کانگریس کی گیارنٹی اسکیم کی کوئی وارنٹی نہیں، بی آر ایس کی اسکیمات ختم کرنے کی سازش : رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کا الزام

کانگریس کی گیارنٹی اسکیم کی کوئی وارنٹی نہیں، بی آر ایس کی اسکیمات ختم کرنے کی سازش
ریونت ریڈی بتائیں کہ انہوں نے تانڈور کی ٹکٹ کتنے میں فروخت کی؟ الزامات کی مذمت
رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی کی پریس کانفرنس

وقارآباد/تانڈور: 30؍اکتوبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/نمائندہ)

وقارآباد ضلع کے تانڈور ٹاؤن میں دو دن قبل منعقدہ کانگریس پارٹی کی وجئےبھیری بس یاترا کے دوسرے مرحلہ کا آغاز اور اس دؤران اندرا چوک پر روڈ شو کے دوران صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی(ٹی پی سی سی ) ریونت ریڈی کی جانب سے ان کے خلاف عائد کیے گئے مختلف الزامات کی رکن اسمبلی و بی آر ایس پارٹی امیدوار حلقہ اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر تلنگانہ کانگریس ریونت ریڈی کی سیاست رقمی اور بولی لگائے جانے پر منحصر ہے۔

پائلٹ روہت ریڈی نے وقارآبادضلع کے تانڈور میں موجود اپنی رہائش گاہ پرایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تانڈور میں منعقدہ کانگریس کے روڈ شو سے اپنے خطاب میں صدر تلنگانہ کانگریس ریونت ریڈی کی جانب سے ان پر اراضیات پر قبضہ اور 100  کروڑ روپئے میں فروخت ہونے کے ریمارکس کیے ہیں جو کہ قابل مذمت،غلط اور بے بنیاد ہیں۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے چیلنج کیا کہ ان کی جانب سے کیےگئے تانڈور کی ترقی کے اقدامات پر وہ کسی بھی چوراہا، مندر یا مسجد میں کھلے مباحثہ کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے ریمارک کیا کہ ماضی میں نوٹ کے بدلے ووٹ کے معاملہ میں پکڑے جانے والے ریونت ریڈی کی جانب سے ان پر بے بنیاد الزامات مضحکہ خیز ہیں۔

پائلٹ روہت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی نے ان انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ فروخت کیے ہیں اور مطالبہ کیاکہ ریونت ریڈی بتائیں کہ انہوں نے حلقہ اسمبلی تانڈور سے مقابلہ کرنے والے کانگریس کے امیدوار کو بھی ناپ تول اور کمی بیشی کے بعد پارٹی ٹکٹ کتنے میں فروخت کیاہے۔؟ کیونکہ خود کانگریس پارٹی کے قائدین الزامات عائد کر رہے ہیں کہ ریونت ریڈی نے پارٹی ٹکٹ فروخت کیے ہیں۔!!

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے استفسار کیا کہ 2018ء کے اسمبلی انتخابات میں ریونت ریڈی نے اپنے پرچہ نامزدگی کے ساتھ داخل کردہ حلف نامہ میں اپنی جائداد ایک کروڑ 74 لاکھ روپئے مالیتی بتائی تھی۔وہیں 2019ء میں منعقدہ پارلیمانی انتخابات کے حلف نامہ کے مطابق یہ جائداد 3 کروڑ 65 لاکھ روپئے کی کیسے ہوگئی؟ وہ اس کا جواب دیں۔انہوں نے چیلنج کیاکہ ریونت ریڈی حلقہ اسمبلی کوڑنگل سے بی آر ایس پارٹی کے امیدوار پی۔نریندر ریڈی کے خلاف کامیابی حاصل کرکے دکھائیں۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ کانگریس کی جانب سے اعلان کردہ 6 گیارنٹی اسکیمات محض بوگس اور عوام کو دھوکہ دینے کے سواء کچھ بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی گیارنٹی کو کرناٹک میں نافذ کرنے میں کانگریس ناکام ہوگئی ہے۔جہاں عوامی مخالفت کا آغاز ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں کامیابی کے نام پر تلنگانہ میں بھی کامیابی کا کانگریس خواب دیکھ رہی ہے۔

رکن اسمبلی تانڈور نے الزام عائد کیا کہ کانگریس دوبارہ تلنگانہ کو اندھیرے میں غرق کرنے اور جاریہ تمام اسکیمات کوختم کرنے کی سازش میں مصروف ہے۔انہوں نےعوام سے اپیل کی کہ کانگریس کی گیارنٹی کی کوئی وارنٹی(ضمانت) نہیں ہے اورعوام کانگریس کے جھانسے میں نہ آئیں۔

رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی نے بی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہونے والے سرپنچوں سے کہا کہ وہ اگر پارٹی میں واپس لوٹنا چاہتے ہیں تو ان کا خیر مقدم کیا جائے گا۔اس پریس کانفرنس میں صدر ضلع لائبرریز راجو گوڑ،پارٹی قائدین کرنم پرشوم راؤ، صدر ٹاؤن بی آر ایس ایم اے نعیم افو، سری شیل ریڈی، سرینواس چاری اور دیگر موجود تھے۔

" یہ بھی پڑھیں ” 

کرناٹک میں گیارنٹی اسکیمات پر عمل آوری جاری، اقتدار میں آنے کے بعد کے سی آر کی بدعنوانیوں کو عوام کے سامنے لایا جائے گا: ڈی کے شیوا کمار اور ریونت ریڈی کا تانڈور میں خطاب

بڑے ادیبوں کی پہچان یہی ہے کہ وہ آخری سانس تک مطالعہ کرنا نہیں چھوڑتے، شعبہ اردو، یونیورسٹی آف حیدرآباد میں مصنف سے ایک ملاقات پروگرام، پروفیسر شہزاد انجم کا اظہار خیال