جگتیال میں بھولے بھالے عوام کو دھوکہ دینے والے خودساختہ عاملوں اور جادوگروں کے مکانات پر پولیس کے دھاوے

جگتیال میں خودساختہ عاملوں اور جادوگروں کے مکانات پر پولیس کے دھاوے
جادو ٹونا اور عملیات میں استعمال کی جانے والی مختلف اشیاء ضبط
ضلع ایس پی سندھو شرما کا انتباہ، عوام کو جھانسے میں نہ آنے کا مشورہ

جگتیال: 27؍فروری(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست کے مختلف مقامات پر زیادہ تر خودساختہ جادوگروں اور عاملوں کی ٹولیاں توہم پرست اور بھولے بھالے عوام کو مختلف بہانوں سے خوفزدہ کرتے ہوئے ان سے بڑی رقمیں اینٹھنے میں مصروف ہیں۔بھولے بھالے اور توہم پرست عوام کی بڑی تعداد بھی ان دھوکہ باز جادوگروں اور عاملوں کے شکنجہ میں پھنس کر معاشی طور پر پریشان ہوجاتے ہیں۔توہم پرستی کے شکارلوگ مختلف بیماریوں،ناکامیوں، امتحانات میں کامیابیوں اور دیگر مسائل پر ان دھوکہ باز عاملوں اور جادوگروں سے رجوع ہوجاتے ہیں جن کا یہ لوگ معاشی استحصال کرتے ہوئے انہیں مزید پریشانیوں کا شکار بنادیتے ہیں۔

زیادہ تر دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ پڑھا لکھا طبقہ بھی اندھے عقائد اور توہم پرستی پر یقین کرتے ہوئے ان دھوکہ بازوں کے چنگل میں پھنس جاتے ہیں۔زیادہ ساس بہو کے جھگڑوں،شوہروں کو قابو میں کرنے یا پھر اپنے بیٹے کو اس کی بیوی سے چنگل سے نکالنے،دشمن رشتہ داروں کو مالی اور جسمانی نقصان پہنچانے،خوشحال رشتوں میں دراڑ پیدا کرنے جیسے بدعقیدگی پرمشتمل سوچ کے حامل افراد ایسے ڈھونگی اور خودساختہ عاملوں اور جادوگروں کے چنگل میں پھنس جاتے ہیں۔حتیٰ کہ کئی ایسے دھوکہ باز عامل بھی معاشرہ میں موجود ہیں جو ایڈس اور کینسر کے مکمل علاج کے نام پر معصوم لوگوں سے ہزاروں روپئے اینٹھ لیتے ہیں!!

محکمہ پولیس کے ساتھ ساتھ سماجی تنظیموں کی جانب سے بھی مواضعات میں توہم پرستی اور اندھے عقائد کے خلاف شعور بیداری کی غرض سے مہم چلائی جاتی ہے۔پھر بھی توہم پرست عوام کا دھوکہ باز عاملوں اور جادوگروں پر یقین کم نہیں ہوتا!جادو،ٹونا کے الزامات کے ساتھ اکثر خاندانی جھگڑے بھی عام بات ہیں اور ان غلط فہمیوں کے بیج عوام کے دماغوں میں بوکر خاندانوں اور رشتوں میں دراڑ پیدا کرنے کا کام بھی چند مفاد پرست عامل اور جادوگر کرتے ہیں۔

تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں بھی جادو ٹونا کے شبہ میں گزشتہ دنوں گروہی تصادم اور قتل کی وارداتیں بھی پیش آچکی ہیں۔جس کی وجہ سے محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداران بھی پریشان ہیں۔ضلع جگتیال کے کے ٹی آر نگر میں جادو و بھانامتی کے شبہ میں باپ اور اس کے دو بیٹوں کو مہلک ہتھیاروں سے حملہ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔

وہیں رائیکل منڈل کے موضع جگناتھ پور میں جادو ٹونا کرنے والے 8 افراد کے خلاف باقاعدہ انتباہی فلیکسی بورڈ آویزاں کیا گیا تھا۔جس میں متنبہ کیا گیا تھا کہ اگر گاؤں میں جادو ٹونا کرنے والے اپنا طریقہ کار تبدیل نہیں کریں گے تو سنگین نتائج کا سامنا کرنے تیار رہیں۔ جس کے بعد موضع میں ہلچل مچ گئی تھی۔تاہم ضلع پولیس کی جانب سے جادوٹونا،فرسودہ رسومات اور توہم پرستی کے خلاف شعور بیداری مہم کے ذریعہ دیہاتوں میں جادو ٹونا،منتر کے تعلق سے پروگرام منعقد کیے گئے۔

جگتیال میں گزشتہ دو دنوں سے چند نام نہاد عاملوں اور دھوکہ باز جادوگروں کے خلاف ضلع پولیس کی جانب سے مہم چلائی جارہی ہے جگتیال پولیس نے انہیں پولیس اسٹیشنوں کو طلب کرتے ہوئے ان کی کونسلنگ بھی کی۔

آج پولیس کی جانب سے چند جادو ٹونا اور عملیات کرنے والے جادوگروں اور عاملوں کے مکانات پر باقاعدہ دھاوے منظم کرتے ہوئے جادو ٹونا میں استعمال کی جانے والی اشیا ضبط کرلی گئیں۔

ایس پی جگتیال ضلع مسز سندھو شرما نے اس سلسلہ میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ دھوکہ باز عاملوں اور جادوگروں کی ان غیر سماجی  حرکتوں سے معصوم اور بھولے بھالے عوام ان کی دھوکہ دہی کا شکار ہورہے ہیں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ مختلف بہانوں سے معصوم عوام سے رقم اینٹھنے والے ان دھوکہ باز جادوگروں اور عاملوں کے خلاف پولیس کی جانب سے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ایس پی جگتیال ضلع مسز سندھو شرما نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سائنس و ٹکنالوجی کے اس دٓر میں بھی عوام توہم پرستی کا شکار ہیں اور اپنے مسائل بالخصوص علاج کی غرض سے ان جادوگروں اور عاملوں سے رجوع ہوتے ہیں۔جن میں خواتین کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔جبکہ حیرت انگیز طور پر کئی تعلیم یافتہ گھرانوں کے مرد وخواتین ان جادوگروں اور عاملوں کے چکر میں پھنسے ہوۓ ہیں۔

انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ توہم پرستی کا شکار نہ ہوں،بالخصوص امراض کے علاج کے لئے ہسپتالوں سے رجوع ہوں جہاں ہر مرض کا علاج ممکن ہوتا ہے۔

ایس پی جگتیال ضلع مسز سندھو شرما نے اعلان کیا کہ ضلع جگتیال میں جادوٹونا،فرسودہ رسومات اور توہم پرستی کے خلاف عوام میں شعور پیدا کرنے کی غرض سے بالخصوص مواضعات میں ماہرین اور نکڑ ناٹکوں کی ٹیموں کے ذریعہ مہم چلائی جائی گی۔ساتھ ہی ضلع ایس پی نے عوام سے کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی جادوگر یا عامل کی جانب سے انہیں ہراساں کیا جاتا ہے یا انہیں خوفزدہ و پپریشان کیا جاتا ہے یا پھر انہیں مالی طور پر ٹھگ لیا گیا ہے تو فوری وہ پولیس سے رجوع ہوں اور باقاعدہ ایسے دھوکہ بازوں کے خلاف شکایت درج کروائیں۔جس کے بعد ان دھوکہ بازوں کے خلاف پولیس کی جانب سے سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔