ریاستی وزیر آر اینڈ بی پرشانت ریڈی سے ایم ایل سی و سابق وزیر مہندر ریڈی کی ملاقات
عیدگاہ تانڈور کے درمیان سے ہائی وے کی سڑک کے منصوبہ کو تبدیل کروانے کے لیے نمائندگی
وقارآباد/تانڈور:16۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاستی وزیرعمارات و شوارع (R&B) ویمولا پرشانت ریڈی سے رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی نے حیدرآباد میں واقع ان کے دفتر میں ملاقات کی اس موقع پر صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی تانڈورمحمد یوسف خان،سابق صدر ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف اور ٹی آرایس قائد سیدمسعود احمدبھی ان کے ساتھ تھے۔وزیر آراینڈ بی ویمولا پرشانت ریڈی کو ایک یادداشت حوالے کی گئی۔
بعدازاں وزیر عمارات و شوار ع ویمولا پرشانت ریڈی کوتفصیلی طور پر بتایا گیا کہ ضلع محبوب نگر کے بھوت پورتا منا اکھیلی (کرناٹک) بچھائی جانے والی ہائی وے 167 کی سڑک کو جدید عیدگاہ میدان تانڈورکے درمیان سے گزارنے کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے جی پی ایس سروے انجام دیتے ہوئے عیدگاہ میں نشاندہی کی گئی ہے اور پتھر ایستادہ کیا گیا ہے۔

جس کے باعث مسلمانان تانڈور میں بے چینی پیدا ہوئی ہے کہ اس عیدگاہ میدان کے درمیان سے ہائی وے کی سڑک بچھائے جانے کے بعد عیدگاہ مسلمانوں کے لیے ناقابل استعمال ہوجائے گا۔
اس موقع پر ریاستی وزیر عمارات و شوارع ویمولا پرشانت ریڈی کو تصاویر اور نقشہ کی مدد سے تمام تفصیلات فراہم کی گئیں اور ان سے مطالبہ کیا گیا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا سے موثر نمائندگی کرتے ہوئے عیدگاہ کی اراضی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور ہائی وے کے پلان میں تبدیلی کے لئے نمائندگی کی جائے۔
جس پر ریاستی وزیرعمارات و شوارع ویمولا پرشانت ریڈی نے رکن قانون ساز کونسل ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی اور صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی تانڈور محمد یوسف خان کو تیقن دیا کہ اس سلسلہ میں وہ موثر نمائندگی کو یقینی بنائیں گے۔
بعدازاں رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی نے صدر عیدگاہ و قبرستان کمیٹی تانڈورمحمد یوسف خان،سابق صدر ٹاؤن ٹی آرایس عبدالرؤف اور ٹی آرایس قائد سیدمسعود احمد کے ساتھ محکمہ عمارات و شوارع کے سینئرعہدیدار ایگزیکٹیو انجینئر اِن چیف گنپتی ریڈی سے بھی ان کے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے اس سلسلہ میں نمائندگی کی۔
بعدازاں رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔مہندرریڈی نے کہا کہ وہ ماضی کی طرح آج بھی بالخصوص تانڈور کے مسلمانوں کو درپیش مسائل کی حکومت سے موثر نمائندگی اور ان کے حل کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
" اس ہائی وے سے متعلق مکمل تفصیلی رپورٹ اور تصاویر سحرنیوز ڈاٹ کام کی اس لنک کو کلک کرکے پڑھی جاسکتی ہے "
وقارآباد ضلع: نیشنل ہائی وے 167 شاہراہ براہ چنگیز پور تانڈور کی تعمیر کے لیے جی پی ایس سروے مکمل

