دہلی میں پانچ لاکھ روپئے کے تاوان کے لیے سیلز ٹیکس ایجنٹ کا اغوا
اور دیڑھ لاکھ روپئے لے کررہا کرنے والے دو پولیس کانسٹیبل سمیت تین گرفتار
نئی دہلی: 16۔اکتوبر
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
دہلی پولیس نے دہلی کے ہی دو پولیس کانسٹیبلس سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک سیلز ٹیکس ایجنٹ کو اغوا کیا اور اس سے پانچ لاکھ روپئے تاوان طلب کرتے ہوئے اس شخص کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکی۔بعدازاں دیڑھ لاکھ روپئے لے کر آزاد کردیا۔
دہلی پولیس کے ان پولیس کانسٹیبلس پر ہفتہ کو شاہدرہ کے جی ٹی بی انکلیو سے ایک شخص کو اغوا کرنے اور رقم ادا نہ کرنے پر اسے جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکی دینے کا الزام ہے۔پولیس والوں نے مبینہ طور پر اس شخص کی پٹائی بھی کی۔
میڈیا اطلاعات کےمطابق دہلی کے جی ٹی بی انکلیو میں مقیم ایک شخص جوکہ سیلز ٹیکس محکمہ میں ٹیکس ایجنٹ کے طور پر ملازمت کرتا ہے 11 اکتوبر کی شام اپنےمکان لوٹ رہا تھا کہ شاہدرہ فلائی اوور عبور کرنے کے بعد اچانک ایک کار نے اس کی کار کا راستہ روک دیا۔اس کار میں سے اترنے والے تین افراد اس شخص کو خود کو کرائم برانچ ٹیم کے عہدیدار ظاہر کرتے ہوئے زبردستی اپنی کار میں بٹھاکر لے گئے۔
اس شخص کو بندوق سے ڈراتے ہوئے اس کے پاس موجود 35,000 روپئے چھین لیے۔اور کہا کہ اس کااغوا کرلیا گیا اگررہائی چاہتے ہو تو بطور تاوان 5 لاکھ روپئے دئیے جائیں ورنہ جھوٹے مقدمات میں ملوث کرکے گرفتار کرتے ہوئے اسے جیل بھیجا جائے گا۔
ان تینوں اغوا کنندوں نے اس شخص کو ایک اور مقام پر منتقل کیا۔وہاں بھی اس پر حملہ کرتے ہوئے مارپیٹ کی گئی۔اور ان کے بینک اکاؤنٹ میں موجود 50,000 روپئے اپنے اکاونٹ میں منتقل کروالیے گئے۔جس کے بعدمغویہ سیلز ٹیکس ایجنٹ نے ان سے کہا کہ اس کے پاس اس سے زیادہ رقم نہیں ہے اسے چھوڑدیا جائے۔تاہم اسے آزاد نہیں کیا گیا۔اور مشورہ دیا کہ کسی سے قرض لے کر 5 لاکھ روپئے انہیں دئیے جائیں۔
اس شخص کےساتھ بے تحاشہ مارپیٹ کے الزامات بھی ہیں۔مغویہ سیلز ٹیکس ایجنٹ نے مجبوراً کسی کے پاس سے 70,000 ہزار روپئے منگوا کر ان تینوں اغواکنندوں کو دئیے۔جس کے بعد ان تینوں نے یہ دھمکی دیتے ہوئے کہ اگر اس واقعہ کی اس نےکسی سے شکایت کی تو اس کے نتائج بھیانک ہوں گے اس شخص کو چھوڑدیا۔

رہائی کے فوری بعد خوفزدہ سیلز ٹیکس ایجنٹ نے جی ٹی بی انکلیوپولیس اسٹیشن سے رجوع ہوتے ہوئےاس واقعہ کی شکایت درج کروائی۔پولیس نے اغوا اور ڈکیتی کا کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تو چونکادینے والا معاملہ سامنے آیا کہ یہ سارا کھیل 6 ویں بٹالین میں تعینات کانسٹیبل امیت نے رچا تھا۔پولیس نے اس معاملہ میں دو پولیس کانسٹیبلس کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اس پورے معاملہ میں ایک سب انسپکٹر کے بھی ملوث ہونے کا شبہ ہے!! ایک اور اطلاع میں بتایا گیا ہے اس اغوا کے معاملہ میں دو پولیس کانسٹیبلس کے علاوہ اور ایک دوسرا شخص شامل تھا۔

