ایم ایل سی کویتا سے ای ڈی کی زائد از 9 گھنٹے طویل پوچھ تاچھ، 16 مارچ کو دوبارہ پیش ہونے کی نوٹس، تجسس برقرار

ایم ایل سی کویتا سے ای ڈی کی زائد از گھنٹے طویل پوچھ تاچھ
16 مارچ کو دوبارہ پیش ہونے کی نوٹس، تجسس میں مزید اضافہ
آج رات ریاستی وزرا کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے ساتھ حیدرآباد واپسی

نئی دہلی/حیدرآباد: 11۔مارچ
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

دہلی شراب اسکام معاملہ میں الزامات کا سامنا کر رہیں صدر تلنگانہ جاگرتی، رکن قانون ساز کونسل و سابق رکن پارلیمان حلقہ نظام آباد کے۔کویتا سے آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ED# نے اس کے دفتر واقعہ دہلی طلب کرتے ہوئے زائد از 9 گھنٹوں تک ان سے پوچھ تاچھ کی۔

کے۔کویتا 11 بجے دن ای ڈی کے دفتر پہنچی تھیں،عہدیداروں کی ایک ٹیم نے ان سے پوچھ تاچھ کا آغاز کیا اور یہ پوچھ تاچھ آج رات 8 بجے ختم ہوئی۔جس کے بعد وہ اپنی ذاتی گاڑی میں ای ڈی کے دفتر سے باہر آئیں۔تاہم انہوں نے میڈیا سے بات نہیں کی۔

بعدازاں ایم ایل سی کے۔کویتا دہلی میں موجود اپنے والد و چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندرا شیکھرراؤ کی رہائش گاہ پہنچیں۔یہاں قابل غور بات یہ ہے کہ کے۔کویتا جس طرح مسکراتے ہوئے صبح ای ڈی کے دفتر میں داخل ہوئی تھیں اسی مسکراہٹ کے ساتھ 9 گھنٹے طویل صبر آزما پوچھ تاچھ کے بعد رات 8 بجے ای ڈی کے دفتر سے باہر نکلیں۔

9 گھنٹے طویل اس پوچھ تاچھ میں ای ڈی کے عہدیداروں نے کے۔کویتا سے کیا سوالات کیے اس کا انکشاف نہیں ہوا ہے اور اس پر تجسس پایا جاتا ہے۔میڈیا اطلاعات کے مطابق جوائنٹ ڈائرکٹر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے بشمول پانچ عہدیداروں کی ٹیم نے کے۔کویتا سے پوچھ تاچھ کی۔جن میں جوائنٹ ڈائرکٹر ای ڈی، لیڈی ڈپٹی ڈائرکٹر اور تین اسسٹنٹ ڈائرکٹرز شامل تھے۔

میڈیا کے مختلف گوشوں میں امکان جتایا جارہا ہے کہ دہلی شراب اسکام معاملہ میں 100 کروڑ روپئے کی حوالہ رقم سے متعلق ان سے پوچھ تاچھ کی گئی ہوگی۔؟

آج ای ڈی کی جانب سےکے۔کویتا سے پوچھ تاچھ کے دؤران تجسس پایا جاتا تھا کہ کیا پوچھ تاچھ کے بعد ان کی گرفتاری کابھی امکان ہے۔!!تاہم ای ڈی کے دفتر سے ان کے باہر آنے کے بعد ایسے اندیشے غلط ثابت ہوئے۔

رکن قانون ساز کونسل کے۔کویتا آج رات حیدرآباد واپس ہورہی ہیں۔ان کے ساتھ دہلی گئےہوئے ان کے بھائی و ریاستی وزیر کے ٹی آر اور وزیر صحت و فینانس ٹی۔ہریش راؤ بھی آج رات ہی ان کے ساتھ حیدرآباد واپس لؤٹ رہے ہیں۔

وہیں آج کی طویل پوچھ تاچھ کے بعد بھی کے۔کویتا کی پریشانیاں ابھی کم یا ختم نہیں ہوئی ہیں اور پوچھ تاچھ بھی یہیں تک ختم نہیں ہوئی بلکہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے کے۔کویتا کو آج ایک اور نوٹس جاری کی ہے کہ وہ مزید پوچھ تاچھ کے لیے 16 مارچ، بروز جمعرات کو دوبارہ اس کے سامنے پیش ہوں۔اب اس نوٹس کے بعدتجسس پیدا ہوگیا ہےکہ 16 مارچ کوکے۔کویتا سےپوچھ تاچھ کےبعد ای ڈی کا اگلا قدم کیا ہوگا۔؟

دوسری جانب ریاست تلنگانہ کے تقریباً تمام اضلاع میں آج صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان حلقہ کریم نگر بنڈی سنجے کمار کےخلاف بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس ) نے شدید احتجاج منظم کرتے ہوئے ان کے علامتی پتلے جلائے۔کئی اضلاع کے پولیس اسٹیشنوں میں صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کے خلاف باقاعدہ شکایتیں درج کرواتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا گیاکہ صدر تلنگانہ جاگرتی و رکن قانون ساز کونسل محترمہ کے۔کویتا کے خلاف اہانت آمیز ریمارک کرنے والے صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کو گرفتار کیا جائے۔

احتجاجیوں کا الزام ہےکہ صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار نے اپنے ریمارک کے ذریعہ نہ صرف رکن قانون ساز کونسل کے۔کویتا کی اہانت کی ہے بلکہ اپنے بیان سے خواتین کی بھی توہین کی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک شارٹ ویڈیو میں سنا گیا ہے کہ صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمارکسی پریس کانفرنس میں کہہ رہے ہیں کہ”ان سے چند میڈیا نمائندوں نے کہا کہ کویتا اکّا کو گرفتار کیے جانے کی اطلاع ہے!! گرفتار نہیں کریں گے تو کیا بوسہ دیں گے۔؟

https://twitter.com/HateDetectors/status/1634568990218678274