پرچہ سوالات کے افشاء کے معاملہ میں گرفتار
صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کو عدالت سے مشروط ضمانت منظور
حیدرآباد: 06/اپریل (سحرنیوزڈاٹ کام)
صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان حلقہ کریم نگر بنڈی سنجے کمار کو آج رات دیرگئے بالآخر عدالت نے مشروط ضمانت دی ہے۔جنہیں ورنگل پولیس نے دسویں جماعت کے پرچہ سوالات کو افشاء کرنے کی سازش کے الزام میں ملزم نمبر ایک کے تحت دیگر تین ملزموں کے ساتھ کل 5 اپریل کوگرفتار کرلیا تھا۔ بعدازاں انہیں ہنمکنڈہ کی عدالت نے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا۔
آج رات دیر گئے 8 گھنٹوں تک دونوں جانب کے وکلاء کے دلائل،بحث و مباحثہ کے بعد ورنگل ضلع عدالت نے صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کو دسویں جماعت کے پرچہ سوالات کے افشاء کے اس معاملہ میں دو افراد کی جانب سے 20,000 روپے کے ضمانتی مچلکہ کے ساتھ مشروط ضمانت منظور کی ہے۔چونکہ عدالت سےضمانت رات دیر گئےحاصل ہوئی ہے تو امکان ہےکہ بنڈی سنجے کی رہائی کل جمعہ کےدن ہوگی۔
پولیس نے بنڈی سنجے کو 4 اپریل کی نصف شب کے بعد کریم نگر میں ان کے سسرالی مکان سے گرفتار کیا تھا۔بعدازاں انہیں حیدرآباد منتقل کیا گیا یہاں سے انہیں کل دوپہر ہنمکنڈہ لے جایا گیا تھا اور ان کی طبی جانچ کروانے کے بعد پولیس نے مقامی عدالت میں پیش کیاتھا۔بنڈی سنجے کمار کی ریمانڈ رپورٹ میں دسویں جماعت کا پرچہ سوالات کو افشاء کرنے کی سازش کی دفعات عائد کی گئی تھیں۔کل معزز مجسٹریٹ کے سامنے بنڈی سنجے کمار کے وکلاء نے دلیل دی تھی کہ بنڈی سنجے کمار کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔
دونوں جانب کے وکلاء کی بحث کے بعد معزز مجسٹریٹ نے کل 5 اپریل کو صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان بنڈی سنجے کمار کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا۔
یاد رہے کہ ورنگل پولیس کمشنریٹ کے دائرہ میں موجود کملاپورضلع پریشد اسکول سے 4 اپریل کو دسویں جماعت کےہندی پرچہ سوالات کے افشاء کے معاملہ میں پولیس نے بنڈی سنجے کمار کو اصل سازشی قراردیتے ہوئے ملزم نمبر ایک بنایا تھا۔پولیس کا الزام ہے کہ انہی کی شہ پر دیگر ملزمین نے پرچہ سوالات کو امتحانی مرکز سے چوری کرتے ہوئے اسے واٹس ایپ کے ذریعہ سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا تھا۔
اس معاملہ میں صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان کریم نگر بنڈی سنجے کمار پر پولیس نے 120 (B), 420,447,505(1)(B), IPC-4(A),6 کے علاوہ دیگر دفعات کے تحت کیس درج کرتے ہوئے گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کیا تھا۔
اسی دؤران بنڈی سنجے کمار کے عدالتی ریمانڈ کو چیلنج کرنے اور ریمانڈ کو منسوخ کرنے کے لیے بی جے پی کی جانب سے آج جمعرات کو تلنگانہ ہائی کورٹ میں دائر لنچ موشن کی درخواست پرسماعت پیر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی۔معزز چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ اجل بھویان کی سربراہی والی بنچ نے بنڈی سنجے کمارکے وکیل کی جانب سے دائر لنچ موشن پٹیشن کی سماعت کی اور پولیس کو جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔عدالت نے بنڈی سنجے کے وکلاء سے یہ بھی کہا کہ وہ ضمانت کے لیے متعلقہ عدالت سے رجوع ہوسکتے ہیں۔
درخواست کی سماعت کے دوران بنڈی سنجے کی جانب سے پیش ہوئے ایڈوکیٹ رام چندر راؤ نے کہاکہ بنڈی سنجے کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیاہے۔وکیل نے ہائی کورٹ کو بتایا کہ پولیس نے ان کے موکل کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 41A کےتحت نوٹس جاری کیے بغیر ہی گرفتار کر لیا ہے۔
ہائی کورٹ کی ایک اور بنچ نے بی جے پی لیڈر کی جانب سے دائر کی گئی ہیبیس کارپس کی درخواست پر پولیس کو نوٹس جاری کیا۔لنچ موشن پٹیشن پر بنڈی سنجے کمار کی جانب سے ان کے وکیل نےمعزز جج کو توجہ دلائی کہ ہائی کورٹ کومسلسل تین دن تعطیلات ہیں۔جس پر معزز جج نے کہا کہ ضمانت کی درخواست داخل کی جا سکتی ہے۔

صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کے وکلاء نے ضمانت کے لیے آج ہی ہنمکنڈہ کی عدالت میں عرضی داخل کی جس پر عدالت کی تحقیقات جاری تھیں کہ پولیس نے کسٹڈی پٹیشن داخل کرتےہوئےعدالت سے اپیل کی کہ انہیں ضمانت نہ دی جائے۔ان دونوں درخواستوں پر فرسٹ کلاس ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ہنمکنڈہ محترمہ انیتا راپولو نے سماعت کا آغاز کر دیا۔
آج بعد دوپہر ان دونوں درخواستوں پر 45-2بجے سے بحث و مباحث کا آغاز ہوا تھا جو کہ تجسس سے بھرپور 8 گھنٹوں تک جاری رہا۔بنڈی سنجے کمار کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ پرچہ سوالات کے افشاء سے ان کے موکل کا کوئی تعلق نہیں ہے۔جبکہ پولیس کی جانب سے پیش ہونے والے وکلاء کا کہنا تھا کہ اگر انہیں ضمانت منظور کی گئی تو وہ ثبوت و شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرسکتے ہیں۔
ساتھ ہی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ بنڈی سنجے سے مزید پوچھ تاچھ کرنی ہے جس پرمعزز ضلع مجسٹریٹ نے بنڈی سنجے کو ضمانت کے فیصلہ کی سماعت تین بار ملتوی کی۔بالآخر تجسس کے درمیان معزز عدالت نے صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کو آج رات دیر گئے مشروط ضمانت دے دی۔
" پرچہ سوال کے افشاء کے بعد کمشنر پولیس ورنگل کا تفصیلی بیان "

