تلنگانہ: آرٹی سی بس میں عاشق جوڑے کی خودکشی
گاؤں سے دونوں زہر پی کر بس میں سوار ہوئے تھے
بھدرادری کوتہ گوڑم :16۔نومبر(سحرنیوزڈاٹ کام)
تلنگانہ کے ضلع کوتہ گوڑم کے اشوا راؤ پیٹ کے ساکن ایک عاشق جوڑے نے تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آرٹی سی ) کی بس میں زہر پی کر خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق اس عاشق جوڑے کی نعشیں کوتہ گوڑم ضلع کے اشواراؤ پیٹ بس اسٹانڈ میں بس سے برآمد ہوئی ہیں اور بس کا تعلق کوتہ گوڑم ڈپو سے ہے۔
پولیس کی جانب سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع کے چندرو گونڈہ منڈل کے سیتایا گوڑم کا ساکن ایرولا جگا راؤ 28 سالہ آٹو رکشا چلایا کرتا تھا جسے بیوی اور دو بچے ہیں۔
جگا راؤ کے اس آٹورکشا کے ذریعہ روزآنہ اسی موضع کے ساکن طلبہ چندرو گونڈا ضلع پریشد ہائی اسکول کو آیا اور جایا کرتے تھے۔اسی دؤران جگاراؤ اور ایک طالبہ کے درمیان محبت ہوگئی۔
اسی دؤران آج منگل کے دن جگاراؤ اور طالبہ دونوں زہر پی کر موضع سے کوتا گوڑم کی بس میں سوار ہوگئے۔جونہی بس پولیس اسٹیشن کے قریب پہنچی بس میں سوار مسافرین نے ان دونوں کے منہ سے کف آتا دیکھ کر بس کے کنڈاکٹر اور ڈرائیور کو اطلاع دی جس پر ان دونوں نے اشواراؤ پیٹ پولیس اسٹیشن کو اس واقعہ کی اطلاع دی۔
ان دونوں کوفوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں بعد معائنہ ڈاکٹرس نے انہیں مردہ قرار دیا۔ان دونوں کی خودکشی کی وجوہات کا انکشاف نہیں ہوا ہے! پولیس نے بتایا ہے کہ اس سلسلہ میں ایک کیس درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

