مدھیہ پردیش : سوامی ویرگیانند گری "مرچی بابا” عقیدت مند کی عصمت دری کے الزام میں گرفتار

مدھیہ پردیش:سوامی ویرگیانندگری”مرچی بابا”عقیدت مند کی عصمت دری کے الزام میں گرفتار

بھوپال:09۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز )

خود ساختہ سوامی ویراگیانند گری کو آج ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں ایک خاتون عقیدت مند کے ساتھ مبینہ طور پرعصمت دری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

این ڈی ٹی وی نےایڈیشنل کمشنر آف پولیس(اے سی پی) رچا چوبے کے حوالے سے بتایاہے کہ سوامی ویراگیانند گری کو گوالیار سے اس کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 376 (عصمت دری) کے تحت درج مقدمہ کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں بھوپال منتقل کیا جا رہا ہے۔
اے سی پی رچا چوبے کے مطابق پیر کو خاتون عقیدت مند کی جانب سے درج کروائی گئی شکایت کے مطابق ملزم سوامی ویراگیانندگری نے 17 جولائی کو بھوپال میں اس کی خاتون کی عصمت دری کی تھی۔

قابل ذکربات یہ ہے کہ سوامی ویراگیانند گری نے گزشتہ ریاستی اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی حمایت کی تھی۔اس وقت اس نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈگ سوجئے سنگھ کو شکست ہوگئی تو وہ سمادھی لے گا۔سوامی ویراگیانند گری کو”مرچی بابا” کےنام سے بھی جانا جاتا ہے۔اس کے نام سے موسوم مرچی بابا(گاؤ رکھشک) نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر گاؤ سیوک اور سابق اسٹیٹ منسٹر (رینک)مدھیہ پردیش گورنمنٹ لکھا ہواہے

پولیس عہدیدار نے بتایا کہ شکایت کنندہ نے کہا کہ وہ شادی کے بعد کافی عرصے تک بے اولاد رہی اور سوامی گری کے ساتھ رابطے میں آئی، جس نے وعدہ کیا کہ وہ چند رسومات ادا کرے گا جس سے وہ حاملہ ہو جائے گی۔اپنی شکایت میں اس خاتون نے الزام عائد کیا کہ سوامی ویراگیانندگری نے کچھ کھانے کے لیے دیا تھا جسے کھاکر وہ بے ہوش ہوگئی تھی اس کے بعد سوامی نے اس کی عصمت دری کی۔پولیس عہدیدارنے بتایا کہ متاثرہ خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ سماجی بدنامی کے خوف سے فوری طور پر شکایت درج نہیں کرواسکی تھی۔