جمہوریت کی بنیادوں کےتحفظ کے لیے عدلیہ سے ہاتھ جوڑ کر مداخلت کی اپیل، چیف منسٹر تلنگانہ چندراشیکھرراؤ کی پریس کانفرنس میں

ریاستی خبریں قومی خبریں

جمہوریت کی بنیادوں کے تحفظ کے لیے عدلیہ سے ہاتھ جوڑ کر مداخلت کی اپیل
ارکان اسمبلی کی خریدی معاملہ میں مزید حقائق جاری کرنے کا اعلان
چیف منسٹر تلنگانہ چندراشیکھرراؤ کے پریس کانفرنس میں کئی سنسنی خیز انکشافات

حیدرآباد: 03۔نومبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

گزشتہ دنوں ٹی آرایس پارٹی کےچار ارکان اسمبلی کی خریدی کی کوشش کےمعاملہ چیف منسٹرتلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤنےآج رات پریس کانفرنس طلب کی۔جس میں ویڈیوز اور آڈیوز پیش کرتے ہوئےمعزز چیف جسٹس آف انڈیا یویو للت کے علاوہ سپریم کورٹ کے تمام ججوں،ملک کی تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی ہے کہ وہ جمہوریت کاتحفظ کریں اور ملک کو بچائیں ورنہ پورا ملک خطرہ میں پڑجائے گا اور جمہوریت کمزور ہوجائے گی۔انہوں نے کہاکہ جب کبھی ملک میں جمہوریت لڑکھڑائی یا خطرہ میں پڑی اس وقت عدلیہ نے اسے سنبھالا۔

"چیف منسٹر چندراشیکھرراؤ کی معزز چیف جسٹس آف انڈیا،سپریم کورٹ کےمعزز ججس اور ہائی کورٹس کے معزز چیف جسٹس اور ججوں سے کی گئی ہندی میں اپیل ” ( ویڈیو ایک منٹ )

 

انہوں نے کہاکہ اس معاملہ میں ریاستی پولیس کے علاوہ دیگر تحقیقاتی اداروں کی جانب سے مواد جمع کیاگیا ہے جسے آج تلنگانہ ہائی کورٹ میں داخل کردیا گیاہے۔ساتھ ہی چیف منسٹر تلنگانہ نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیوں کا یہی مواد وہ بشمول معزز چیف جسٹس آف انڈیا،سپریم کورٹ کے تمام معزز ججوں کے ساتھ ساتھ تمام ریاستوں کے ہائی کورٹ کے معزز ججوں کو بھی روانہ کیے گئے ہیں۔

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤنے انکشاف کیاکہ جو تین ایجنٹ تلنگانہ میں پکڑے گئے ہیں انہوں نے خود کہاہے کہ ان کا گروپ 24 افراد پرمشتمل ہے۔انہوں نے ہی کرناٹک،مدھیہ پردیش اور دیگر ریاستوں میں سودہ بازی کرتےہوئے حکومتیں گرائی ہیں۔اب تلنگانہ،دہلی، آندھرا پردیش اور راجستھان ان کا نشانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ فارم ہاؤز میں ہونے والی گفتگو میں ان ایجنٹوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا وہ مرتبہ نام لیا ہے جبکہ تین مرتبہ وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیا گیا ہے۔

ملک کے عدالتی نظام سے چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤنے مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ وہ ہاتھ جوڑ کر اپیل کررہے ہیں کہ عدالتیں اس ملک کو بچائیں،باقاعدہ انہوں نےچیف جسٹس کےعلاوہ تمام ججوں سےاپیل کی کہ وہ اس معاملہ میں سخت اقدامات کےذریعہ جمہوریت کاتحفظ کریں۔

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے ملک تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والوں سے بھی اپیل کی کہ اب وقت آگیا ہے کہ بی جے پی کے ان ہتھکنڈوں کے خلاف خاموش نہ رہیں بلکہ آواز اٹھائیں ورنہ ملک کا مستقبل تباہ کن ہوگا۔کیونکہ بی جے پی اور وزیراعظم  پیسہ کی طاقت پر کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہیں اس سے ملک کی جمہوریت کو خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تین ایجنٹوں کی گفتگو اور اعتراف پرمشتمل مکمل ویڈیوز اور آڈیوز ہائی کورٹ کےحوالے کیے گئے ہیں۔ساتھ ہی یہ سارا 75 ہزارصفحات پرمشتمل مواد پورے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا ہاوزس کو روانہ کیاگیاہے اور ساتھ ہی ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو بھی روانہ کیا جائے گا۔اور یہ مواد ملک کی تحقیقاتی ایجنسیوں ای ڈی اور سی بی آئی کوبھی روانہ کیا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ ویڈیو اور آڈیو ریکارڈز دیکھیں گے تو سب کو جھٹکا لگے گا۔انہوں نے کہا کہ پکڑے گئے ایجنٹوں کی فوٹوز کئی بی جے پی قائدین کے ساتھ پائی گئی ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ جن تین ایجنٹوں کے پاس سے لیاپ ٹاپ ڈاٹا دستیاب ہوا ہے وہ 75 ہزار صفحات پرمشتمل ہے،جبکہ سارا مواد کئی کلو کاغذ کا حامل ہے وہ چاہتے ہیں کہ یہ سارا مواد میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعہ عوام تک پہنچے۔چیف منسٹر نے کہا کہ یہ طاقتیں ایک حد تک میڈیا پر بھی لگام کسی ہے۔انہوں نےکہا کہ وزیراعظم اندرا گاندھی کی ایک غلطی کی وجہ سے ان کی حکومت گرگئی تھی جوکہ مثال ہےکہ اقتدار ہمیشہ رہنے والا نہیں۔چیف منسٹر تلنگانہ نے مرکزی وزیر داخلہ کے اس بیان کو شرمناک قرار دیا کہ وہ خود آکر حکومت گرائیں گے۔

چیف منسٹر نے وزیراعظم نریندر مودی کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ دو بار وزیراعظم بن چکے ہیں اور اس خرید و فروخت کو روکیں،ان کی تحقیقات کروائیں اور انہیں گرفتار کروائیں جو عوامی منتخبہ حکومتوں کو گرانے میں مصروف ہیں جوکہ ملک اور آپ کے مفاد میں یہ ٹھیک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی ہزار سال کی نہیں ہوتی سو سال کی ہوتی ہےاس لیے ملک اورعوام کے حق میں کچھ بہتر کرنا ضروری ہوتا ہے۔اور یہ لوگ (ایجنٹس) آپ کا اور آپ کے وزیرداخلہ کا نام لے کر یہ کام کررہے ہیں۔

چیف منسٹر نےملک کے نوجوانوں کے بشمول تمام شعبہ جات کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ اب آواز اٹھائیں۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی ساری دنیا میں اپنی پہچان ہے اور سب سے بڑا ملک ہے اس پر دھبہ مت لگائیں۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہمارے مجاہدین آزادی نے اسی دن کے لیے قربانیاں دی تھیں؟اس لیے وقت آگیا ہے کہ اب اس کے خلاف جدوجہد کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ جو کام ہورہے ہیں وہ ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ہر کوئی اپنی حکومت بچانے میں مصروف ہے۔چیف منسٹر نے کہاکہ پہلے ہی ملک کی حالت بدحال ہے،معیشت برباد ہورہی ہے،مہنگائی،بیروزگاری اور فرقہ پرستی اونچی سطح پر ہیں۔

چیف منسٹر تلنگانہ نے عدلیہ سے بارہا ہاتھ جوڑکر اپیل کی کہ جب کبھی ملک میں ایسے حالات پیدا ہوئے عدلیہ نے بچایا تھا۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ عدالتوں نے تاریخی فیصلے صادر کیے ہیں جس پر فخرہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ مخالف جمہوریت اقدامات کو روکنے کے لیے عدلیہ دوبارہ اپنا رول ادا کرے۔چیف منسٹر نے واضح طور پر کہاکہ ملک کے لیے وہ جان کی قربانی بھی دینے تیار ہیں جمہوریت کو بچانے کے لیے وہ ہر قربانی دیں گے۔

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے انکشاف کیا کہ آندھراپردیش حکومت کو بھی گرانے کا منصوبہ تھا۔انہوں نے کہا کہ رام چندرا بھارتی ٹی آر ایس کےرکن اسمبلی حلقہ تانڈور،ضلع وقارآباد سےملاقات کی۔جونہی ان کےمنصوبہ کاپتہ چلا فوری وزیر داخلہ سے شکایت کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ چھان چھان کرہائی کورٹ میں تین گھنٹے طویل اس پیشکش اور اعتراف پرمشتمل ویڈیو داخل کیا گیاہے۔

اس پریس کانفرنس میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہا کہ بات چیت کے دوران جس تشار کا نام آیا ہےوہ کیرالا کا ساکن ہے جو فارم ہاؤز معاملہ کا اہم کردار بھی ہے۔تشار نے راہل گاندھی کے خلاف انتخابات میں مقابلہ کیا تھا۔

چیف منسٹر نے دستاویزات پیش کرتےہوئے انکشاف کیاکہ ان تمام ایجنٹوں کے آدھار کارڈز،ڈرائیونگ لائسنس اور پان کارڈ میں جعلسازی کی گئی ہے۔اور ایک ایک کے پاس تین تین مختلف ناموں سے آدھار،ڈرائیونگ اور پان کارڈ پائے گئے ہیں۔چیف منسٹر نےکہاکہ ان لوگوں نے دعویٰ کیا کہ جب تک ای وی ایم مشین موجود ہیں بی جے پی کو کوئی دھوکہ نہیں ہے۔!چیف منسٹر نے ساتھ ہی کہا کہ دو تین روز میں مزید انکشافات کیے جائیں گے۔انہوں نے میڈیا سے بھی کہا کہ وہ اپنا فریضہ نبھائیں۔

” چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کی پریس کانفرنس کا مکمل ایک گھنٹہ کا ویڈیو یہاں دیکھا جاسکتا ہے "

فارم ہاؤز سے متعلق مکمل تفصیلات اور ویڈیوز ان لنکس پر ” :- 

تلنگانہ میں ٹی آر ایس پارٹی کے چار ارکان اسمبلی کو خریدنے کا پردہ فاش!،گرفتار شدہ تین افراد کا بی جے پی سے تعلق! ٹی آر ایس کا الزام

 

تلنگانہ کے چار ایم ایل ایز کے فارم ہاؤز شکار کا نیا موڑ، پختہ منصوبہ کے ساتھ ہی پولیس کی کارروائی، پولیس کی ریمانڈ رپورٹ میں کئی سنسنی خیز انکشافات

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے