تلنگانہ میں 15 مارچ سے نصف دن کااسکول، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کے احکام جاری

تلنگانہ میں 15 مارچ سے نصف دن کااسکول
ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کے احکام جاری

حیدرآباد: 13۔مارچ (سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں موسم گرماکے پیش نظر ہرسال کی طرح اس سال بھی ریاستی محکمہ تعلیمات کی جانب سے 15 مارچ بروز چہارشنبہ تا 24 اپریل بروز پیر تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں کے لیے نصف دن کا اسکول پرمشتمل سرکاری احکام باقاعدہ آج 13 مارچ کو جاری کردئیے گئے ہیں۔

اس سلسلہ میں آج ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نےجاری کردہ Rc.No.42/Genl/2023 میں ریاست کےتمام ریجنل جوائنٹ ڈائرکٹرس آف اسکول ایجوکیشن اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس ( DEO’s# ) کو ہدایت دی ہے کہ اس سرکیولر پر عمل کیا جائے۔

ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ ان احکام میں کہاگیا ہے 15 مارچ سے جاریہ تعلیمی سال 2022-2023 کےتحت ریاست میں موجود تمام سرکاری و خانگی اور امدادی پرائمری,اپر پرائمری اور ہائی اسکولز میں 8 بجے صبح سے دوپہر 30-12 تک تعلیمی نظم ہوگا۔اس کے بعد طلبہ کو مڈ ڈے میل (دوپہر کا کھانا) دیا جائے اور پھر طلبہ کو ان کے مکانات کو روانہ کردیا جائے۔

ان احکام میں کہا گیاہےکہ دسویں جماعت کے طلبا و طالبات کے سالانہ امتحانات جو کہ اپریل میں منعقد ہونے والے ہیں کے لیے دوپہر ایک بجے سے شام 5 بجے تک خصوصی کلاسیس کا نظم کیا جائے۔جو امتحانی مراکز ہیں ان میں بھی یہ خصوصی کلاسیس چلائی جائیں۔

دراصل ریاستی محکمہ تعلیمات کی جانب سےنصف دن کے اسکول کا 9 مارچ کوہی شیڈول طئے کرلیاگیا تھا۔تاہم اس سلسلہ میں آج سرکاری طور پر یہ احکام جاری کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ ریاست تلنگانہ میں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 3 اپریل سے 13 اپریل تک اور انٹر میڈیٹ سال اول اور دوم کے سالانہ امتحانات 15 مارچ،بروز چہارشنبہ سے 4 اپریل بروز منگل تک منعقد ہونگے۔

وہیں ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولوں اور کالجس،اقامتی اسکولوں اور ہاسٹلوں کو 25 اپریل بروزمنگل سے 11 جون بروز اتوار تک جملہ 48 دنوں کی گرمائی تعطیلات ہوں گی۔اور 12 جون سے ریاست میں دوبارہ تمام تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لائی جائے گی۔

اول تا نویں جماعت کے سالانہ امتحانات 12 اپریل سے چونکہ چار مضامین پرمشتمل امتحانات منعقد ہونگے تو ان امتحانات کا اختتام 17 اپریل کو عمل میں آئے گا۔وہیں چھٹی تا نویں جماعت کے طلبہ کے سالانہ امتحانات 20 اپریل کو ختم ہونگے۔