تلنگانہ کے چار ایم ایل ایز کے فارم ہاؤز شکار کا نیا موڑ، پختہ منصوبہ کے ساتھ ہی پولیس کی کارروائی، پولیس کی ریمانڈ رپورٹ میں کئی سنسنی خیز انکشافات

ریاستی خبریں سوشل میڈیا وائرل قومی خبریں

تلنگانہ کے چار ایم ایل ایز کے فارم ہاؤز شکار کا نیا موڑ
پختہ منصوبہ کے ساتھ ہی پولیس کی کارروائی،تمام آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ موجود
بی جے پی ایجنٹوں کی ریمانڈ رپورٹ میں پولیس کے کئی سنسنی خیز انکشافات

حیدرآباد: 29۔اکتوبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/ ڈیسک رپورٹ)

تین دن قبل حیدرآباد کے مضافاتی رنگاریڈی ضلع کےمعین آباد منڈل کے عزیز نگر میں موجود پی وی آر فارم ہاؤز میں ٹی آر ایس پارٹی کے چار ارکان اسمبلی کو بی جے پی میں شامل کرنے کےلیے تین بی جے پی کے ایجنٹوں کی جانب سے کروڑہاروپئے اورکنٹراکٹ دئیے جانے کے پیشکش کا سائبرآباد پولیس نے پردہ فاش کیاتھا۔پولیس کےمطابق اس واقعہ کی اطلاع قبل ازیں خود رکن اسمبلی تانڈورپائلٹ روہت ریڈی نےدی تھی۔

بعدازاں پولیس نے فارم ہاؤز پر دھاوہ منظم کرتے ہوئےبی جے پی کے تین ایجنٹوں رام چندرا بھارتی،عرف ستیش شرما( فرید آباد )،سوامی سمہا جیولو(تروپتی) اور حیدرآباد کے ساکن نندو بھارتی کو اپنی تحویل میں لیا تھا۔

جہاں ٹی آر ایس کی جانب سے کہا جارہاہےکہ ان تینوں ایجنٹوں کی جانب سے پارٹی کے ان چار ارکان اسمبلی کو 100 کروڑ روپئےاور کنٹراکٹ کی پیشکش کرتے ہوئے بی جے پی میں شامل ہونے کی ترغیب دی جارہی تھی اورعین وقت پر پولیس نےدھاوہ منظم کرتے ہوئے اس سازش کا پردہ فاش کیا۔وہیں بی جے پی قائدین اسے ایک ڈرامہ قرار دے رہے ہیں۔یہ معاملہ ریاست اور قومی سطح پر موضوع بحث ہے۔

کل دن بھر علاقائی نیوز چینلوں اور یوٹیوب چینلوں پر اس واقعہ اور لین دین سے متعلق دو آڈیوز پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیاتھا کہ یہ آڈیوز ان بی جے پی ایجنٹوں اور رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کے درمیان فون پر ہونے والی گفتگو پرمشتمل ہیں۔جس میں باقاعدہ طورپر ٹی آر ایس پارٹی کے چار ارکان اسمبلی کی خریدی کے متعلق گفتگو تھی۔

سوشل میڈیا پربھی یہ آڈیوز وائرل ہوئےہیں جوکہ رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی،سوامی رام چندرا بھارتی اور نندو کمار کےدرمیان ہونے والی گفتگو کے بتائے جارہے ہیں۔جس میں یہ دونوں پائلٹ روہت ریڈی کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرنے کا تیقن دے رہے ہیں۔

اس موقع پر فارم ہاؤز میں ٹی آرایس پارٹی کے چار ارکان اسمبلی جن میں اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی،بیرم ہرش وردھن ریڈی،کولہا پور، گوالا بال راجو،اچم پیٹ اور ریگا کانتاراؤ موجود تھے۔تاہم کل وائرل شدہ آڈیوز میں بتایا گیاتھا کہ حلقہ اسمبلی چیوڑلہ،تانڈور،کوڑنگل اور پرگی کے ارکان اسمبلی کو بھی خریدا جائے گا۔!! اطلاعات کے مطابق ان آڈیوز کی تصدیق کے لیے پولیس کی جانب سے فورنسک لیاب بھیجا جائے گا۔

دوسری جانب سیاسی اور عوامی حلقوں میں ایسی اطلاعات زیر گشت ہیں کہ یہ لین دین مذکورہ بالا چار ارکان اسمبلی کی مرضی سے ہورہا تھا؟؟۔وہیں دیگر ذرائع کے مطابق اس بات سے ٹی آر ایس پارٹی ہائی کمان کو ان ارکان اسمبلی نے واقف کروادیا تھا جس کے بعد یہ منصوبہ تیار کیا گیا اور عین وقت پر پولیس کےہاتھوں ان بی جے پی ایجنٹوں کو رنگے ہاتھ پکڑوایا! جو بھی ہو اصل حقائق پولیس تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔اس معاملہ میں رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کی شکایت پرمعین آباد پولیس نے بی جے پی کےتین ایجنٹوں رام چندرا بھارتی،عرف ستیش شرما( فرید آباد )،سوامی سمہاجیولو (تروپتی) اور حیدرآباد کے ساکن نند بھارتی کوتحویل میں لیا تھا۔تاہم تیکنیکی وجوہات کے بعد انہیں عدالتی تحویل میں روانہ نہیں کیا جاسکا۔تاہم عدالت نے ان تینوں کو حیدرآباد نہ چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔اطلاع ہےکہ آج عدالت نے ان تینوں کو خود کو پولیس کے حوالے کردینے کا حکم دیا ہے۔

پولیس نے اب ان تینوں کی ریمانڈ رپورٹ میں ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی خریداری کےمعاملے میں سنسنی خیز باتوں کا ذکر کیاہے۔ٹی وی 9 کی رپورٹ کے مطابق اس ریمانڈ رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کو غیرمستحکم کرنے کا منصوبہ تیار کرتے ہوئے ہی ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کولالچ دیا گیا۔

کل عدالت میں داخل کی گئی اس ریمانڈ رپورٹ کی تفصیلات میں پولیس نے عدالت کو بتایا ہے کہ اس سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے فارم ہاؤز میں چار خفیہ کیمرے اور دو وائس ریکارڈرز استعمال کیے گئے تھے۔پولیس نے بتایا کہ ہال میں خفیہ کیمرے لگائے گئے تھے اور پائلٹ روہت ریڈی کے کرتے کی جیب میں دو وائس ریکارڈر رکھے گئے تھے۔فارم ہاؤز ہال میں 3 بجکر 5 منٹ پر خفیہ کیمروں کو آن کیا گیا تھا۔

پولیس نے اپنی ریمانڈ رپورٹ کے ذریعہ عدالت کو بتایا کہ رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی ملزموں کے ساتھ 3.10 بجے سہء پہر فارم ہاؤز کے ہال میں پہنچے تھے۔جبکہ دیگر تین ارکان اسمبلی گووالا بالاراجو، ہرش وردھن ریڈی اور ریگا کانتھا راؤ شام 4.10بجے فارم ہاؤز پہنچے تھے۔ارکان اسمبلی نے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک ملزمین سے بات چیت کی۔

پولیس نے رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی سے کہا تھاکہ میٹنگ ختم ہونےکےبعدکسی طرح ناریل پانی لانے کا اشارہ دیں(جو کہ پولیس کےلیے ایک سگنل تھا)۔ پولیس نے اپنی ریمانڈ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہےکہ پائلٹ روہت ریڈی میٹنگ سے اٹھ کر آئے اور ناریل پانی لانے کے لیے کہہ کر دوبارہ اندر چلا گئے۔جس کے فوری بعد پولیس ہال کے اندر داخل ہوئی۔

ٹی وی 9 کی رپورٹ کے مطابق عدالت میں داخل کردہ ریمانڈ رپورٹ میں پولیس لکھا ہے کہ فی ایم ایل اے 50 روپئے دئیےجانے والی بات وائس ریکارڈر میں محفوظ ہوئی ہے۔رام چندر بھارتی نے اس گفتگو کے دوران کہاکہ یہی کام کرناٹک، دہلی اور دیگر مقامات پر بھی کیا گیا ہےاور وائس ریکارڈرز میں یہ بھی ریکارڈ ہوا ہے۔اور ساتھ ہی تشار کو رام چندر بھارتی کی جانب سے کیا گیا فون کال بھی ریکارڈ ہواہے۔پولیس نے اپنی ریمانڈ رپورٹ میں عدالت کو بتایا ہے کہ رام چندر بھارتی نے سنیل کمار بنسل کو ایک ایس ایم ایس بھیجا تھاجس میں ان سے تلنگانہ سے متعلق ایک اہم معاملہ پر بات کرنے کو کہا گیا۔

مزید یہ کہ پولیس نے اس ایس ایم ایس کے اسکرین شاٹ کو ریمانڈ رپورٹ میں شامل کیاہے۔پولیس نے رام چندر بھارتی اور نندو کی واٹس ایپ گفتگو کے اسکرین شاٹس بھی اس ریمانڈ رپورٹ کے ساتھ منسلک کیے ہیں۔پولیس نے رام چندر بھارتی نے اور نندو کے درمیان ہوئی واٹس ایپ چیٹ کے اسکرین شاٹس بھی اس رپورٹ کے ساتھ منسلک کیے ہیں۔

پولیس نے اپنی ریمانڈ رپورٹ کے ساتھ”سنتوش بی جے پی”نامی نمبر پر واٹس ایپ پیغام بھیجا تھاکہ 25 لوگ شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔ پولیس نے اس واٹس ایپ پیغام کا اسکرین شاٹ بھی اپنی ریمانڈ رپورٹ کےساتھ منسلک کیاہے۔ پولیس نے اپنی ریمانڈ رپورٹ میں لکھا ہے کہ نندو کی ضبط شدہ ڈائری میں ٹی آر ایس اور کانگریس کے 50 ارکان اسمبلی کی تفصیلات موجود ہیں۔وہیں پولیس نے دعویٰ کیا کہ اس دن دیگر تین ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی گووالا بالاراجو،ہرش وردھن ریڈی اور ریگا کانتھا راؤ رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کی مدد کے لیے فارم ہاؤز گئے تھے۔

اس واقعہ کے بعد کل 28 اکتوبر کو چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ کی جانب سےجو کہ دہلی میں ہیں پریس کانفرنس کے انعقاد کی اطلاع آئی تھی۔امکان ہے کہ تمام آڈیوز اور ویڈیوز کےساتھ مزید دھماکہ خیز انکشافات ہونے والے ہیں!!سرد موسم کے آغازکےساتھ ہی تلنگانہ میں سیاسی درجہ حرارت میں شدید گرمی پیدا ہوگئی ہے۔

3 نومبر کو منوگوڑو اسمبلی حلقہ کےضمنی انتخابات کے بعد ہی حالات واضح ہونے کا بھی امکان ہے یا پھر اس سے قبل ہی چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ پریس کانفرنس کے ذریعہ مزید دھماکہ خیز انکشافات کرسکتے ہیں۔اس سارے معاملہ میں نتائج اخذ کرنامشکل ہے کہ ارکان اسمبلی کی خریدی والے معاملہ والا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا۔یہ بھی ممکن ہے اس معاملہ میں مرکزی سطح کے کئی چہرے بھی بے نقاب ہوسکتے ہیں۔؟

اسی دوران صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان حلقہ کریم نگر بنڈی سنجے کمار نے کل 28 اکتوبر کو یادادری ضلع کی لکشمی نرسمہا سوامی مندر میں قسم کھائی کہ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کی خریدی کےمعاملہ میں ریاستی بی جے پی یا وہ ملوث نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ قسم کھانےکے لیے انہوں نے چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کو بھی مندر آنے کے لیے کہا تھا تاہم وہ نہیں آئے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے