اداشدنی چالانات کی ادائیگی کے لیے تلنگانہ پولیس کا بمپر آفر
پوری ریاست میں عمل ہوگا،مختلف گاڑیوں کے چالانات کی رقم میں زبردست رعایت
جرمانوں کی ادا شدنی رقم سے پریشان ماسک نہ پہننے والوں کے لیے بھی بڑی خوشخبری
حیدرآباد:26۔فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ پولیس نے اداشدنی ٹریفک چالانات کی رقم میں رعایت کا اعلان کرتے ہوئے توثیق کی ہے کہ پریشان حال گاڑی مالکین کےلیے اس کی جانب سے ” بمپر آفر ” دیا جارہا ہے۔جن کی گاڑیوں پر ہزاروں روپئے کے چالانات ادا شدنی ہیں۔اور اس رعایت پر حیدرآباد کے تینوں پولیس کمشنریٹ کے حدود کے ساتھ ساتھ ساری ریاست تلنگانہ میں عمل ہوگا۔
پولیس کی جانب سے اس اداشدنی چالانات پر رعایت کا یکم مارچ سے آغاز ہوگا اور 31 مارچ تک ان چالانات کی رقم ادا کی جاسکتی ہے۔
ان چالانات کی رقم میں چھوٹ کے بعد آن لائن یا پھر لوک عدالتوں کے ذریعہ ادا کی جاسکتی ہے۔
ٹووہیلر اور تھری وہیلر گاڑیوں (موٹرسیکلوں،آٹورکشاؤں،مال بردار،پک اپ ویانس،آٹو ٹرالیوں) کے ادا شدنی چالانات کی رقم کی یکمشت ادائیگی پر 75 فیصد چھوٹ ہوگی۔جملہ چالان کی 25 فیصد رقم ادا کرنا ہوگا۔
جبکہ آرٹی سی بسوں کے لیے 70 فیصد رعایت،لائٹ موٹر وہیکلس اور ہیوی موٹر وہیکلس کے ادا شدنی چالانات میں 50 فیصد کی چھوٹ ہوگی۔
وہیں ٹھیلہ بنڈیوں پر عائد کیے گئے چالانات کی ادا شدنی رقم میں 75 فیصد کی چھوٹ کی خصوصی رعایت ہوگی۔
اسی طرح "No Mask” ماسک نہ پہننے والوں کو 900 روپئے تک کی چھوٹ دی جائے گی جن پر قبل ازیں 1000 روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ دو سال سے کوویڈ کی وبا، ملازمتوں اور روزگار سے محروم ہونے والے پریشان حال عوام بالخصوص مڈل کلاس اور غریب طبقہ کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔گاڑی مالکین کے لیے ان چالانات کی بھاری رقم کی اداائیگی پریشان کیے ہوئے ہے۔حکومت تلنگانہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے یہ اقدام گاڑی مالکین کے مفاد میں بہتر مانا جارہا ہے۔
۔۔

