حیدرآباد:مکان سے 61 لاکھ روپئے مالیتی زیورات اور سات لاکھ روپئے کی چوری کے بعد مفرور نیپالی جوڑا گرفتار

گچی باؤلی کے مکان سے 61 لاکھ روپئے مالیتی زیورات اور سات لاکھ روپئے نقد رقم کی چوری
مفرور نیپالی جوڑا شولا پورکے ریلوے اسٹیشن سے گرفتار،مسرقہ زیور اور رقم برآمد
کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا کی پریس کانفرنس

حیدرآباد :25۔ستمبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

سائبر آباد پولیس نے گزشتہ ہفتہ گچی باؤلی کے ٹیلی کام نگر کے ایک مکان سے 61 لاکھ روپئے مالیتی زیورات اور سات لاکھ روپئے نقد رقم کی چوری کے کیس کو اندرون ایک ہفتہ حل کرلیا اور اس واردات میں ملوث ایک نیپالی جوڑے کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے مسروقہ زیورات اور رقم برآمد کرلیا ہے۔

اس چوری کی واردات کو کسی اور نے نہیں بلکہ مکان کے ملازم جوڑے نے ہی انجام دیا تھا جن کا تعلق نیپال سے ہے۔

اس سلسلہ میں طلب کردہ پریس کانفرنس میں چوری میں ملوث نیپالی جوڑا اور ان کے قبضہ سے برآمد کیے گئے زیورات اور نقد رقم کو میڈیا نمائندوں کے سامنے پیش کرتے ہوئے کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا نے اس چوری کی واردات کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے بتا یا کہ گچی باؤلی،ٹیلی کام نگر کے ساکن گووند راؤ نے اس چوری کی واردات کی پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔

پولیس نے تحقیقات کے دؤران نیپال کے ساکن اس مکان کے ملازم جوڑے لنکا بہادر ساہی اور اس کی بیوی پویترا کی ملزمین کی حیثیت سے شناخت کی۔کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ اس نیپالی جوڑے کو مہاراشٹرا کے شولا پور ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ 61 لاکھ روپئے مالیتی زیورات اور سات لاکھ 23 ہزار روپئے کی نقد رقم برآمد کرلی گئی۔

یہ نیپالی جوڑا لنکا بہادر ساہی اور اس کی بیوی پویترا پانچ ماہ قبل گووند راؤ کے مکان میں ملازمت اختیار کی تھی اور اس دؤران ان دونوں نے مالکین کا اعتماد بھی حاصل کرلیا تھا۔

مالک مکان گووند راؤ 18ستمبر کو اپنے دوستوں کے ساتھ سری سیلم روانہ ہوئے تھے اور جاتے وقت انہوں نے مکان کے ملازمین کو بتایا تھا کہ وہ دو دنوں تک مکان نہیں آئیں گے اور مکان کی بہتر حفاظت کی ہدایت دے کر روانہ ہوئے تھے۔

سری سیلم سے جب انہوں نے 19 ستمبر کو لنکابہادر کو فون کیا تو کوئی جواب نہیں آیا شبہ پر گووند راؤ نے اپنے دوستوں کوفون کرکے کہا کہ وہ ان کے مکان جاکر دیکھیں۔

جب ان کے دوست مکان پہنچے تو ملازمین کے کوارٹر خالی تھے اور جب مکان کا معائنہ کیا تو مکان کی جالیاں اور کھڑکیاں ٹوٹی ہوئی پائی گئیں اور انکشاف ہوا کہ مکان میں چوری کی واردات انجام دی گئی ہے۔گووند راؤ کی شکایت کے بعد پولیس نے سارقین کی گرفتاری کے لیے چار خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں۔

کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ مکان میں چوری کی واردات انجام دینے سے قبل سارقوں نے مکان میں موجود سی سی کیمروں کے وائر کاٹ دئیے تھے۔انہوں نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع کے بعد چوری کی واردات میں ملوث اس نیپالی جوڑے کو شولاپور ریلوے اسٹیشن پر گرفتار کرلیا گیا۔اس جوڑے کا ارادہ تھا کہ چند دن شولا پور میں گزار کر نیپال فرار ہوجائیں۔

کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ نیپال کے متوطن یملال نے اس جوڑے کو گووند راؤ کے پاس ملازمت پر رکھوایا تھا اور اس چوری کے معاملہ میں یملال کے کردار کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں جوکہ فی الحال وہ نیپال میں موجود ہے۔