیہا مہرا آئی پی ایس نے پولیس عہدیداروں کو یہ ہدایت بھی دی کہ اس دوران ایسے انتظامات بھی کئے جائیں کہ عوام کو بھی تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ٹریفک کے گزرنے میں خلل نہ ہو۔
اس اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی بی راملو نائیک ،ڈی ایس پیز پرگی اور وقارآباد سرینواس اور سرینواس ریڈی،انچارج ڈی ڈی ایس پی تانڈور سرینواسلو، ڈی ایس پی ڈی سی آر بی جانیا، ڈی ایس پی اے آر ویریش کے علاوہ وقارآباد ضلع کے سرکل انسپکٹران،سب انسپکٹران پولیس، آرمڈ ریزرو پولیس کے عہدیدارشریک تھے۔
اس سلسلہ میں آج یکم مارچ کو جاری کردہ پریس نوٹ میں ایس پی وقار آباد ضلع محترمہ سنیہا مہرا آئی پی ایس نے کہا ہے کہ قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی ،چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی اور دیگر معززین کے کل وقارآباد کے اننت گیری ہلز کے دورہ کے پیش نظرضلع میں ضروری انتظامات کو یقینی بنانے کی غرض سے قانون کے مطابق انتظامات کیے گئے ہیں اور ٹریفک نظام میں تبدیلی بھی کی گئی ہے۔
ضلع ایس پی نے بتایا ہے کہ اننت گری گھاٹ کے راستے سے تانڈور جانے والی گاڑیوں کو، اور اسی راستے سے تانڈور سے وقارآباد کی جانب آنے والی گاڑیوں کو متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں۔
ان گاڑیوں کو بگا رام لنگیشورا سوامی روڈ اور میرینات کے راستے زیدو پلی جانے والی سڑک کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ مزید برآں ایس اے پی کالج میں جاری انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں شرکت کرنےوالے طلبہ کی سہولت کے لیے کالج کے احاطے کے باہر طلبہ کو اتارنے اور لینے والی گاڑیوں کے لیے پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
امتحانات کے دوران کسی قسم کی تکلیف نہ ہو اس کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی نگرانی کی جائے گی۔
ضلع ایس پی محترمہ سنیہا مہرہ آئی پی ایس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک کے راستے کی تبدیلی پر توجہ دیں، پولیس عہدیداروں کے ساتھ تعاون کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ ٹریفک سے متعلق کسی بھی سوال کے لیے عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ قریبی پولیس اسٹیشن یا ڈیوٹی پر موجود ٹریفک عہدیداروں سے رابطہ کریں۔

 

یہ بھی پڑھیں 

وقارآبادضلع کلکٹر پرتیک جین کا ضلع نارائن پیٹ تبادلہ، دیپک تیواری کا بحیثیت ضلع کلکٹر وقارآباد تقرر ، سب کلکٹر تانڈور کو بھی ترقی

کانگریس اس ملک کی سب سے قدیم پارٹی، میرٹ کے علاوہ دوسرا کوئی کوٹہ نہیں، اننت گیری ہلز کے ریسارٹ میں دس روزہ تربیتی پروگرام ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب