وقارآباد کے ریلوے بریج پر آرٹی سی بس کی موٹرسیکل کو ٹکر
ایک ہلاک،ایک شدید زخمی،آرٹی سی بس کا تعلق تانڈور ڈپو سے
وقارآباد:16۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
آج رات وقارآباد کے ریلوے بریج پر پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں دو نوجوان اس وقت شدید زخمی ہوگئے جب ان کی موٹرسیکل کو ایک تیزرفتار آرٹی سی بس نےمخالف سمت سے ٹکر دے ان میں سے ایک نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بہار اور جھارکھنڈ ریاستوں کے متوطن انصاری ساجد اور شبھم ملاد وقارآباد میں زیر تعمیر ضلع کلکٹریٹ کی جدید عمارت کے تعمیراتی کاموں کی انجام دہی کی غرض سے وقارآباد میں رہائش پذیر ہیں۔
آج رات انصاری ساجد اور شبھم ملاد کام کی تکمیل کے بعد اپنی موٹرسیکل کے ذریعہ دفتر کلکٹریٹ کی زیر تعمیر عمارت سے وقارآباد واپس ہورہے تھے کہ تانڈور ڈپو سے وابستہ تیز رفتار آرٹی سی بس نمبر AP 29 Z 3609 نے جو کہ تانڈور سے براہ وقارآباد حیدرآباد جارہی تھی وقارآباد کے ریلوے بریج پر مخالف سمت سے موٹرسیکل کو زوردار ٹکر دے دی۔

جس کے باعث دونوں موٹرسیکل سوار شدید زخمی ہوکر سڑک پر گرگئے جنہیں فوری طور پر مقامی افراد نے وقارآباد کے ایریا ہسپتال کو منتقل کیا۔
ہسپتال میں دؤران علاج شدید زخمی موٹرسیکل راں شبھم ملاد زخموں سے جانبر نہ ہوسکا جبکہ دوسرے زخمی انصاری ساجد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کا علاج کیا جارہا ہے۔!

حادثہ کی اطلاع کے فوری بعدراج شیکھر سرکل انسپکٹر پولیس وقارآباد اورسب انسپکٹر پولیس لکشمیا سب انسپکٹر پولیس پولیس جمعیت کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچ گئے بعد پنچنامہ بس اور موٹرسیکل کو سڑک سے ہٹاتے ہوئے ٹریفک نظام بحال کیا گیا۔
اس حادثہ کے باعث اس مصروف شاہراہ پر موجود ریلوے بریج پر ٹریفک نظام مسدود ہوگیا تھا اور دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی تھیں۔
اس سلسلہ میں وقارآباد پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے۔

