تلنگانہ میں 15 مارچ سے تین دنوں تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ
ہلکی اور تیز بارش کا امکان، محکمہ موسمیات حیدرآباد کی پیش قیاسی
حیدرآباد: 13۔مارچ (سحرنیوز ڈاٹ کام)
شمالی ہندوستان میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے باعث جنوبی کرناٹک سے چھتیس گڑھ، ودربھ، تلنگانہ اور کرناٹک کے چند علاقوں میں بھی ہوا کے دباؤ میں کمی درج کی گئی ہے اور ہوا کے اس دباؤ میں مزید کمی کا امکان ہے۔اس کےاثرات سےتلنگانہ اور آندھرا پردیش میں گرج و چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کی محکمہ موسمیات کی جانب سے پیش قیاسی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات حیدرآباد کی جانب سے آج 13 مارچ کو جاری کردہ ایک ہفتہ کے موسمی بلٹین میں پیش قیاسی کی گئی ہے کہ 15 مارچ کوتلنگانہ کے اضلاع نظام آباد،عادل آباد، جگتیال، نرمل، کاماریڈی، منچریال، راجنا سرسلہ اور میدک کے چند مقامات پر ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔
16 مارچ کواضلاع سنگاریڈی، ورنگل، ہنمکنڈہ،محبوب نگر، نرمل، نظام آباد، وقارآباد،منچریال،راجنا سرسلہ، میدک، پیدا پلی، جئے شنکر بھوپال پلی، محبوب آباد، بھدرادری کوتہ گوڑم، نلگنڈہ میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کی محکمہ موسمیات حیدرآباد نے پیش قیاسی کی ہے۔
جبکہ 17 مارچ کو اضلاع نظام آباد،نرمل،جگتیال،سنگاریڈی، ورنگل، ہنمکنڈہ،محبوب نگر،نرمل،نظام آباد، وقارآباد،منچریال،راجنا سرسلہ،میدک،پیدا پلی، جئے شنکر بھوپال پلی،محبوب آباد،بھدرادری کوتہ گوڑم،نلگنڈہ کے چند مقامات پر ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق 18 مارچ سے 20 مارچ تک موسم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
موسم گرما کی شدت سے پریشان ریاست کے عوام کو ان دو تین دنوں تک بارش کی پیش قیاسی اور ہونے والی بارشوں کے باعث گرمی سے راحت ملنے کا امکان ہے۔تاہم اچانک گرم موسم کی سرد موسم میں تبدیلی کے اثرات سے انسانی صحت پر پڑنے والے اثرات سے چوکنا بھی رہنے کی ضرورت ہے۔



