تلنگانہ میں کل 10 مئی کو دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کیے جائیں گے

تلنگانہ میں کل 10 مئی، بروز چہارشنبہ
دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کیے جائیں گے

حیدرآباد : 09/مئی (سحر نیوز ڈاٹ کام)

ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندرا ریڈی جنہوں نے آج تلنگانہ انٹر میڈیٹ سال اول اور سال دوم کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کیے ہیں۔کل 10 مئی، بروز چہارشنبہ، 12 بجے دوپہر دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کریں گی۔

دسویں جماعت کےسالانہ امتحانات میں شرکت کرنےوالے طلباء اور طالبات کےعلاوہ ان کے سرپرست کل 10 مئی کو دوپہر 12 بجے کے بعد اس ⬇️ لنک کو کلک کرکے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔

https://bse.telangana.gov.in

یاد رہے کہ ریاست تلنگانہ میں 3 اپریل تا 11 اپریل دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔دسویں جماعت کے ان سالانہ امتحانات میں شرکت کےلیے جملہ 4 لاکھ، 86 ہزار 194 طلبہ نے فیس داخل کی تھی تاہم 1,809 طلبہ نے نامعلوم وجوہات کے باعث ان امتحانات میں شرکت نہیں کی اس طرح دسویں جماعت کے ان سالانہ امتحانات میں جملہ 4 لاکھ 84 ہزار 384 طلبہ نے شرکت کی تھی۔

تاہم بدقسمتی سے دسویں جماعت کے ان سالانہ امتحانات کے آغاز کے پہلے ہی دن 3 اپریل کو وقارآباد ضلع کے تانڈور کے گورنمنٹ نمبر ون ہائی اسکول میں قائم امتحانی مرکز سے پرچہ سوالات کی تصاویر لے کر واٹس ایپ پر وائرل کر دیا گیا تھا۔اس سلسلہ میں اسی شام ضلع کلکٹر وقار آباد مسٹر نارائن ریڈی نے طلبہ اورعوام کے اعتماد کو بحال رکھنے کی غرض سےسخت اقدامات کو یقینی بناتے ہوئے اس امتحانی مرکز پر خدمات انجام دینے والے ڈپارٹمنٹ آفیسر (ڈی او) شیوا کمار اور چیف سوپر وائزر گوپال کی بھی معطلی کا اعلان کیا تھا۔ساتھ ہی ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے امتحانی مرکز کے انویجلیٹر سرینواس کواس ذمہ داری سے ہٹانے اور ان کے خلاف بھی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

بعدازاں 4 اپریل کو سرکل انسپکٹر پولیس تانڈور (اربن) راجندر ریڈی نے میڈیا کو بتایاتھا کہ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ نقل نویسی کے ذریعہ طلبہ کو کامیاب کروانے کی غرض سے ہی کل (3 اپریل) کو تلگو کا پرچہ سوال افشا کیا گیا تھا۔

سرکل انسپکٹر پولیس راجندر ریڈی نے بتایاتھا کہ اس امتحانی مرکز میں خدمات انجام دینےوالے ایس۔بندایا ٹیچر نے اپنے موبائل فون کے کیمرے سے پرچہ سوال کے چار صفحات کی تصاویر لے کر موضع چینگول کے زیڈ پی ٹی سی اسکول میں خدمات انجام دینے والے اپنے ایک ساتھی ٹیچر سماپا کو واٹس ایپ کے ذریعہ روانہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے اور یہ دونوں دوست ہیں۔

سرکل انسپکٹر پولیس کےمطابق پرچہ سوالات موصول ہوتےہی سماپا ٹیچر نے وی جی ایس گائیڈ سےسارےسوالات کےجوابات پرمشتمل صفحات پھاڑ لیے اور ودیا بک سنٹر و زیراکس سنٹر پہنچ کر اس کے مالک شیوا کے پاس ان جوابات کی چٹھیوں کےکئی زیراکس بنالیے۔جونہی یہ اطلاع عام ہوئی کہ نمبرون اسکول سے پرچہ سوالات کا افشاء ہوا ہے تو سماپا وہاں سے فرار ہوگیا۔

سرکل انسپکٹر پولیس نے بتایا تھا کہ ایم ای او تانڈور کی جانب سے پرچہ سوالات کے افشاء کی شکایت پر بندایا اورسماپا ٹیچرکے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کرلیا اور پولیس نے دونوں کو گرفتار کرتے ہوئے تانڈور کی عدالت میں پیش کیا جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں روانہ کر دیا گیا۔

بعدازاں دوسرےہی دن ورنگل پولیس کمشنریٹ کےدائرہ میں موجود کملاپورضلع پریشداسکول سے 4 اپریل کودسویں جماعت کےہندی پرچہ سوالات کے افشاء کا معاملہ سامنے آیا تھا۔اس معاملہ میں ورنگل پولیس نے پرشانت سمیت تین افراد کو گرفتار کیاتھا بعدازاں پولیس نے صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار کو اصل سازشی قرار دیتےہوئے ملزم نمبر ایک بناتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔جنہیں بعدازاں عدالت نے مشروط ضمانت دی تھی۔پولیس کا الزام ہے کہ انہی کی شہ پر دیگر ملزمین نے پرچہ سوالات کو امتحانی مرکز سے چوری کرتے ہوئے اسے واٹس ایپ کے ذریعہ سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا تھا۔

ان دونوں واقعات کا امتحانات کے انعقاد پر کوئی اثر نہیں پڑا تھا اور ریاست میں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات حسب معمول منعقد کیے گئے تھے جس میں 99.63 طلبہ نے شرکت کی تھی۔

امتحانی نتائج کل 10 مئی کو جاری کیے جانے والے ہیں۔تمام طلبہ کی شاندار کامیابی کے لیے سحر نیوز ڈاٹ کام نیک خواہشات پیش کرتا ہے۔

” یہ بھی پڑھیں ”

وقارآباد ضلع: طلبہ کونقل نویسی کی غرض سے ہی پرچہ سوالات لیک کیا گیا تھا، تانڈور میں دونوں ٹیچرز گرفتار، خدمات سے معطل

پرچہ سوالات کے افشاء کے معاملہ میں گرفتار صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کو عدالت سے مشروط ضمانت