گوا جانے والے سیاحوں کے لیے خوشخبری
جھارکھنڈ تا گوا نئی ٹرین کا 28 ستمبر سے آغاز
تلنگانہ کے قاضی پیٹ،سکندرآباد اور وقارآباد کے مسافرین کو سہولت
حیدرآباد: 25۔ستمبر (سحر نیوز ڈاٹ کام)
کونکن علاقہ کی ساحلی سیاحتی ریاست گوا Goa# کی تفریح کی غرض سے ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع بالخصوص حیدرآباد سے سیاحوں کی کثیر تعداد روانہ ہوتی ہے۔سیاحوں کی بڑی تعداد خوبصورت بحرہ عرب کے سمندر میں موجود متعدد چھوٹے اور بڑے جزیروں پرمشتمل گوا تک اپنی خانگی گاڑیوں یا ٹراویلس کی گاڑیوں کے ذریعہ پہنچتی ہے۔جس کے لیے سفر خرچ بہت زیادہ ہوتا ہے اور حیدرآباد تا گوا 670 کلومیٹر کا فاصلہ بذریعہ سڑک سفر کے باعث تھکاوٹ کا باعث بھی بنتا ہے!!
یا پھرحیدرآباد کے سیاح مختلف ٹرینوں اور بسوں کے ذریعہ بیجاپور، ہبلی یا بیلگام پہنچ کر وہاں سے سرکاری اور خانگی بسوں کے ذریعہ گوا تک پہنچتے ہیں۔جبکہ کاچی گوڑہ حیدرآباد سے گوا کے واسکوڈی گاما تک ایک ہفتہ واری ٹرین جمعہ کے چلائی جاتی ہے۔

اب مرکزی وزارت ریلوے گوا کے لیے براہ سکندرآباد ایک یکطرفہ خصوصی ٹرین کا آغاز کررہی ہے۔ جسیدھی۔واسکوڈی گاما نامی اس ٹرین کا نمبر 06398 ہوگا جو کہ جسیدھی(جھارکھنڈ) اور گوا کے واسکوڈی گاما تک چلائی جائے گی۔
اس نئی ٹرین کا آغاز 28 ستمبر بروز منگل سے ہورہا ہے یہ ٹرین جھارکھنڈ کے جسیدھی سے اس دن دوپہر 15-1 بجے روانہ ہوگی۔راستے میں یہ ٹرین دھنباد،بوکارواسٹیل سٹی، مری، رانچی، راورکیلا، بلاسپور، درگ، بلہارشاہ سے ہوتے ہوئے تلنگانہ کے منچریال،قاضی پیٹ،سکندرآباد اور وقارآباد سے تیسرے دن گوا کے واسکو ڈی گاما پہنچے گی۔

یہ ٹرین ریاست تلنگانہ کے منچریال،قاضی پیٹ،سکندرآباد اور وقارآباد ریلوے اسٹیشنوں پر توقف کرتے ہوئے گزرے گی۔براہ گنتکل،ہبلی ،کولیم ،مڈگاؤں دوپہر 40-2 بجے دن واسکوڈی گاما،گوا پہنچے گی۔
جبکہ 28۔ستمبر کو جئے سدھ (جھارکھنڈ) سے نکلنے والی یہ ٹرین 29۔ستمبر کو دوپہر 35-2 بجے دن منچریال پہنچے گی،شام 10-4 بجے اس ٹرین کا توقف قاضی پیٹ ریلوے اسٹیشن پر ہوگا۔

شام 6 بجے یہ ٹرین سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پہنچے گی اور دس منٹ کے توقف کے بعد وہاں سے روانہ ہوگی اور شام 40-7 بجے یہ ٹرین وقارآباد ریلوے اسٹیشن پر دو منٹ کے لیے توقف کرے گی۔اور یہ ٹرین 30 ستمبر کی دوپہر گوا کے واسکوڈی گاما ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔
اس خصوصی ٹرین میں دو ٹو ٹائر اے سی کوچ،تین تھری ٹائر اے سی کوچ،پانچ سلیپر کلاس کوچ، دو جنرل بوگیوں کے علاوہ دو لگیج بوگی ہوں گی۔
یاد رہے کہ ساحلی قدرتی نطاروں سے بھرپور خوبصورت ریاست گوا میں 35 سے زائد چھوٹے اور بڑے سمندری ساحل موجود ہیں جس کا صدر مقام پاناجی ہے جسے کونکن میں پنجم یا پنجی کہتے ہیں۔
چونکہ بیرون ممالک کے سیاحوں کی گوا آمد زیادہ رہتی ہے تو زیادہ تر ہندوستانی سیاح فیملی کے ساتھ تفریح کی غرض سے گوا کا سفر کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے ہیں یا پھر اس کے بجائے کرناٹک کے بنگلور، میسور، ٹاملناڈو کے اوٹی یا کوڈے کنال یا پھر ہماچل پردیش کے شملہ اور مسوری کے سفر کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں!!

