تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے نتائج وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کے ہاتھوں جاری
ہمیشہ کی طرح لڑکیوں نے سبقت حاصل کی، 4 جون سے سپلیمنٹری امتحانات
حیدرآباد : 09/مئی (سحر نیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ سال اول اور سال دوم کے سالانہ امتحانات 2023ءکے نتائج آج تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن، حیدرآبادکے دفتر میں ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے جاری کیے۔ان نتائج کے کامیابی کے تناسب میں ہمیشہ کی طرح لڑکیوں نے سبقت حاصل کی۔وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی نے اس موقع پر پریس کانفرنس میں بتایا کہ انٹرمیڈیٹ سال اول اور سال دوم میں طلبہ کی کامیابی کا تناسب بحیثیت مجموعی 63.49 فیصد ریکارڈ کیا گیاہے۔جن میں جنرل اور ووکیشنل کے طلبہ شامل ہیں۔
امتحانی نتائج ان ویب سائٹس لنک پر دستیاب ہیں۔
انٹرمیڈیٹ سال اول کے امتحانات میں جنرل اور ووکیشنل کے 4,82,675 طلباء نےشرکت کی تھی جن میں سے 2,97,741 کامیاب ہوئے ہیں اور ان کے نتائج کا فیصد 61.68 رہا۔
جبکہ انٹرمیڈیٹ سال دوم کے امتحانات میں مجموعی طور پر 4,65,478 طلبہ نے شرکت کی تھی جن میں سے 2,95,550 طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ جن میں سے 1,91,698 طلبہ نے ‘A‘ گریڈ حاصل کیاہے۔جن کی کامیابی کا فیصد 67.27 رہا۔
ہمیشہ کی طرح انٹرمیڈیٹ سال اول اور دوم کے نتائج میں لڑکیوں نے لڑکوں پرسبقت حاصل کرلی۔انٹر سال دوم کے امتحانات میں شریک 2,29,958 لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد 71.57 رہا۔جبکہ ان امتحانات میں شریک 2,35,520 لڑکوں کی کامیابی کا فیصد 55.60 رہا۔
وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ ناکام ہونے والے طلبہ کے لیے امتحانی پرچوں کی دوبارہ جانچ ReCounting کانظم بھی کیا گیا ہے ان امتحانات میں ناکام ہونےوالے طلبہ سے انہوں نےاپیل کی کہ وہ ہرگز مایوس نہ ہوں اور 4 جون سےشروع ہونےوالے ایڈوانس سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کرتےہوئے کامیابی حاصل کریں۔ناکام طلبہ کے لیےسپلیمنٹری امتحانات کے انعقاد،فیس کی ادائیگی اور امتحانات کا شیڈول جلد ہی جاری کیا جائے گا۔

وزیرتعلیم نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں 15 مارچ تا 4 اپریل انٹرمیڈیٹ سال اور سال دوم کےسالانہ امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔
ان امتحانات میں جملہ 9 لاکھ 45 ہزار 153 طلباء اور طالبات نے شرکت کی تھی۔جن میں سال اول کے 4 لاکھ 33 ہزار 82 طلباء اور طالبات شامل تھے۔جن میں سے 2,72,208 طلبہ نے امتیازی کامیابی حاصل کی جن کی کامیابی کا فیصد 63.85 درج ہوا ہے۔
جبکہ انٹرمیڈیٹ سال دوم کے سالانہ امتحانات میں جملہ 3 لاکھ 80 ہزار 920 طلبہ نے شرکت کی تھی۔ان میں سے 2,56,241 طلبا ء اور طالبات نے کامیابی حاصل کی ہے۔ان کی کامیابی کا فیصد 67.27 رہا۔
انٹرمیڈیٹ سال اول میں طلبہ کی کامیابی کاجملہ فیصد 63.85 رہا۔ان میں سے 68.85 فیصد لڑکیوں نے کامیابی حاصل کی جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا فیصد 56.80 درج ہواہے۔جبکہ انٹرمیڈیٹ سال دوم کے نتائج کا جملہ فیصد 67.26 رہا۔ان میں بھی لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد 73.46 تو 60.66 فیصد لڑکوں نے کامیابی حاصل کی ہے۔
نتائج کے اعلان کے بعد ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ میں کامیابی کسی بھی طالب علم کی زندگی میں اہم موڑ ہوتا ہے،جس کے بعد ان کی اعلیٰ تعلیم کا سلسلہ شروع ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات کے انعقاد کے لیے ریاست میں 1,473 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔اور 26 ہزار افراد کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔

آج جاری کیے گئے انٹرمیڈیٹ سال اول اور دوم کے نتائج میں سرکاری ریسیڈینشیل کالجس کے نتائج 92 فیصد،سوشل ویلفیئر کالجس کے نتائج 89 فیصد، سرکاری کالجس کے نتائج 54 فیصد، 84 فیصد ٹرائبل ویلفیئر کالجس اور مینارٹی ریسیڈینشیل کالجس کے 83 فیصد نتائج آئے ہیں۔اگر یہ کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا کہ سرکاری جونیئر کالجس کے طلبہ کا تعلیمی مظاہرہ کمزور رہا۔!! جبکہ اقلیتی اقامتی کالجس کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں۔

