تلنگانہ کے چار ارکان اسمبلی کی خریدی کا معاملہ: تینوں ایجنٹوں کی درخواست ضمانت مسترد، ایس آئی ٹی کے ملک کی کئی ریاستوں میں دھاوے

تلنگانہ کے چار ارکان اسمبلی کی خریدی کا معاملہ:
تینوں ایجنٹوں کی درخواست ضمانت مسترد
تلنگانہ ایس آئی ٹی کے ملک کی کئی ریاستوں میں دھاوے
ارکان اسمبلی کو دو ریاستوں سے دھمکی آمیز فون کالز!

حیدرآباد: 14۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے مضافاتی معین آباد منڈل کےعزیز نگر کے فارم ہاوز میں ٹی آر ایس پارٹی کےچار ارکان اسمبلی کوکروڑہاروپئے کالالچ دے کر خریدنے کی کوشش والا معاملہ ملک اور ریاست میں تہلکہ خیز ثابت ہوا تھا۔

ٹی آر ایس پارٹی سے تعلق رکھنے والے چار ارکان اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی تانڈور،بیرم ہرش وردھن ریڈی کولہا پور،گوالا بال راجو اچم پیٹ، اور ریگا کانتاراؤ کورقمی لالچ دئیے جانے کے دؤران 26 اکتوبر کو کمشنر پولیس سائبرآبادکمشنریٹ اسٹیفن رویندرا کی قیادت میں پولیس نے فارم ہاؤز پر دھاوہ منظم کرتے ہوئے تین ایجنٹوں رام چندرا بھارتی،عرف ستیش شرما(فرید آباد)،سوامی سمہا جیولو (تروپتی)اور حیدرآبادکےساکن نندو بھارتی کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا تھا۔

پولیس کےمطابق یہ جال پہلے سے ہی بچھایا گیاتھا اور پولیس نے ہی اس فارم ہاؤز میں چار کیمرے نصب کیے تھے اور دو آڈیو ریکارڈرز پائلٹ روہت ریڈی کے کرتے کی جیب میں رکھے گئے تھے۔

وہیں چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندرا شیکھرراؤ اور ٹی آر ایس پارٹی قیادت پکڑے گئے ان تینوں کو بی جے پی کا ایجنٹ کہتی آرہی ہے۔جبکہ بی جے پی اس الزام کو مسترد کرتی آرہی ہے۔

گزشتہ دنوں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے پریس کانفرنس میں باقاعدہ ان ایجنٹوں کی جانب سےکیے گئے کئی انکشافات پرمشتمل ویڈیوز اور آڈیوز پیش کرتےہوئے سیدھے بی جے پی پر تنقید کی تھی۔ساتھ ہی چیف منسٹر تلنگانہ نے کہاتھا کہ وہ سارا ریکارڈ چیف جسٹس آف انڈیا،سپریم کورٹ کے ججوں،ملک کی تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس اور تمام اپوزیشن جماعتوں کے سربراہوں سمیت ملک کی تمام سرکاری ایجنسیوں کو روانہ کریں گے کہ کس طرح بی جے پی ریاستوں میں برسر اقتدار غیر بی جے پی حکومتوں کو گرانے میں مصروف ہے!

ساتھ ہی چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہا تھا کہ چار ارکان اسمبلی کے ساتھ ہوئی بات چیت میں ان تینوں نے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کا نام 20 مرتبہ اور وزیراعظم نریندرمودی کا نام تین مرتبہ لیا ہے۔چیف منسٹر نے یہ دعویٰ کیا بھی تھا کہ ” پکچر ابھی باقی ہے۔!! "

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی جانب سے باقاعدہ تحریری شکایت کےبعدمعین آباد پولیس جو کہ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کے دائرہ میں آتا ہے میں ان تین ایجنٹوں رام چندرا بھارتی،عرف ستیش شرما(فرید آباد)،سوامی سمہا جیولو (تروپتی) اورحیدرآبادکے ساکن نندوبھارتی کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کیس درج رجسٹر کرلیا گیا تھا۔

بعدازاں پولیس نے ان تینوں کو گرفتار کرلیا لیکن تیکنیکی وجوہات کےباعث اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) کی عدالت نےانہیں عدالتی تحویل میں دینے کی پولیس کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔جس کے بعد ہائی کورٹ سے رجوع ہونے پر ریاستی ہائی کورٹ نے پولیس کو اجازت دی کہ ان تینوں کو گرفتار کیا جائے۔

جس کےبعد پولیس نے 29 اکتوبر کو ان تین ایجنٹوں رام چندرابھارتی،عرف ستیش شرما(فرید آباد)،سوامی سمہاجیولو (تروپتی)اور حیدرآباد کےساکن نندو بھارتی کو شیخ پیٹ کی ایک رہائش گاہ سے گرفتار کرنے کے بعد اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی)کی عدالت میں پیش کیاتھا جہاں سے انہیں 14 دنوں کے لیےعدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔جس کی معیاد 11 نومبر کوختم ہوگئی۔بعدازاں انہیں پولیس تحویل میں لے کر پوچھ تاچھ کا سلسلہ جاری ہے اور انہیں دوبارہ جیل بھیج دیا گیا۔

آج 14 اکتوبر کو اینٹی کرپشن بیورو(اے سی بی) کی عدالت نے ان تین ایجنٹوں رام چندرا بھارتی،عرف ستیش شرما(فرید آباد)،سوامی سمہا جیولو (تروپتی) اور نندو بھارتی کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا ہے۔حکومت کی جانب سے پیش ہونے والےوکیل نے عدالت کو بتایا کہ تحقیقات کے جاری رہنے کے دوران انہیں ضمانت دی گئی تو یہ گواہوں کو دھمکاسکتے ہیں اور ثبوت و شواہد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرسکتے ہیں۔جس کے بعد معزز جج نے ان تینوں کی درخواست ضمانت کو نامنظور کردیا۔ 

دوسری جانب تلنگانہ حکومت نے ایک جی او جاری کرتےہوئے ریاستی ڈی جی پی سےدرخواست کی تھی کہ اس سارے معاملہ کی تحقیقات کے لیے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی جائے۔بعدازاں 10 نومبر کوکمشنر سٹی پولیس حیدرآباد سی وی آنند کی قیادت میں ایک اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی۔اس کیس کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے اس ایس آئی ٹی میں سینئر اور تجربہ کار پولیس عہدیداروں کوشامل کیا گیاجن میں ایس پی ضلع نلگنڈہ ریموراجیشوری، ڈی سی پی سائبرآبادکملیشورشینگےنوار،ڈی سی پی آر۔جگدیشورریڈی،ضلع ایس پی نارائن پیٹ این وینکٹیشورلو، ایڈیشنل کمشنر آف پولیس بی۔گنگادھر اور ایس ایچ او لکشمی ریڈی شامل ہیں۔

اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی)اب اس معاملہ کی جانچ میں سرگرم ہے۔میڈیا اطلاعات کے مطابق ایس آئی ٹی نے گزشتہ دو دنوں کے دوران بشمول حیدرآباد،کیرالہ ،دہلی،ہریانہ،آندھرا پردیش اور کرناٹک کےدس مقامات پر وزرا اور ارکان اسمبلی کےدفاتر اورمکانات پر دھاوےمنظم کیے ہیں۔جن کے نام ان تینوں گرفتار شدہ ایجنٹوں کی تفتیش کے دوران سامنے آئے ہیں۔

بتایا جاتا ہےکہ تلنگانہ ایس آئی ٹی کی ٹیمیں الگ الگ کارروائیوں میں مصروف ہیں۔اور اس نے کیرالہ کے ایک ڈاکٹر و سوامی جگو جو کہ گرفتار شدہ رام چندرا بھارتی کا قریبی بتایا جاتاہے سے بھی پوچھ تاچھ کی ہے۔وہیں ایک اور اطلاع یہ بھی ہےکہ یہ ڈاکٹرمفرور ہے۔ان دھاؤوں کے دؤران تلنگانہ ایس آئی ٹی کی جانب سے کئی اہم دستاویزات ضبط کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ارکان اسمبلی کی خریدی کے موقع پر ہونے والی سودہ بازی کےدؤران لیے گئے ویڈیوز اور آڈیوزتجزیہ کے لیے فورنسک لیب بھیجے گئے ہیں۔اور ساتھ ہی ایس آئی ٹی نے جمعہ کے دن ان تینوں گرفتار شدگان رام چندرا بھارتی،عرف ستیش شرما (فرید آباد)،سوامی سمہاجیولو(تروپتی) اور نندو بھارتی کو اپنی تحویل میں لےکر تلنگانہ اسٹیٹ فورنسک سائنس لیبارٹری واقع نامپلی منتقل کرتےہوئے ان کی آوازوں کے نمونے حاصل کیے تاکہ ویڈیوز اور آڈیوز میں موجود آوازوں سے ان کا تقابل کیا جاسکے۔

اسی دؤران انکشاف ہوا ہے کہ اس معاملہ کا پردہ فاش کرنے والے چار ارکان اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی تانڈور،بیرم ہرش وردھن ریڈی کولہا پور،گوالا بال راجو اچم پیٹ اور ریگا کانتاراؤ کو اترپردیش اور گجرات سے دھمکی آمیز فون کالز موصول ہورہے ہیں۔!اور وہ اس کی شکایت باقاعدہ آنے والے فون نمبرات کی تفصیلات اور ریکارڈنگ کے ساتھ پولیس سے کرنے والے ہیں۔یادرہے کہ اس واقعہ کے بعد ریاستی حکومت نے ان چاروں ارکان اسمبلی کی سیکورٹی میں زبردست اضافہ کردیا ہے اور انہیں بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ 

بتایا جارہا ہے کہ اس سلسلہ میں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نےباقاعدہ سائبرآباد پولیس کمشنریٹ میں شکایت درج کروائی ہےکہ انہیں گجرات اور اترپردیش سے دھمکی آمیز فون کالزموصول ہورہے ہیں اور ان کے ساتھ فحش کلامی کرتے ہوئے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

اس واقعہ سے متعلق مکمل تفصیلات اور ویڈیوز ان لنکس پر  "

جمہوریت کی بنیادوں کےتحفظ کے لیے عدلیہ سے ہاتھ جوڑ کر مداخلت کی اپیل، چیف منسٹر تلنگانہ چندراشیکھرراؤ کی پریس کانفرنس میں

 

تلنگانہ میں ٹی آر ایس پارٹی کے چار ارکان اسمبلی کو خریدنے کا پردہ فاش!،گرفتار شدہ تین افراد کا بی جے پی سے تعلق! ٹی آر ایس کا الزام

 

تلنگانہ کے چار ایم ایل ایز کے فارم ہاؤز شکار کا نیا موڑ، پختہ منصوبہ کے ساتھ ہی پولیس کی کارروائی، پولیس کی ریمانڈ رپورٹ میں کئی سنسنی خیز انکشافات

تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے چار ایم ایل ایز کی خریدی کا معاملہ، تینوں ملزمین 14 دنوں کی عدالتی تحویل میں روانہ ، چنچل گوڑہ جیل منتقل

Telangana #MLAsPoaching#
SpecialinvetigationTeam #SIT#