اشتعال انگیزی اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز پوسٹس پر ہوگی کارروائی
عید اور تہوار آپس میں مل جل کر منائیں،سوشل میڈیا پر پولیس کی گہری نظر
تانڈور میں امن اجلاس، ایڈیشنل ایس پی وقارآباد ضلع پی وی مرلی دھر کا خطاب
وقارآباد/تانڈور: 01 / اپریل
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(اے ایس پی) وقارآبادضلع پی وی مرلی دھر نے تمام طبقات کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے عید و تہوار آپس میں مل جل کر قومی یکجہتی اور میل لاپ کےساتھ منائیں۔انہوں نے انتباہ دیاکہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور اشتعال انگیزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی چاہے ان کی پہنچ کہیں تک بھی ہو۔
ایڈیشنل ایس پی پی وی مرلی دھر آج ہفتہ کے دن وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں ہنومان جینتی،بھدریشور مندرجاترا تقاریب اور ماہ رمضان کی مناسبت سے محکمہ پولیس تانڈور کی جانب سے شاہی پور میں موجود تلسی گارڈن میں ڈی ایس پی تانڈور جی۔شیکھر گوڑ کی قیادت میں منعقدہ امن اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
اس اجلاس میں صدرنشین ضلع لائبریز راجو گوڑ،صدرنشین بلدیہ تانڈور تاٹی کونڈا سواپنا پریمل،نائب صدرنشین بلدیہ پٹلولا دیپا نرسملو،صدرجمعیتہ علماء ضلع وقارآباد مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی،مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن کے عہدیداران محمد خورشید حسین،سید کمال اطہر،صدر تانڈور ٹاون بی آرایس ایم اے نعیم افو سابق رکن بلدیہ محمد عرفان کے علاوہ دیگر نےشرکت کرتےہوئےخطاب کیا اور محکمہ پولیس و عوام کومختلف مشورے دئیے۔
ایڈیشنل ایس پی پی وی مرلی دھرنے اس امن اجلاس سے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مل جل کر امن و امان کے ساتھ تہوار اور عیدین منانےسے فرقہ وارانہ یکجہتی میں اضافہ ہوتا ہے اور ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنا ہر کسی کے لئے لازمی ہے۔جس سے سماج میں ہمیشہ امن کی خوشگوار فضاء قائم رہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ایسی امن کی فضاء کو برقرار رکھنے کی ذمہ داری ہر شہری پرعائدہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ عید اور تہواروں کےموقع ناخوشگوار واقعات،لڑائی اورجھگڑوں کو روکنے کے لیے امن کمیٹیوں کی تشکیل اور امن اجلاس ایک بہترین اقدام ہے۔
ایڈیشنل ایس پی وقارآباد ضلع پی وی مرلی دھر نے اپنے خطاب میں انتباہ دیا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی تضحیک،اشتعال انگیزی اور اکسانے والے پوسٹ کرنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر پولیس کی گہری نظر ہے۔اور اگر کسی نے سوشل میڈیا پر جھوٹ، افواہوں اور اشتعال انگیز پوسٹس یا ویڈیو پوسٹ کئے تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
قبل ازیں مقامی مسلم قائدین محمد خورشید حسین،سید کمال اطہر،مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی،ایم اے نعیم افو،خالد سیف اللہ،غلام مصطفی پٹیل اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہاکہ تانڈور کی پرامن فضاء کو قائم رکھنے کےلیے لازمی ہے کہ دونوں طبقات ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کریں اور ایک دوسرے کے ساتھ بہتر تعاون کریں۔اشتعال انگیزی کرنے والوں کی ہرگز حوصلہ افزائی نہ کی جائے۔اگر کوئی بھی فرد کسی مذہب کے خلاف اشتعال انگیزی کر رہا ہے تو فوری پولیس سے شکایت کی جائے۔
ان مسلم قائدین نے تیقن دیا کہ مسلمانان تانڈور جاترا اور ہنومان جینتی کے مواقع پر ہمیشہ کی طرح تعاون کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تانڈور فرقہ وارانہ یکجہتی اورامن و امان کے معاملہ میں پوری ریاست میں ایک پہچان رکھتا ہے اور اسی پہچان کو قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔
اس امن اجلاس میں جنرل سیکریٹری ہندو اتسو سمیتی پٹلولا نرسملو،سی پی آئی قائد وجئے لکشمی پنڈت،ٹی جے ایس رکن بلدیہ سوماشیکھر،کنوینر تلگو دیشم سیدمجیب حسینی،صدر ٹاون کانگریس و رکن بلدیہ پربھاکر گوڑ، امتیاز بابا،انچارج بی جے پی رجنی کانت،صدر بھدریشورمندر کمیٹی بنٹارم سدھاکر، سرکل انسپکٹران پولیس تانڈور (اربن و رورل) راجندرریڈی،رام بابو،سب انسپکٹران پولیس، پولیس ملازمین کےعلاوہ دونوں مذاہب کےذمہ داران اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔