تلنگانہ میں آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب، 9 اگست تا 22 اگست 22 لاکھ طلبہ کو سینما تھیٹرس میں گاندھی فلم مفت دکھائی جائے گی

ریاستی خبریں قومی خبریں

تلنگانہ میں آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی تقاریب
9 اگست تا 22 اگست 22 لاکھ طلبہ کو سینما تھیٹرس میں
تلگو اور ہندی میں فلم گاندھی مفت دکھائی جائے گی

حیدرآباد:09۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

ہندوستان کی آزادی کے 75 ویں سال (ڈائمنڈ جوبلی) کے موقع پر ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر ڈائمنڈ جوبلی تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ان تقاریب کاکل چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نےحیدرآباد انٹرنیشنل کنوینر سنٹر میں”سواتنترا بھارتا وجرو ستوا دوی سپتمو”کے عنوان سے قومی پرچم لہرا کر سلامی دیتے ہوئے افتتاح انجام دیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہا کہ ملک کی حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب تک موجودہ غربت کا خاتمہ نہیں ہوجاتا۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک نےمختلف شعبہ جات میں ترقی حاصل کی ہےلیکن بشمول دلت دیگر طبقات کویہ احساس ہوتا ہے کہ ان کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔انہوں نے زور دیکر کہا کہ جب تک غربت اور نا انصافی جاری رہے گی اس وقت تک عوامی جدوجہد اور ان میں برہمی پائی جاتی رہے گی۔

چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کی آزادی میں مجاہدین آزادی نےکتنی قربانیاں دی ہیں اس سے سب واقف ہیں۔چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤنے کہا کہ اس آزادی کا تحفظ کرنا اور اس کے ثمرات تمام تک یکساں پہنچانا حکومتوں کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ساتھ ہی انہوں نے عوام کو مذہب اور ذات پات کے خانوں میں تقسیم کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے والوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اور قومی سطح پر عوام ایسی سازشوں کو ناکام بنائیں اور بھائی چارگی کے جذبہ کو مزید تقویت دیتے ہوئے ملک کو مضبوط بنائیں۔

ملک کی آزادی کی تحریک کی قیادت میں مہاتما گاندھی کے رول کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مہاتماگاندھی امن کے پیامبر اور ہنسا کے خلاف تھے یہی وجہ تھی کہ امن کے اس نقیب کو عالمگیر شہرت حاصل ہوئی۔چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کو متحدرکھنے کی ضرورت ہے اور اس میں ریاست تلنگانہ اور یہاں کے عوام ہمیشہ آگے رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ 15 اگست کو ملک کی آزادی کے 75سال مکمل ہوجائیں گے۔ساتھ ہی انہوں نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ نئی نسل کو معلوم نہیں ہے کہ جنگ آزادی میں ان کے بزرگوں نے بنا کسی مذہبی و طبقاتی تفریق کے کس طرح متحدہ ہوکر اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔

دوسری جانب اسکول ایجوکیشن حکومت تلنگانہ کی جانب سے ایک میمو نمبر 8655 جاری کرتے ہوئے ریاست کے تمام ضلع کلکٹران اور ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن اور دیگر محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہےکہ ریاست میں 8 اگست تا 22 اگست منائی جارہیں سواتنترا بھارتاوجروستوا دوی سپتمو تقاریب کے دوران باقاعدہ سینما تھیٹرس میں ریاست کے تمام اپر پرائمری اور سیکنڈری اسکولز کے طلبہ کو 9 اگست،10، 11، 16، 17،18،19 ، 20 اور 21 اگست تک”رچرڈ ایٹن بورو کی ہدایت میں بنائی گئی فلم گاندھی (تلگو اور ہندی) دکھائی جائے۔ان احکام کے تحت تمام چھٹی تادسویں جماعت کے طلبہ کو دس بجے صبح تا ایک بجے دن تک فلم کی نمائش کا بندوبست کیا جائے۔

 

ان احکام میں کہا گیا ہے کہ شروعات کے چند دنوں تک صرف سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو تھیٹرس لے جایا جائے۔اور اسکولوں کے طلبہ کی تعداد،سینماتھیٹرس کی سیٹوں کی بنیاد پر طلبہ کو لے جایا جائے تاکہ تمام طلبہ آرام اور سہولت کے ساتھ فلم گاندھی دیکھ سکیں۔اس میمومیں ضلع کلکٹران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سینماتھیٹر مالکین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اس سلسلہ میں فلم گاندھی کی نمائش کو یقینی بنائیں۔

ساتھ ہی ضلع کلکٹرز اور ڈی ای اوز ضلع کے محکمہ ٹرانسپورٹ کےعہدیداروں سےبھی ربط قائم کرتے ہوئے طلبہ کو اسکولوں سے سینما تھیٹرس تک لے جانے اور واپس لانے کےلیے بسوں اور دیگر گاڑیوں کا بندوبست کریں۔تمام طلبہ کو پابند بنایا جائے کہ وہ فلم دیکھنے جاتے وقت اپنے ساتھ پانی کی بوتل لے جائیں۔اس میمو میں تاکید کی گئی ہے کہ فلم کی نمائش کے دوران تمام طلبہ کا تحفظ اسکول انتظامیہ کی ذمہ داری ہوگی۔اور آمد ورفت کے دوران ہر 15 طلبہ کا خیال رکھنے کے لیے ایک ٹیچر کا تقرر کیا جائے۔

اسی سلسلہ میں اروند کمار آئی اے ایس،اسپیشل چیف سیکریٹری اربن ڈیولپمنٹ تلنگانہ نےٹوئٹ کرتےہوئے لکھا ہے کہ رچرڈ اٹن بورو کی فلم ” گاندھی” کو جس میں بین کنگسلے نے مرکزی کردار ادا کیا ہے،ریاست بھر کے 552 تھیٹرز (تیلگو اور ہندی) میں 9 سے 22 اگست تک طلبہ کو مفت دکھایا جارہا ہے اوراس فلم کو ریاست کے جملہ 22 لاکھ اسکولی بچے دیکھیں گے۔

یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر حکومت کی جانب سے طلبہ کو فلم گاندھی دکھائے جانے کے پہلے دن آج کلکٹر ضلع وقارآباد کے۔نکھیلااور ڈی ای او رینوکا دیوی نے وقارآباد کی سنے میکس تھیٹر میں 4,312 طلبا و طالبات کے ساتھ فلم گاندھی دیکھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے